جمعہ, جون 6, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 6557

معصومیت کا استحصال (غیر ملکی ادب سے انتخاب)

0

چند دن پہلے کی بات ہے، میں نے اپنے بچّوں کی آیا (یولیا واسیلیونا) کو اپنے دفتر میں مدعو کیا تاکہ اس کی تنخواہ کی ادائیگی کی جا سکے۔

میں نے یولیا واسیلیونا کو بیٹھنے کا اشارہ کرتے ہوئے کہا: بیٹھو، تمھیں تنخواہ دینے سے پہلے تمھارے سامنے کچھ حساب رکھنا چاہتا ہوں… تمھیں شاید پیسوں کی ضرورت ہے، لیکن دو ماہ کی میرے ذمہ واجب الادا تنخواہ تم خود مانگتے ہوئے شرماتی کیوں ہو، سنو تمھیں یاد ہے نا کہ تمھیں ملازمت دینے سے پہلے ہم نے اتفاق کیا تھا کہ میں تمھیں ماہانہ تیس روبل ادا کروں گا۔

یولیا واسیلیونا نے منمناتے ہوئے کہا چالیس روبل…

نہیں، تیس… یہ دیکھو میرے پاس معاہدے کی تمام دستاویزات موجود ہیں جن پر تم نے انگوٹھا ثبت کر رکھا ہے۔ چالیس کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا، کیونکہ میں نے خادموں کو ہمیشہ بطور ماہانہ اجرت تیس روبل ہی دیے ہیں… ٹھیک ہے، تم نے ہمارے لیے دو مہینے کام کیا ہے… یولیا واسیلیونا نے کمزور سے لہجے میں کہا دو مہینے پانچ دن۔

نہیں ٹھیک دو مہینے، یہ دیکھو تمھارا حاضری کارڈ۔ میرے پاس ہر چیز ریکارڈ میں موجود ہے، اس طرح طے شدہ تنخواہ کے حساب سے تو تم ساٹھ روبل کی مستحق ہو۔

ہم اس میں سے نو اتوار کی چھٹیاں کاٹ لیتے ہیں، کیونکہ اتوار کو کولیا میری بیٹی کی چھٹی ہوتی تھی تو تم اس دن اسے لکھانے پڑھانے کی بجائے صرف اس کے ساتھ صبح اور شام کی سیر کے لیے جاتی تھی۔ پھر تم نے ذاتی کام کاج کے لیے تین دن کی چھٹیاں کی تھیں۔

یولیا واسیلیونا کا چہرہ بے بسی کے مارے زرد ہوچکا تھا، اور وہ اپنی انگلیوں سے قمیص کے کناروں کو لپیٹ رہی تھی، لیکن اس نے ایک لفظ بھی نہیں کہا۔

نو اتوار کی چھٹیاں اور تمھاری اپنی تین چھٹیاں کاٹ لیں، تو بارہ ایام کے کل بارہ روبل بنتے ہیں… کولیا چار دن سے بیمار تھی اور اس دوران اسے کوئی سبق نہیں پڑھایا گیا… تم نے صرف وریا کو پڑھایا تھا… اور تین دن تمہارے دانتوں میں درد تھا، اس لیے میری بیوی نے تمہیں اجازت دی کہ دوپہر کے کھانے کے بعد پڑھانے کی بجائے آرام کرو۔

تو بارہ جمع سات… انیس… کو منہا کیا، بقیہ… اکتالیس ۔۔۔ روبل.. ٹھیک ہے؟ یولیا واسیلیوینا کی بائیں آنکھ سرخ ہو گئی اور آنسوؤں سے بھر گئی، اور اس کے چہرے کے عضلات سکڑ گئے۔ وہ اچانک زور سے کھانسی اور الٹے ہاتھ کی پشت سے ناک کو پونچھا، لیکن… اس نے منہ سے ایک لفظ تک نہیں نکالا۔

نئے سال کی شام سے پہلے، تم نے ایک کپ اور ایک پلیٹ توڑ دی۔ اس کے لیے زیادہ نہیں میں صرف دو روبل کاٹ رہا ہوں حالانکہ کپ اس سے کہیں زیادہ مہنگا تھا، یہ وراثت میں ملا تھا، لیکن خیر خدا تمھیں معاف کرے! ہمیں ہر چیز کا معاوضہ تو دینا پڑتا ہے… ہاں، اور تمھاری لاپروائی کی وجہ سے، کولیا درخت پر چڑھ گئی اور اس کی جیکٹ پھٹ گئی۔
قیمتی جیکٹ کے بدلے دس روبل کاٹ رہا ہوں… تمھاری غفلت کی وجہ سے نوکرانی نے وریا کا ایک جوتا چرا لیا، حالانکہ بچوں کے سامان کی حفاظت کرنا تمھارا فرض ہے جس سے تم نے کوتاہی برتی، اور تم اپنا فرض نبھانے کی ہی تنخواہ لیتی ہو۔

اور اس طرح میں نے جوتوں کے بھی پانچ روبل کاٹ لیے۔ 10 جنوری کو تم نے مجھ سے دس روبل ادھار لیے۔ یولیا واسیلیونا نے سرگوشی کے انداز میں کمزور سا احتجاج کیا: نہیں میں نے نہیں لیے!- لیکن یہ دیکھو اس تاریخ کو میرے حساب میں لکھا ہوا ہے، تم جانتی ہو حساب کتاب میں، مَیں کتنا اصول پسند ہوں۔

اچھا ٹھیک ہے، لیے ہوں گے ،اب؟

اکتالیس میں سے، ستائیس کاٹے تو… باقی چودہ بچ گئے ہیں۔ اس کی آنکھیں آنسوؤں سے بھری ہوئی تھیں اور اس کی لمبی، خوبصورت ناک پر پسینے کے قطروں سے موتیوں کی مالا بن گئی تھی۔

میں غریب لڑکی ہوں! اس نے کانپتی ہوئی آواز میں کہا: میں نے فقط ایک بار ادھار لیا… وہ بھی میں نے آپ کی بیوی سے تین روبل لیے… اس کے علاوہ میں نے اور کچھ نہیں لیا۔

کیا واقعی؟ دیکھو، مجھے تو ان تین روبل کا علم ہی نہیں تھا، نہ ہی حساب کتاب کے گوشواروں میں ان کا ذکر ہے۔ چودہ میں سے تین کاٹتے ہیں، اور باقی بچتے ہیں گیارہ روبل… یہ رہی تمھاری تنخواہ!

تین.. تین.. تین.. ایک.. ایک.. آؤ آگے بڑھو، اور انہیں وصول کر کے تصدیقی انگوٹھا ثبت کر دو۔ اور میں نے گیارہ روبل اس کی طرف بڑھائے تو اس نے انہیں لے کر کانپتی انگلیوں سے اپنی جیب میں ڈالا اور سرگوشی کی: شکریہ جناب!

تو میں اٹھ کر کمرے میں ٹہلنے لگا، اور غصے نے مجھے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ میں نے اس سے پوچھا: کس چیز کے لیے تم شکریہ ادا کر رہی ہو؟

یولیا واسیلیونا نے جواب دیا: تنخواہ کی ادائیگی پر…

لیکن میں نے تمھیں لوٹ لیا، تمھارا حق جو بنتا تھا اس سے میں نے اپنی مرضی سے کٹوتی کر لی! اس واضح ناانصافی پر بھی تم میرا شکریہ ادا کر رہی ہو؟

یولیا واسیلیونا گویا ہوئی: دراصل اس سے پہلے جس کے پاس میں ملازمہ تھی، اس نے تو مجھے کچھ بھی نہیں دیا تھا۔

کیا کہا؟ اس نے تمھیں کسی قسم کی کوئی ادائیگی نہیں کی؟ یہ تو عجیب بات نہیں ہے؟

یولیا واسیلیونا سنو! میں نے تمھارے ساتھ مذاق کیا ہے، میں دراصل تمھیں مشکل سبق سکھانا چاہ رہا تھا۔

میں تمھیں تمھاری مکمل تنخواہ ادا کروں گا، پورے اسّی روبل! وہ دیکھو تمھارے لیے، تنخواہ کی رقم لفافے میں موجود ہے! لیکن کیا تم اتنی ناانصافی کے بعد بھی اپنا حق مانگنے سے قاصر ہو؟ احتجاج کیوں نہیں کرتی؟ ظلم پر خاموشی کیوں؟ کیا اس دنیا میں یہ ممکن ہے کہ کوئی اپنے اوپر ہونے والے ظلم سے لاتعلق رہے، اور جوابی وار نہ کرے؟ کیا اس حد تک سادہ لوح ہونا ممکن ہے؟

وہ بے بسی سے مسکرائی اور اس کے چہرے پر واضح لکھا تھا: شاید!

میں نے اسے سخت سبق سکھانے کے لیے اس سے معذرت کی اور پورے اسّی روبل اس کے حوالے کر دیے۔ اس نے بے یقینی اور حیرت کے ساتھ شرماتے ہوئے میرا شکریہ ادا کیا اور چلی گئی۔

اس کو جاتے ہوئے دیکھ کر میں نے سوچا: واقعی، اس دنیا میں کمزوروں کو کچلنا کتنا آسان ہے!

(مصنّف: انتون چیخوف، عربی سے اردو ترجمہ: توقیر بُھملہ)

ڈالر آج پھر سستا، روپے کی قدر میں استحکام

0
امریکی ڈالر

کراچی : ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کیخلاف جاری حکومتی اقدامات کے بعد ڈالر کی قیمت میں تیزی سے گراوٹ دیکھنے میں آرہی ہے۔

حالیہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں گزشتہ کچھ روز سے پاکستانی روپے کی قدر مستحکم ہورہی ہے جس کا سلسلہ آج بھی قائم رہا۔

انٹربینک میں آج ڈالر ایک روپے 11 پیسے سستا ہو کر 296.85 روپے پر بند ہوا جبکہ انٹربینک میں گزشتہ روز ڈالر 297.96 روپے پر بند ہوا تھا۔

رپورٹ کے مطابق انٹربینک میں رواں ہفتے ڈالر 6 روپے ایک پیسہ سستا ہوا ہے۔

دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کا بھاؤ کم ہوگیا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپیہ سستا ہو کر 297 روپے کا ہوگیا۔

یورو بھی 1 روپے کمی 324 روپے کا ہوگیا جبکہ برطانوی پاؤنڈ 379 پر مستحکم رہا اور اماراتی درہم 20 پیسے اضافے سے 83 روپے کا ہوگیا جبکہ سعودی ریال بھی 20 اضافے سے 79 روپے 70 پیسے کا ہوگیا ہے۔

شاہ رخ خان کا وینٹی لیٹر پر موجود مداح ’جوان‘ دیکھنے سینما پہنچ گیا

0
شاہ رخ خان کا وینٹی لیٹر پر موجود مداح ’جوان‘ دیکھنے سینما پہنچ گیا

ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار شاہ رخ خان کا دیوانا مداح وینٹی لیٹر پر ہونے کے باوجود فلم ’جوان‘ دیکھنے سینما گھر پہنچ گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو نے سب کی توجہ حاصل کی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نوجوان اسپتال سے وینٹی لیٹر مشین ساتھ لے کر سینما گھر پہنچا اور ’جوان‘ دیکھی۔

نوجوان کی شناخت انیس فاروقی کے نام سے ہوئی جو جسمانی طور پر معذور ہے۔ سوشل میڈیا پر اس منظر کو دیکھ کر صارفین حیران رہ گئے۔

سُپر اسٹار شاہ رخ خان اور ان کے مداحوں کے درمیان محبت کی کوئی حد نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ’جوان‘ ریلیز سے قبل ہی کروڑوں کا بزنس کر چکی تھی جبکہ لاکھوں ٹکٹس ایڈوانس میں بُک کی گئی تھیں۔

’جوان‘ کو بالی وڈ کی تاریخ میں کم وقت میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم کا اعزاز حاصل ہے۔

قدسیہ علی کی جوان کے گانے ’چلیا‘ پر پرفارم کرنے کی ویڈیو وائرل

0
قدسیہ علی

شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ قدسیہ علی کی ’جوان‘ کے گانے ’چلیا‘ پر پرفارم کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ قدسیہ علی نے شاہ رخ خان کی فلم جوان کے مشہور گانے ’چلیا‘ پر ڈانس کرنے کی ویڈیو شیئر کی۔

قدسیہ علی نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں ’چلیا‘ لکھا۔ ویڈیو میں اداکارہ کو گانے ’چلیا‘ پر رقص کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان کی فلم جوان کے گانے ’چلیا‘ میں اریجیت سنگھ، شلپا راؤ اور انیرود روی چندر نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

قدسیہ علی نے گزشتہ دنوں یہ ویڈیو شیئر کی جسے ہزاروں کی تعداد میں مداح دیکھ چکے ہیں اور اس پر تعریفی کمنٹس بھی کررہے ہیں۔

تاہم کچھ مداح ایسے بھی تھے جنہوں نے قدسیہ علی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ قدسیہ علی نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’کچھ ان کہی‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے جس کی دیگر کاسٹ میں سجل علی، بلال عباس ودیگر شامل تھے۔

اداکارہ ڈرامہ سیریل بیٹیاں، اولاد اور فلم کھیل کھیل میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

جناح ہاؤس حملہ کیس، اہم خاتون سیاسی رہنما کی ضمانت منظور

0
جناح ہاؤس حملہ کیس: پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں پر فرد جرم عائد

جناح ہاؤس حملہ کیس میں مرکزی مقدمے میں پہلی اہم خاتون سیاسی رہنما کی ضمانت منظور کر لی گئی۔

سابق ایم این اے روبینہ جمیل کی ضمانت بعداز گرفتاری منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج اعجاز بٹر نے تحریری فیصلہ جاری کیا ہے۔

تحریری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ ریکارڈ کے مطابق میڈیکل گراؤنڈ پر روبینہ جمیل کی ضمانت منظور کی جاتی ہے پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزمہ خالی ہاتھ تھی ،صرف سیاسی نعرہ بازی کر رہی تھی۔

ملزمہ روبینہ جمیل کی 1 لاکھ مچلکے کے عوض ضمانت منظور کی گئی ہے۔ ضمانت منظور ہونے کے باوجود روبینہ جمیل کی رہائی ممکن نہیں ہوئی۔

جناح ہاؤس حملہ ایف آئی آر میں پولیس مزید دفعات کا اضافہ کر چکی ہے۔ مرکزی ایف آئی آر میں اضافی دفعات میں ملزمہ کو نئی ضمانت کرانا ہوگی۔ ملزمہ روبینہ جمیل کیخلاف مزید دو مقدمات بھی درج ہیں۔

امیشا پٹیل کے اس بیگ کی قیمت آپ کو حیران کردے گی

0
امیشا پٹیل

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ امیشا پٹیل نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے پاس مہنگا ترین بیگ ہے جس سے ایک گھر بھی خریدا جاسکتا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ امیشا پٹیل کی فلم غدر ٹو کی کامیابی پر خوب تعریفیں سمیٹ رہی ہیں اور انہیں پرتعیش طرز زندگی گزارنے کے حوالے سے بھی جانا جاتا ہے۔

اداکارہ نے حال ہی میں اپنے استعمال میں مہنگے اور معروف برانڈز کے بیگز رکھنے کے شوق سے متعلق انکشاف کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ وہ تقریباً 12 سال کی عمر سے یہ بیگز اکٹھے کر رہی ہیں۔

امیشا پٹیل نے بتایا کہ ان کے پاس سب سے مہنگے ترین بیگ کی قیمت 70 لاکھ روپے ہے جو کہ ہر لحاظ سے بہترین ہے۔

اداکارہ نے اعتراف کیا کہ اِن کی کلیکشن میں سب سے مہنگا بیگ اس کا ’ہرمیس برکن‘ ہے جس کی قیمت سے گھر بھی خریدا جا سکتا ہے۔

امیشا پٹیل نے ’رولز رائس‘ برانڈ کے اپنے بیگ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا یہ سب سے زیادہ چاہے جانے والا بیگ جس کا ملنا آسان نہیں، اسے حاصل کرنا بہت مشکل ہے، یہ بیگ حاصل کرنے کے لیے آپ کو پانچ سے دس سال تک انتظار کرنا پڑ سکتا ہے مگر خوش قسمتی سے مجھے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا، میں واقعی خوش قسمت تھی جو مجھے یہ بیگ مل گیا۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ بیگ ان بیگز سے سستا ہے جو بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکارہ ریحانہ اور وکٹوریہ بیکہم جیسی مشہور شخصیات کے پاس ہے۔

امیشا کا کہنا تھا کہ ان کی کلیکشن میں کُل 16 برکن بیگز (بیگز کی خاص شکل) ہیں، یہ بیگز مخلتف اشکال، حجم، رنگوں میں ہیں جو کئی برسوں کے دوران جمع کیے گئے ہیں اور کچھ خاندان سے وراثت کے طور پر بھی ملے ہیں۔

واضح رہے کہ امیشا پٹیل نے فلم کہو نہ پیار ہے سے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا تھا، اداکارہ غدر، غدر ٹو سمیت متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

پاک قازقستان تجارتی معاہدہ : اہم پیشرفت سامنے آگئی

0
قازقستان

اسلام آباد : نگراں وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز  نے کہا ہے کہ پاکستان قازقستان ٹرانزٹ ٹریڈ کے معاہدے کی توثیق جلد ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور قازقستان نے تجارت، معیشت، توانائی اور دیگر شعبوں میں وسیع تر تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔

اس حوالے سے اسلام آباد میں نگراں وزیرتجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز سے قازقستان کے سفیر نے ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ تجارت بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔

وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز  نے بتایا کہ قازقستان مرکزی ایشیائی ممالک میں سب سے بڑا معاشی حجم رکھتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ کے معاہدے کی توثیق جلد ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل اور دوا سازی کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی پاسداری کی گئی ہے، اس موقع پر قازقستان کے سفیر نے ترکمانستان کے ذریعے اقتصادی تعاون کو فروغ کی دعوت دی۔

ڈاکٹر گوہر اعجاز  نے کہا کہ قازقستان کے وزیر تجارت نے پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، قازقستان کے وزیرتجارت کو تاجروں کے ساتھ دورے کی دعوت دینگے۔

نگراں وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے مزید کہا کہ دونوں ممالک میں شہر با شہر تعلقات کو فروغ دینے کے لیے بھی معاہدہ کیا جائے گا۔

دھونی نے نوجوان کرکٹر کو لفٹ دے دی، ویڈیو وائرل

0
دھونی

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے نوجوان کرکٹر کو موٹر سائیکل پر لفٹ دے کر گراؤنڈ سے گھر چھوڑا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بھارتی ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی سے متعلق سب ہی جانتے ہیں کہ وہ ہیوی بائیکس کے شوقین ہیں اور اکثر ان کی موٹر سائیکل چلانے کی ویڈیوز سامنے آتی رہتی ہیں۔

دھونی کو ٹریننگ سیشن کے بعد رانچی میں ایک نوجوان کرکٹر کو موٹر سائیکل پر لفٹ دیتے دیکھا گیا، سابق کپتان نے نوجوان کرکٹر کو گراؤنڈ بھی پہنچایا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دھونی موٹر سائیکل چلا رہے ہیں جبکہ نوجوان کرکٹر ویڈیو بنا رہے ہیں۔

کرکٹر نے سوشل میڈیا پر دھونی کی ویڈیو شیئر کی اور مدد کرنے کا ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

سوشل میڈیا صارفین دھونی کے اقدام کی خوب تعریف کررہے ہیں جبکہ موٹر سائیکل کے دھواں چھوڑنے پر کچھ صارفین انہیں بائیک کی سروس کروانے کا مشورہ دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ دھونی کی ٹیم چنئی سپر کنگز نے آئی پی ایل 2023 میں گجرات ٹائٹنز کو شکست دے کر پانچواں ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

فیس بک اور انسٹاگرام کے بائیکاٹ کی مہم

0

کینیڈا کے صحافیوں نے انسٹاگرام اور فیس بک کے بائیکاٹ پر زور دیا ہے۔

کینیڈین صوبے کیوبیک میں صحافی اور تعلقات عامہ کی فیڈریشنز عوام سے مطالبہ کر رہی ہیں کہ وہ کینیڈا میں خبروں کے اشتراک پر کمپنی کی پابندی پر میٹا کی ملکیت والے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ایک دن کے بائیکاٹ میں شامل ہوں۔

فیڈریشن آف پروفیشنل جرنلسٹس آف کیوبیک نے کہا کہ نام نہاد عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر "میٹا کے بغیر دن” کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ "کیوبیک خود کو خوفزدہ نہیں ہونے دے گا اور مقامی میڈیا اور صحافیوں کی حمایت جاری رکھے گا”۔

کیوبیک سوسائٹی آف پبلک ریلیشنز پروفیشنلز کے صدر پیٹرک ہو نے گزشتہ ہفتے ایک بیان میں کہا تھا کہ "خبروں کو مسدود کرنے سے، میٹا شہریوں کو قابل اعتماد معلومات تک رسائی کی اجازت نہیں دے رہا ہے اور اس سے ہمیں بہت تشویش ہے،”

میٹا – فیس بک اور انسٹاگرام کے مالک نے 1 اگست کو کینیڈا میں ایک نئے قانون پر نیوز بلیک آؤٹ نافذ کیا جس کے تحت کمپنی کو اپنے پلیٹ فارمز پر شیئر کیے گئے مواد کے لیے کینیڈا کے میڈیا آؤٹ لیٹس کو ادائیگی کرنے کی ضرورت ہوگی۔

اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، نئی اسکیم کا اعلان

0

اسلام آباد : نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر نے اوورسیز پاکستانیوں کو خوشخبری سنادی، ان کا کہنا ہے کہ باہر سے آنے والی رقم کی وصولی پر کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق نگراں وزیرخزانہ شمشاد اختر نے ترسیلات زر سے متعلق اہم اعلان کیا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کیلئے سوہنی دھرتی ریمیٹنس اسکیم بنالی گئی ہے۔

بیرون ملک سے بینکنگ چینل کے ذریعے پیسے بھیجنے والوں کیلئے انعامی اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے نگراں وزیرخزانہ نے بتایا کہ مذکورہ اسکیم کیلئے 20ارب روپے اسٹیٹ بینک کو جاری کردیئے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ باہر سے جو رقم پاکستان بھجوائیں گے ان کے رشتہ دار یہاں مفت وصول کرسکیں گے، جس کی انہیں کوئی فیس نہیں دینا پڑے گی۔

شمشاد اختر نے کہا کہ ترسیلات زر کو عام چینلز کے ذریعے بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں، 80 ارب روپے ترسیلات زر کی اسکیم کو سپورٹ کرنے کیلئے رکھے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو کئی چیلنجز کا سامناہے، ہم چیلنجز سے گھبرا نہیں رہے بلکہ مقابلے کی ہرممکن کوشش کررہے ہیں،حکومتی اقدامات سے مختلف شعبوں میں بہتری آئی ہے، ٹیکس نیٹ کو مزید بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔

نگراں وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ ایکسچینج کمپنیز کے نظام کو ریگولیٹ کیا جارہا ہے، حکومتی اقدامات سے فصلوں کی بہتر پیداوار حاصل ہوگی، جس سے بہتر معاشی نتائج سامنے آئیں گے۔
وقت کے ساتھ ساتھ انڈسٹریز کی حالت میں بہتری آرہی ہے، اخراجات کم اور ریونیو بڑھانے کیلئےاقدامات کیے جارہے ہیں۔

بیرونی سرمایہ کاری سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں نگراں حکومت مؤثر اقدامات کررہی ہے کامیاب ہوگئے تو ملکی معیشت جلد بہتر ہوجائے گی۔ اس کے علاوہ اسمگلنگ کی روک تھام سے روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے، قانونی ذرائع سے ترسیلات زر کی ملک میں آمد کیلئے اقدامات کیے ہیں۔