اتوار, جون 8, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 6562

پرینیتی چوپڑا کی شادی کا کارڈ سوشل میڈیا پر وائرل

0
پرینیتی چوپڑا

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور سیاست دان راگھو چڈھا کی شادی کا کارڈ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور عام آدمی پارٹی کے رہنما راگھو چڈھا کی شادی رواں ماہ 24 ستمبر کو طے پائی ہے تاہم اب ان کی شادی کا کارڈ بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔

وائرل شادی کے کارڈ میں درج ہے کہ دولہے کی سہرا بندی مشہور تاج لیک میں دوپہر ایک بجے ہوگی، دو بجے بارات جائے گی اور چار بجے شادی کے پھیرے لیے جائیں گے۔

پرینیتی چوپڑا کی رخصتی شام ساڑھے چھ بجے ہوگی جبکہ رات ساڑھے آٹھ بجے لیلا پیلس کے دربار میں ایک شاندار استقبالیہ دیا جائے گا۔

اداکارہ اپنے شوبز کام کو سمیٹ رہی ہیں تاکہ شادی سے قبل وقفہ لے سکیں جبکہ 30 ستمبر کو چندی گڑھ میں ایک شادی کا استقبالیہ بھی ترتیب دیا گیا ہے جس میں مشہور شخصیات شریک ہوں گی۔

وائرل شادی کارڈ سے متعلق راگھو چڈھا اور پرینیتی چوپڑا کی جانب سے تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی دونوں نے کوئی شادی کا کارڈ شیئر کیا ہے۔

واضح رہے کہ پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی منگنی کی تقریب 13 مئی کو نئی دلی میں ہوئی تھی جس میں کئی معروف بھارتی شخصیات نے شرکت کی تھی اور اب رواں ماہ کی 17 تاریخ سے ان کی شادی کی تقریبات کا سلسلہ بھی شروع ہو جائے گا۔

جوڑے کی شادی 23 اور 24 ستمبر کو راجستھان کے شہر ادے پور کے ہوٹل لیلا پیلس اور ادایا ولاز میں ہوگی، یہ ایک عالیشان پنجابی شادی ہوگی جس میں سیاست سمیت بالی وڈ انڈسٹری کے تقریباً تمام افراد کو مدعو کیا جائے گا۔

’نواز شریف واپسی کیلیے چیف جسٹس کی تبدیلی کا انتظار کر رہے تھے‘

0
انور منصور نواز شریف

لندن: سابق گورنر سندھ اور رہنما مسلم لیگ (ن) محمد زبیر کا کہنا ہے کہ یہ بات درست ہے کہ نواز شریف وطن واپسی کیلیے چیف جسٹس پاکستان کی تبدیلی کا انتظار کر رہے تھے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ نئے چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سے کوئی ریلیف نہیں چاہتے، ہم چاہتے ہیں کہ آئین و قانون کے مطابق فیصلے ہوں، نئے چیف جسٹس کا ایک زبردست ریکارڈ ہے اور ہم انصاف ہی چاہتے ہیں۔

محمد زبیر نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، وہ تاریخ سے پہلے آ سکتے ہیں لیکن بعد کا سوال ہی نہیں، ان کے استقبال کیلیے ایسی تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا سپریم کورٹ کے نیب ترامیم سے متعلق فیصلے پر کوئی ردعمل نہیں تھا، فیصلہ ایسا ہی متوقع تھا اور پی ٹی آئی کو کوئی نہ کوئی تحفہ تو دینا ہی تھا، ہم نے ساڑھے 3 سال نیب کیسز کو بھگتا تھا، سپریم کورٹ خود کہہ چکی ہے کہ نیب کو سیاسی انجینئرنگ کیلیے استعمال کیا جاتا ہے۔

اس سے قبل لندن میں میڈیا سے گفتگو میں محمد زبیر نے بتایا تھا کہ نواز شریف اپنے پروگرام کے مطابق 21 اکتوبر کو پاکستان جائیں گے، سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، کسی کو ڈرنا ہے تو پی ٹی آئی کے چیئرمین اور ان کی پارٹی کو ڈرنا چاہیے۔

قبل ازیں سابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کی آمد کے سلسلے میں تیاریوں کا آغاز کر دیا، ورکرز، ووٹرز اور سپورٹرز لاہور پہنچیں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف کے استقبال کیلیے 10 لاکھ لوگ موجود ہوں گے، نواز شریف کو عام آدمی نجات دہندہ کے طور پر دیکھ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی لیگل ٹیم نے انھیں آگاہ کیا ہے اور ان کی حفاظتی ضمانت پر کام ہو رہا ہے، تمام قانونی امور کے بعد ہی وہ تشریف لائیں گے، انہوں نے ڈاکٹرز سے مشورہ کیا ہے وہ دل کے مریض ہیں۔

اسٹیٹ بینک نے ایکسچینج کمپنی کا اجازت نامہ معطل کردیا

0
اسٹیٹ بینک

کراچی : اسٹیٹ بینک نے میسرز رائل انٹرنیشنل ایکسچینج کمپنی لمیٹڈ کے اجازت نامے کو معطل کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے میسرز رائل انٹرنیشنل ایکسچینج کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے اجازت نامے کو اسٹیٹ بینک کے ضوابط اور ہدایات کی سنگین خلاف ورزی کے باعث فوری طور پر تاحکم ثانی معطل کردیا۔

مذکورہ ایکس چینج کمپنی کے صدر دفتر اور اس کی تمام برانچوں کو تاحکم ثانی کسی بھی قسم کی کاروباری سرگرمی انجام دینے سے روک دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اسٹیٹ بینک نے بی کیٹیگری کی ایکسچینج کمپنی کا اجازت نامہ ضوابط و ضوابط اور ہدایات کی خلاف ورزی کے باعث فوری طور پر معطل کردیا تھا۔

مداح کے طلاق سے متعلق سوال پر عنزیلہ عباسی کا جواب

0
مداح کے طلاق سے متعلق سوال پر عنزیلہ عباسی کا جواب

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ جویریہ عباسی اور ہدایتکار شمعون عباسی کی بیٹی عنزیلہ سے مداح نے طلاق سے متعلق سوال پوچھ لیا۔

عنزیلہ عباسی انسٹاگرام پر مداحوں کے سوالات کے جواب دے رہی تھیں کہ اس دوران ایک فین نے پوچھا کہ آپ طلاق کب لے رہی ہیں؟ اس کے جواب میں نوجوان اداکارہ نے صرف ’موت‘ لکھا۔

سوال جواب سیشن کے دوران ایک مداح نے پوچھا کہ آپ کی عمر کتنی ہے؟ اس پر اداکارہ نے جواب دیا کہ 25 سال کی ہوں اور 26 جنوری 2024 کو 26 سال کی ہو جاؤں گی۔

ان سے پوچھا گیا کہ آپ کتنے بھائی بہن ہیں تو انہوں نے بتایا کہ میں اپنے والدین کی اکلوتی بیٹی ہوں۔

یاد رہے کہ عنزیلہ عباسی نے گزشتہ ماہ اگست میں تاشفین انصاری نامی نوجوان سے شادی کی تھی۔ اداکارہ نے شادی اور ولیمے کی تصاویر انسٹاگرام پر مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھی۔

انہوں نے اس پُرمسرت موقع پر سفید رنگ کا شراوہ زیب تن کیا تھا جبکہ تاشفین انصاری نے میچنگ کرتے ہوئے سفید سوٹ بوٹ کا انتخاب کیا تھا۔ ان کی والدہ اداکارہ جویریہ عباسی نے سبز رنگ کا جوڑا پہن کر مکمل روایتی انداز کا انتخاب کیا تھا۔

عنزیلہ عباسی جویریہ عباسی کے سابق شوہر شمعون عباسی کی اکلوتی بیٹی ہیں۔ اداکارہ نے ٹی وی ڈراموں میں قدم رکھنے سے پہلے فیشن ماڈلنگ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔

کلاسن نے ون ڈے کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی

0
ہینرک کلاسن

جنوبی افریقہ کے بیٹر ہینری کلاسن نے آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ میں نئی تاریخ رقم کردی۔

سنچورین میں کھیلے جارہے چوتھے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 416 رنز بنائے اور کینگروز کو جیت کے لیے 417 رنز کا ہدف دیا۔

ہینرک کلاسن نے 83 گیندوں پر 174 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، کلاسن کی اننگ میں 13 چوکے اور 13 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔

کلاسن نے شاندار اننگز کھیل کر ون ڈے میں نئی تاریخ رقم کی، وہ پانچویں نمبر پر بیٹنگ کرکے 174 رنز بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے ہیں۔

جنوبی افریقی بیٹر کو مارکس اسٹونس نے ایلیس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔

جب کلاسن بیٹنگ کے لیے آئے تو 34.1 اوورز میں جنوبی افریقہ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے تھے، کلاسن اور ڈیوڈ ملر کے درمیان222 رنز کی شاندار پارٹنر شپ قائم ہوئی اور کلاسن نے 57 گیندوں پر سنچری مکمل کی جبکہ ملر 45 گیندوں پر 82 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کو پانچ میچز کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل ہے۔

آئی فون نے اپ ڈیٹ کا اعلان کر دیا

0

ایپل تابکاری کے خدشات کے بعد فرانس میں آئی فون 12 کو اپ ڈیٹ کرے گا۔

ڈیجیٹل کے وزیر اور فرم کے مطابق ایپل فرانس میں آئی فون 12 کو اپ ڈیٹ کرے گا۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ریگولیٹرز نے ڈیوائس سے خارج ہونے والی برقی مقناطیسی تابکاری پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

فرانس نے منگل کو 2020 میں جاری ہونے والی ڈیوائس کی فروخت کو روکنے کا حکم دیا تھا جب یہ معلوم کرنے کے بعد کہ ماڈل نے اجازت سے زیادہ برقی مقناطیسی لہریں خارج کیں۔

ڈیجیٹل منسٹر جین نول بیروٹ نے اے ایف پی نیوز ایجنسی کو بیان میں کہا کہ ایپل نے مجھے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ آئندہ چند دنوں میں آئی فون 12 کے لیے ایک اپ ڈیٹ نافذ کر دے گا۔

فرم اور بیروٹ نے اصرار کیا کہ تابکاری سے صحت عامہ کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

ایپل نے ایک بیان میں کہا کہ یہ فرانسیسی ریگولیٹرز کے ذریعے استعمال کیے جانے والے مخصوص ٹیسٹنگ پروٹوکول سے متعلق ہے نہ کہ حفاظتی تشویش کی اور یہ آلہ پوری دنیا میں اخراج سے متعلق قوانین کی تعمیل کرتا ہے۔

"ہم فرانسیسی ریگولیٹرز کے ذریعہ استعمال کردہ پروٹوکول کو ایڈجسٹ کرنے کے لئے فرانس میں صارفین کے لئے ایک سافٹ ویئر اپ ڈیٹ جاری کریں گے۔”

بابر اعظم کی کپتانی پر شعیب اختر برس پڑے

0
شعیب اختر

قومی ٹیم کے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر ایشیا کپ میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست پر بابر اعظم کی کپتانی پر برس پڑے۔

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں دفاعی چیمپئن سری لنکا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

سری لنکا اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کا فائنل اتوار کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

یوٹیوب چینل پر شعیب اختر نے کہا کہ ایشیا کپ میں بابر اعظم نے کپتانی اچھی نہیں کی، زمان سے چھ اوورز کروائے گئے، کپتانی کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، شکست پر مایوسی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایشیا کپ فائنل جیتنے کا حقدار تھا لیکن وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکے ہیں ان پر بہت تنقید کی جاسکتی ہے کیونکہ انہیں فیوریٹ ٹیم کہا جارہا تھا۔

شعیب اختر نے کہا کہ بدقسمتی سے فائنل میں پاکستان کا بھارت سے مقابلہ نہیں ہوسکتا جو کہ ہونا چاہیے تھا تاہم سری لنکا فائنلسٹ ہونے کا مستحق تھا انہوں نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی ہے۔

سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ قومی ٹیم کو چاہیے کہ واپس آکر دیکھیں کہ کہاں غلطیاں ہوئی ہیں اور انہیں ورلڈ کپ سے قبل ٹھیک کریں۔

شعیب اختر نے زمان خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’جتنا میچ بنا زمان نے بنایا، اس نے بہت اچھی بولنگ کی، شاہین نے بھی وکٹیں لیں لیکن کریڈٹ زمان خان کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم کو سپورٹ کرتے ہیں اور امید ہے کہ وہ بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔

پاکستان میں بھی الیکٹرک کاریں بنانے کی تیاری

0

چین کی الیکٹرک کاریں بنانے والی کمپنی نے پاکستان میں نیا کار پلانٹ اور ملک کے دیگر بڑے شہروں میں شور رومز قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ اعلان سنکیانگ جنگی چینگ گروپ کے اسسٹنٹ چیئرمین جی یو زونگ کوان کی زیر قیادت وفد نے ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر امین اللہ بیگ کے ساتھ ملاقات کے موقع پر کیا۔

زونگ کوان نے مزید کہا کہ کمپنی کے طویل المدتی کاروباری منصوبے میں پاکستان میں مکمل طور پر مقامی پیداواری پلانٹ لگانا شامل ہے جس میں ایک مکمل شوروم نیٹ ورک بھی ہے۔

انہون نے کہا کہ کاریں پاکستان کے سفر کا اہم ذریعہ ہیں اور تیل کی بڑھتی ہوئی عالمی قیمتوں نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے، جس سے لوگ نقل و حمل کے دیگر طریقوں کو تبدیل کرنے پر مجبور ہیں۔

سنکیانگ جنگی چینگ گروپ 5 صنعتوں میں مصروف عمل ہے، جن میں الیکٹرو میکنیکل اور ہائیڈرولک، لائٹ پاور، گاڑیوں، عالمی تجارت اور پیدوار اور خدمات شامل ہیں۔

اس موقع پر امین اللہ بیگ نے چینی کمپنی کے وفد سے کہا کہ وہ سرمایہ کاری منصوبے میں تیزی لائیں جو مشترکہ طور پر فائدہ مند ہے، انہوں نے مشاہدہ کیا کہ پاکستان کے عوام میں چینی آٹو برینڈز انتہائی مقبول ہیں اور چین کا الیکٹرک گاڑیوں کی ٹیکنالوجی کی پیش رفت میں اہم کردار ہے۔

معصومیت کا استحصال (غیر ملکی ادب سے انتخاب)

0

چند دن پہلے کی بات ہے، میں نے اپنے بچّوں کی آیا (یولیا واسیلیونا) کو اپنے دفتر میں مدعو کیا تاکہ اس کی تنخواہ کی ادائیگی کی جا سکے۔

میں نے یولیا واسیلیونا کو بیٹھنے کا اشارہ کرتے ہوئے کہا: بیٹھو، تمھیں تنخواہ دینے سے پہلے تمھارے سامنے کچھ حساب رکھنا چاہتا ہوں… تمھیں شاید پیسوں کی ضرورت ہے، لیکن دو ماہ کی میرے ذمہ واجب الادا تنخواہ تم خود مانگتے ہوئے شرماتی کیوں ہو، سنو تمھیں یاد ہے نا کہ تمھیں ملازمت دینے سے پہلے ہم نے اتفاق کیا تھا کہ میں تمھیں ماہانہ تیس روبل ادا کروں گا۔

یولیا واسیلیونا نے منمناتے ہوئے کہا چالیس روبل…

نہیں، تیس… یہ دیکھو میرے پاس معاہدے کی تمام دستاویزات موجود ہیں جن پر تم نے انگوٹھا ثبت کر رکھا ہے۔ چالیس کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا، کیونکہ میں نے خادموں کو ہمیشہ بطور ماہانہ اجرت تیس روبل ہی دیے ہیں… ٹھیک ہے، تم نے ہمارے لیے دو مہینے کام کیا ہے… یولیا واسیلیونا نے کمزور سے لہجے میں کہا دو مہینے پانچ دن۔

نہیں ٹھیک دو مہینے، یہ دیکھو تمھارا حاضری کارڈ۔ میرے پاس ہر چیز ریکارڈ میں موجود ہے، اس طرح طے شدہ تنخواہ کے حساب سے تو تم ساٹھ روبل کی مستحق ہو۔

ہم اس میں سے نو اتوار کی چھٹیاں کاٹ لیتے ہیں، کیونکہ اتوار کو کولیا میری بیٹی کی چھٹی ہوتی تھی تو تم اس دن اسے لکھانے پڑھانے کی بجائے صرف اس کے ساتھ صبح اور شام کی سیر کے لیے جاتی تھی۔ پھر تم نے ذاتی کام کاج کے لیے تین دن کی چھٹیاں کی تھیں۔

یولیا واسیلیونا کا چہرہ بے بسی کے مارے زرد ہوچکا تھا، اور وہ اپنی انگلیوں سے قمیص کے کناروں کو لپیٹ رہی تھی، لیکن اس نے ایک لفظ بھی نہیں کہا۔

نو اتوار کی چھٹیاں اور تمھاری اپنی تین چھٹیاں کاٹ لیں، تو بارہ ایام کے کل بارہ روبل بنتے ہیں… کولیا چار دن سے بیمار تھی اور اس دوران اسے کوئی سبق نہیں پڑھایا گیا… تم نے صرف وریا کو پڑھایا تھا… اور تین دن تمہارے دانتوں میں درد تھا، اس لیے میری بیوی نے تمہیں اجازت دی کہ دوپہر کے کھانے کے بعد پڑھانے کی بجائے آرام کرو۔

تو بارہ جمع سات… انیس… کو منہا کیا، بقیہ… اکتالیس ۔۔۔ روبل.. ٹھیک ہے؟ یولیا واسیلیوینا کی بائیں آنکھ سرخ ہو گئی اور آنسوؤں سے بھر گئی، اور اس کے چہرے کے عضلات سکڑ گئے۔ وہ اچانک زور سے کھانسی اور الٹے ہاتھ کی پشت سے ناک کو پونچھا، لیکن… اس نے منہ سے ایک لفظ تک نہیں نکالا۔

نئے سال کی شام سے پہلے، تم نے ایک کپ اور ایک پلیٹ توڑ دی۔ اس کے لیے زیادہ نہیں میں صرف دو روبل کاٹ رہا ہوں حالانکہ کپ اس سے کہیں زیادہ مہنگا تھا، یہ وراثت میں ملا تھا، لیکن خیر خدا تمھیں معاف کرے! ہمیں ہر چیز کا معاوضہ تو دینا پڑتا ہے… ہاں، اور تمھاری لاپروائی کی وجہ سے، کولیا درخت پر چڑھ گئی اور اس کی جیکٹ پھٹ گئی۔
قیمتی جیکٹ کے بدلے دس روبل کاٹ رہا ہوں… تمھاری غفلت کی وجہ سے نوکرانی نے وریا کا ایک جوتا چرا لیا، حالانکہ بچوں کے سامان کی حفاظت کرنا تمھارا فرض ہے جس سے تم نے کوتاہی برتی، اور تم اپنا فرض نبھانے کی ہی تنخواہ لیتی ہو۔

اور اس طرح میں نے جوتوں کے بھی پانچ روبل کاٹ لیے۔ 10 جنوری کو تم نے مجھ سے دس روبل ادھار لیے۔ یولیا واسیلیونا نے سرگوشی کے انداز میں کمزور سا احتجاج کیا: نہیں میں نے نہیں لیے!- لیکن یہ دیکھو اس تاریخ کو میرے حساب میں لکھا ہوا ہے، تم جانتی ہو حساب کتاب میں، مَیں کتنا اصول پسند ہوں۔

اچھا ٹھیک ہے، لیے ہوں گے ،اب؟

اکتالیس میں سے، ستائیس کاٹے تو… باقی چودہ بچ گئے ہیں۔ اس کی آنکھیں آنسوؤں سے بھری ہوئی تھیں اور اس کی لمبی، خوبصورت ناک پر پسینے کے قطروں سے موتیوں کی مالا بن گئی تھی۔

میں غریب لڑکی ہوں! اس نے کانپتی ہوئی آواز میں کہا: میں نے فقط ایک بار ادھار لیا… وہ بھی میں نے آپ کی بیوی سے تین روبل لیے… اس کے علاوہ میں نے اور کچھ نہیں لیا۔

کیا واقعی؟ دیکھو، مجھے تو ان تین روبل کا علم ہی نہیں تھا، نہ ہی حساب کتاب کے گوشواروں میں ان کا ذکر ہے۔ چودہ میں سے تین کاٹتے ہیں، اور باقی بچتے ہیں گیارہ روبل… یہ رہی تمھاری تنخواہ!

تین.. تین.. تین.. ایک.. ایک.. آؤ آگے بڑھو، اور انہیں وصول کر کے تصدیقی انگوٹھا ثبت کر دو۔ اور میں نے گیارہ روبل اس کی طرف بڑھائے تو اس نے انہیں لے کر کانپتی انگلیوں سے اپنی جیب میں ڈالا اور سرگوشی کی: شکریہ جناب!

تو میں اٹھ کر کمرے میں ٹہلنے لگا، اور غصے نے مجھے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ میں نے اس سے پوچھا: کس چیز کے لیے تم شکریہ ادا کر رہی ہو؟

یولیا واسیلیونا نے جواب دیا: تنخواہ کی ادائیگی پر…

لیکن میں نے تمھیں لوٹ لیا، تمھارا حق جو بنتا تھا اس سے میں نے اپنی مرضی سے کٹوتی کر لی! اس واضح ناانصافی پر بھی تم میرا شکریہ ادا کر رہی ہو؟

یولیا واسیلیونا گویا ہوئی: دراصل اس سے پہلے جس کے پاس میں ملازمہ تھی، اس نے تو مجھے کچھ بھی نہیں دیا تھا۔

کیا کہا؟ اس نے تمھیں کسی قسم کی کوئی ادائیگی نہیں کی؟ یہ تو عجیب بات نہیں ہے؟

یولیا واسیلیونا سنو! میں نے تمھارے ساتھ مذاق کیا ہے، میں دراصل تمھیں مشکل سبق سکھانا چاہ رہا تھا۔

میں تمھیں تمھاری مکمل تنخواہ ادا کروں گا، پورے اسّی روبل! وہ دیکھو تمھارے لیے، تنخواہ کی رقم لفافے میں موجود ہے! لیکن کیا تم اتنی ناانصافی کے بعد بھی اپنا حق مانگنے سے قاصر ہو؟ احتجاج کیوں نہیں کرتی؟ ظلم پر خاموشی کیوں؟ کیا اس دنیا میں یہ ممکن ہے کہ کوئی اپنے اوپر ہونے والے ظلم سے لاتعلق رہے، اور جوابی وار نہ کرے؟ کیا اس حد تک سادہ لوح ہونا ممکن ہے؟

وہ بے بسی سے مسکرائی اور اس کے چہرے پر واضح لکھا تھا: شاید!

میں نے اسے سخت سبق سکھانے کے لیے اس سے معذرت کی اور پورے اسّی روبل اس کے حوالے کر دیے۔ اس نے بے یقینی اور حیرت کے ساتھ شرماتے ہوئے میرا شکریہ ادا کیا اور چلی گئی۔

اس کو جاتے ہوئے دیکھ کر میں نے سوچا: واقعی، اس دنیا میں کمزوروں کو کچلنا کتنا آسان ہے!

(مصنّف: انتون چیخوف، عربی سے اردو ترجمہ: توقیر بُھملہ)

ڈالر آج پھر سستا، روپے کی قدر میں استحکام

0
امریکی ڈالر

کراچی : ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کیخلاف جاری حکومتی اقدامات کے بعد ڈالر کی قیمت میں تیزی سے گراوٹ دیکھنے میں آرہی ہے۔

حالیہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں گزشتہ کچھ روز سے پاکستانی روپے کی قدر مستحکم ہورہی ہے جس کا سلسلہ آج بھی قائم رہا۔

انٹربینک میں آج ڈالر ایک روپے 11 پیسے سستا ہو کر 296.85 روپے پر بند ہوا جبکہ انٹربینک میں گزشتہ روز ڈالر 297.96 روپے پر بند ہوا تھا۔

رپورٹ کے مطابق انٹربینک میں رواں ہفتے ڈالر 6 روپے ایک پیسہ سستا ہوا ہے۔

دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کا بھاؤ کم ہوگیا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپیہ سستا ہو کر 297 روپے کا ہوگیا۔

یورو بھی 1 روپے کمی 324 روپے کا ہوگیا جبکہ برطانوی پاؤنڈ 379 پر مستحکم رہا اور اماراتی درہم 20 پیسے اضافے سے 83 روپے کا ہوگیا جبکہ سعودی ریال بھی 20 اضافے سے 79 روپے 70 پیسے کا ہوگیا ہے۔