اتوار, جون 29, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 5755

ایران میں پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملہ، 11 سیکیورٹی اہلکار ہلاک

0

تہران: ایران میں پولیس اسٹیشن پر حملے میں 11 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے۔

ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق جنوب مشرقی سرحدی صوبے سیستان-بلوچستان میں ایک پولیس اسٹیشن پر حملے میں کم از کم 11 ایرانی سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔

صوبے کے ڈپٹی گورنر علی رضا مرہماتی نے بتایا کہ دارالحکومت تہران سے تقریباً 1400 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع قصبے راسک میں صبح 2 بجے حملہ ہوا، جس میں سینیئر پولیس افسران اور فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں متعدد حملہ آور بھی مارے گئے ہیں۔ الجزیرہ کے مطابق یہ حملہ افغانستان اور پاکستان کے ساتھ ایران کی سرحد کے قریب واقع خطے میں گزشتہ برسوں کے دوران ہونے والے مہلک ترین حملوں میں سے ایک تھا۔

ریاستی میڈیا نے بتایا کہ جیش العدل (آرمی آف جسٹس) نامی مسلح گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے، جس کی تشکیل 2012 میں ہوئی تھی اور اسے ایران نے ’دہشت گرد‘ گروپ کے طور پر بلیک لسٹ کر رکھا ہے۔ مذکورہ علاقے میں سیکیورٹی فورسز کو باقاعدگی سے نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

ملک میں سردی کے ڈیرے، بالائی علاقوں میں برفباری، جھیل سیف الملوک منجمد ہو گئی

0

ملک بھر میں سردی نے ڈیرے ڈال لیے ہیں کراچی تا خیبر سرد ہواؤں کا راج ہے جب کہ برفباری سے بالائی علاقوں نے برف کی چادر اوڑھ لی ہے۔

اے آر وائی نیوز  کے مطابق ملک بھر میں سردی نے ڈیرے ڈال لیے ہیں کراچی تا خیبر سرد ہواؤں کا راج ہے۔ بلوچستان سے آزاد کشمیر تک پہاڑی علاقوں میں برفباری شروع ہو گئی ہے اور سیاحوں نے برفباری کے نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لیے تفریحی مقامات کا رخ کر لیا ہے۔

مری میں برفباری ہوئی ہے اور آسمان سے گرتے سفید گالوں نے ملکہ کوہسار کا حسن نکھار دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی دیر اور سوات کے پہاڑ بھی برف باری سے سحر انگیز ہو گئے۔ سیاحوں نے مری کا رُخ کر لیا ہے جس سے ہوٹل مالکان میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

برف باری سے دیر کی پہاڑیوں نے بھی سفید چادر اوڑھ لی ہے، لواری ٹنل کے اطراف بھی برفباری سے ٹھنڈ بڑھ گئی۔

ناران کاغان کے پہاڑوں  پر بھی برفباری ہوئی ہے اور جھیل سیف اللہ  بھی برف سے ڈھک گئی۔ باٹہ کنڈی، جلکھڈ اور لولوسرجھیل پرچار سے 6 انچ تک برفباری ریکارڈ  کی گئی، برفباری کے باعث بابو سر ٹاپ جانے والی شاہراہ بند ہو گئی تاہم بابو سر ٹاپ اور گئی داس میں پھنسےسیاحوں کو ریسکیو کر لیا گیا۔

دوسری جانب جنوبی مغربی بلوچستان میں بھی برف باری شروع ہو گئی ہے۔ توبہ اچکزئی، کان مہتر زئی، زیارت میں برف باری جب کہ چمن شہرمیں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ چمن میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے اور پانی کے پائپوں میں پانی جم گیا ہے جس کے باعث مقامی افراد کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

دھند کا راج، موٹر ویز بند، مسافر پھنس گئے

شمالی وزیرستان میں بھی طویل خشک سالی کے بعد برفباری کا امکان ہے۔ شوال، رزمک اور دیگر پہاڑی علاقوں پر گہرے بادل چھا گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے شمالی وزیرستان میں آج رات سے بارش کے ساتھ برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔

دھند کا راج، موٹر ویز بند، مسافر پھنس گئے

0
موٹر وے

ملک کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج ہے اور موٹر ویز کے کئی سیکشنز بند کر دیے ہیں جس کے باعث مسافر پھنس کر رہ گئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج ہے اور کئی مقامات پر حد نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے، جس کے باعث موٹر ویز کے کئی سیکشنز بند کر دیے گئے ہیں اور مسافر پھنس کر رہ گئے ہیں جنہیں سردی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک، ایم تھری فیض پور سے رجانہ تک، ایم فور عبدالحکیم سے پنڈی بھٹیاں تک اور ایم فائیو شیر شاہ سے گدو تک بند کر دی گئی ہے۔

لاہور سیالکوٹ موٹر وے بھی ٹریفک معطل اور ترجمان موٹر ویز کا کہنا ہے کہ موسم سرد ہونے کے باعث شاہراہوں پر دھند کا دورانیہ بڑھ گیا ہے اس لیے شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

لاہور، سیالکوٹ، خانپور، چھانگامانگا، پتوکی، جمبر، کوٹ رادھا کشن، چونیاں، چنیوٹ سمیت کئی شہروں میں شدید دھند اور حد نگاہ انتہائی کم ہوگئی ہے۔ نور پور تھل، پیلو وینس، جمالی بلوچاں اور گرد ونواح میں دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہو گئی ہے اور لوگوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

لیبیا میں تارکین وطن کی کشتی الٹ گئی، 61 افراد ڈوب گئے

0

تریپولی: لیبیا میں تارکین وطن کی کشتی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 61 افراد ڈوب گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (IOM) نے کہا ہے کہ لیبیا کے قریب ایک بحری جہاز کے افسوس ناک حادثے کے بعد کم از کم 61 پناہ گزین اور تارکین وطن ڈوب گئے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ کشتی میں خواتین اور بچوں سمیت 86 افراد سوار تھے، جن میں سے 25 کو بچا لیا گیا ہے، کشتی میں سوار زیادہ تر افراد کا تعلق افریقی ممالک سے تھا۔

ڈوبنے والی کشتی لیبیا کے شمال مغربی ساحل زوارا سے یورپ کے لیے روانہ ہوئی تھی، لیکن بدقسمتی سے طوفانی موجوں کی نذر ہو گئی، اکسٹھ افراد تاحال لا پتا ہیں، جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ مر چکے ہیں۔

تنظیم کے لیبیا کے دفتر نے اتوار کی صبح زندہ بچ جانے والوں کے حوالے سے بتایا کہ کشتی کے متاثرین کا تعلق نائیجیریا، گمبیا اور دیگر افریقی ممالک سے تھا۔ تنظیم کے مطابق بچ جانے والوں کو طبی امداد فراہم کی گئی اور ان کی حالت اطمینان بخش ہے۔ واضح رہے کہ لیبیا اور تیونس ان تارکین وطن کے لیے روانگی کے اہم مقامات ہیں جو اٹلی کے راستے یورپ پہنچنے کی امید میں خطرناک سمندری سفر کا خطرہ مول لیتے ہیں۔

لاہور کار پر فائرنگ،2خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق

0

لاہور : باغبانپورہ کے علاقے سلامت پورہ میں مہندی کی رسم سے واپس آنے والی کار پر فائرنگ سے 2 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

کار سوار دو خواتین اور مردوں پر مسلح ملزم نے اندھا دھند فائرنگ کی، عینی شاہدین کے مطابق ایک خاتون کو ملزم نے گاڑی سے باہر نکال کر دوبارہ فائرنگ کی اور ٹھوکریں بھی ماریں، زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی، ملزم واردات کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو گاڑی پر فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے فوٹیج کی مدد سےملزم کا سراغ لگالیا گیا ہے۔

ملزم سلمان نے اپنی سابقہ بیوی، اس کے والد، بہن اور بھائی کو قتل کیا، کار پر فائرنگ سے ایک خاتون اور ایک بچہ زخمی بھی ہوئے، مقتولین اور زخمی فیصل آباد کی نجی سوسائٹی کے رہائشی ہیں۔

مقتول محبوب اپنے بھتیجے کی شادی میں شرکت کیلئے آیا تھا، مقتولہ کرن کی2سال پہلے ملزم سلمان سے طلاق ہوئی تھی، ملزم نےطلاق کی رنجش پر اپنی سابقہ بیوی اوراس کےخاندان کو قتل کیا۔

عینی شاہد کا کہنا ہے کہ ملزم نے خاتون کو گاڑی سےنکال کر دوبارہ فائرنگ کی اور ٹھوکریں ماریں،
دو زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق زخمیوں میں 55سالہ تاج بی بی اور 5سالہ بچی مناہل شامل ہیں، ملزم فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگیا، تلاش جاری ہے۔

سعودی عرب میں سونے کی قیمت میں کمی

0
سونے کی قیمت

جدہ : سعودی گولڈ مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی گولڈ مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کے نرخوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

24 قیراط ایک گرام کی قیمت 245.51 ریال تقریبا 65.47 ڈالر رہی جبکہ 22 قیراط کا فی گرام سونا 225.05 ریال میں فروخت کیا گیا اور 21 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 214.82 ریال رہی۔

گولڈ مارکیٹ میں سب سے کم فروخت ہونے والا 18 قیراط کے فی گرام سونے کے نرخ 184.13 ریال رہے جبکہ 14 قیراط والے ایک گرام سونے کی قیمت 38.19 ڈالر یعنی 143.21 ریال رہی۔

تازہ مچھلی کی کیا پہچان ہے؟ خریدنے سے پہلے لازمی جان لیں

0
تازہ مچھلی

مچھلی کھانا انسانی صحت کیلئے لازم و ملزوم ہے یہ وہ غذا ہے جو بہت مزیدار ہونے ساتھ ساتھ صحت کے لیے  متعدد فوائد کی حامل ہے تاہم تازہ مچھلی خریدنا بھی کسی کارنامے سے کم نہیں۔

جب ہم مچھلی خریدنے بازار جاتے ہیں تو دکاندار پر پورا بھروسہ کرکے رقم کی ادائیگی بھی کردیتے ہیں، یہ جانے بغیر کہ اس نے تازہ مچھلی دی ہے یا بے وقوف بن کر آگئے۔

اصل بات یہ ہے کہ کیسے علم ہوگا کہ وہ مچھلی کھانے کے لیے بہترین اور تازہ ہے؟ اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں کنزیومر سالیڈیرٹی سسٹم کے صدر محسن بھٹی نے ناظرین کو مچھلی خریدنے کے گُر سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی آپ مچھلی خریدنے جائیں تو اس کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھنا ہے اگر مچھلی کی آنکھوں میں چمک نظر آئے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ تازی ہے کیونکہ جیسے جیسے مچھلی پرانی ہوتی جائے گی اس کی آنکھوں کی چمک ماند پڑتی رہے گی۔

اس کا دوسرا طریقہ یہ ہے کہ مچھلی کو ہاتھ میں اٹھا کر اس کا درمیانہ حصہ ایک ہاتھ کے انگوٹھے سے زور سے دبائیں، اگر اس کا گوشت اپنی جگہ واپس آجائے تو ٹھیک ورنہ سمجھ جائیں کہ وہ مچھلی خراب ہوچکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مچھلی کے گلپھڑے گہرے لال رنگ کے ہونے چاہیئں، اگر گلپھڑوں کا رنگ خون کی طرح سرخ کے بجائے میرون یا کالا ہونے لگے تو جان لیں کہ یہ مچھلی کھانے کے لائق نہیں۔

کراچی، لانڈھی میں کار کی ٹکر سے 8 ماہ کا بچہ جاں بحق

0
کراچی بچہ جاں بحق

کراچی کے علاقے لانڈھی میں کار کی ٹکر سے گھر کے باہر کھیلتا 8 ماہ کا بچہ جاں بحق ہوگیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی نمبر ایک میں نانی کے ساتھ گلی میں کھیلتا 8 ماہ کا بچہ ولی محمد کار کی ٹکر سے جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ڈرائیور بچے کو اسپتال منتقل کرنے کے بعد فرار ہوگیا۔

بچے کے والد پولیس کو بتایا کہ کار سوار شہری نے اپنا نام اویس بتایا، ڈرائیور نے حادثے کے بعد بچے کو اسپتال منتقل کیا اور پھر فرار ہوگیا۔

پولیس کا بتانا ہے کہ لانڈھی ایک نمبر کا رہائشی بچہ گھر کے باہر نانی کی گود میں تھا، بچہ کھیلتا ہوا گود سے اترا اور چلنے کی کوشش کرتے ہوئے گلی میں آگیا۔

تفتیشی حکام کے مطابق گلی سے گزرنے والی کار نے 8 ماہ کے ولی محمد کو کچل دیا۔

بچوں کی ٹافیاں مزید مہنگی کرنے کا فیصلہ

0
ٹافیاں

حکومت نے ٹافی، کینڈی اور کنفیکشنری آئٹمز کی درآمد پر کسٹم ویلیو میں اضافہ کردیا ہے، مذکورہ اضافہ عالمی مارکیٹ میں ان اشیاء کی قیمتوں میں اضافے پیش نظر کیا گیا ہے۔

مقامی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیو ایشن کراچی نے تھائی لینڈ، تائیوان، انڈونیشیا، ویت نام، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، عمان، ترکی، یورپ اور امریکا سے درآمد ہونے والی اشیاء پر ٹیکس بڑھایا ہے۔

اس حوالے سے ایک اجلاس طلب کیا گیا جس میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز بھی شریک تھے، عالمی مارکیٹ میں ان اشیاء کی قیمتوں میں اضافے پیش نظر ٹیکس میں اضافہ کیا گیا ہے۔

toffees

اجلاس میں اسٹیک ہولڈرز نے عالمی منڈی کے رجحان کے مطابق کسٹمز کی قیمتوں کا ازسرنو تعین کرنے کی درخواست کی، 90 دن کے کلیئرنس ڈیٹا کو حاصل کرکے اس کی جانچ پڑتال کی گئی ہے اور کینڈیز، ٹافیاں اور کنفیکشنری اشیاء کے درآمدی ڈیٹا کا اسی مدت کے لیے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ڈیٹا سے موازنہ کیا گیا۔

تجزیہ کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ2021-22 سے 2022-23 تک پاکستان میں درآمد کی جانے والی کینڈیز، ٹافیوں اور کنفیکشنری اشیاء کی کل درآمدی قیمت 3.84 ملین امریکی ڈالر سے کم ہو کر2.02 ملین امریکی ڈالر یعنی 90 فیصد کم ہوگئی ہے۔

اس کے علاوہ افغانستان کے لیے کُل درآمدات اسی مدت کے دوران ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت مالیت 1.96ملین امریکی ڈالر سے بڑھ کر 5.09 ملین امریکی ڈالر ہوئی یعنی 160 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

درفشاں سلیم سوشل میڈیا پر چھا گئیں

0

شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ درفشاں سلیم کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر درفشاں سلیم نے نئی تصاویر شیئر کیں جس میں انہیں سیاہ اور سبز لباس میں خوشگوار موڈ میں دیکھا جاسکتا ہے۔

ایک تصویر میں درفشاں دوست کے ساتھ موجود ہیں اور اپنا چہرہ چھپا رکھا ہے۔

درفشاں سلیم نے چند گھنٹوں قبل یہ تصاویر شیئر کیں جسے ہزاروں کی تعداد میں مداح دیکھ چکے ہیں اور اس پر تعریفی کمنٹس بھی کررہے ہیں۔

اداکارہ سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتی ہیں اور اکثر اپنی تصاویر، ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں جسے ان کے مداح بھی پسند کرتے ہیں۔

انہوں نے اس سے قبل بھی تصاویر شیئر کی تھیں جو وائرل ہوگئی تھیں۔

واضح رہے کہ درفشاں سلیم اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ڈراموں ’کیسی تیری خود غرضی‘۔ ’پردیس‘ اور بھڑاس میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’جیسے آپ کی مرضی‘ میں درفشاں سلیم ’علیزے‘ کا کردار نبھا رہی ہیں جس میں ان کے ساتھ لیڈ رول میں میکال ذوالفقار موجود ہیں۔

جیسے آپ کی مرضی کی ہدایت کاری کے فرائض صبا حمید نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی نائلہ جعفری نے لکھی ہے۔