منگل, جون 10, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 6577

نسیم شاہ کی ورلڈ کپ میں شرکت۔۔۔؟

0

آئی سی سی ورلڈ کپ آئندہ ماہ بھارت میں شروع ہو رہا ہے تاہم میگا ایونٹ میں نسیم شاہ کی شرکت سے معتلق قومی کپتان بابر اعظم نے شکوک کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کا فاسٹ بولنگ اٹیک شاہین شاہ، نسیم شاہ اور حارث رؤف پر مشتمل ہے۔ اس ٹرائیکا پر مشتمل بولنگ اٹیک نے دنیائے کرکٹ کے بڑے بڑے بلے بازوں پر دہشت بٹھائی لیکن بدقسمتی سے اس ٹرائیکا کے دو اہم ستون نسیم شاہ اور حارث رؤف ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں ان فٹ ہوگئے جس کا نقصان قومی ٹیم کو ایشیا کپ سے خالی ہاتھ وطن واپسی کی صورت برداشت کرنا پڑا۔

حارث رؤف سائیڈ اسٹرین کا شکار ہوئے تو نسیم شاہ کاندھے کی انجری کے باعث پورے ایشیا کپ سے ہی باہر ہوگئے۔ اب قومی کپتان بابر اعظم نے نسیم شاہ کے آئندہ ماہ کرکٹ کے سب سے بڑے میلے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے ابتدائی میچوں میں شرکت کے حوالے سے شکوک وشبہات کا اظہار کیا ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق بابر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کو ورلڈ کپ کے ابتدائی میچز نسیم شاہ کے بغیر کھیلنے پڑ سکتے ہیں کیونکہ ان کا ورلڈ کپ سے قبل مکمل صحتیاب ہونے کا امکان کم ہے تاہم حارث رؤف ورلڈ کپ سے قبل مکمل طور پر انجری سے نجات حاصل کر لیں گے۔

رپورٹ کے مطابق اگرچہ پی سی بی نے دائیں کاندھے کی انجری کا شکار نسیم شاہ کی صحتیابی سے متعلق کوئی ٹائم لائن نہیں دی ہے اور نہ ہی انجری کی نوعیت کی شدت سے آگاہ کیا ہے تاہم فاسٹ بولر اس وقت دبئی میں موجود ہیں اور اپنے دائیں کندھے کے نیچے پٹھوں کی چوٹ کے اسکین سے گزر رہے ہیں یہ انجری انہیں پیر کو بھارت کے خلاف بولنگ کے دوران ہوئی تھی جس کے باعث وہ اپنے اوور بھی مکمل نہ کرسکے جب کہ ٹورنامنٹ سے بھی باہر ہوگئے اسی میچ میں حارث رؤف سائیڈ اسٹرین کا شکار ہوکر بولنگ نہ کرسکے اور میچ سے باہر ہوئے جب کہ ٹیم منیجمنٹ نے انہیں ورلڈ کپ کی وجہ سے احتیاطاً آرام کرایا۔

تاہم قومی کپتان بابر اعظم اس حوالے سے شکوک وشبہات کا شکار ہیں اور سری لنکا سے اہم میچ میں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ نسیم شاہ قومی ٹیم کو ورلڈ کپ کے ابتدائی میچوں میں دستیاب نہ ہوں لیکن وہ جلد فٹ ہو کر میگا ایونٹ میں پرفارم کرتے ضرور نظر آئیں گے۔

بابر اعظم نے پاکستان کے دو اہم بولرز کی فٹنس کے اور ان کے بیک اپ کے حوالے سے پوچھے گئے سوالات کے جواب میں کہا کہ میں ابھی پلان بھی نہیں بتاؤں گا مگر حارث رؤف کے حوالے سے پرامید ہوں کہ وہ میگا ایونٹ شروع ہونے سے قبل مکمل فٹ ہوکر ٹیم کا حصہ ہوں گے مگر نسیم شاہ کی صحتیابی میں کتنا وقت لگے اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن میرا خیال ہے کہ شاید ابتدائی دو میچوں میں نہ ہوں مگر آگے وہ ورلڈ کپ میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

ورلڈ کپ میں پاکستانی اپنی مہم کا آغاز 6 اکتوبر کو نیدر لینڈ کے خلاف کرے گا جب کہ اگلا مقابلہ اس کا 10 اکتوبر کو سری لنکا سے ہوگا۔ ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا 14 اکتوبر کو احمد آباد میں شیڈول ہے۔

20 سالہ نسیم کو اپنے کیریئر کے ابتدائی مراحل میں انجری کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ 17 سال کی عمر میں اپنے بین الاقوامی کیریئر میں ایک سال کی کمر کی انجری نے انہیں 14 ماہ تک کرکٹ سے دور رکھا۔ ان کی واپسی کے چھ ہفتے بعد وہ گلوسٹر شائر کے ساتھ کاؤنٹی چیمپیئن شپ میں اپنے ڈیبیو پر کندھے کی انجری کے باعث ایک ماہ کے لیے باہر ہو گئے تھے۔

نسیم شاہ پاکستانی بولنگ اٹیک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور اپنے ون ڈے کیریئر کے آغاز کے بعد سب ٹیم کے سب سے طاقتور بولر مانے جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ میں پاکستانی فاسٹ بولرز بالخصوص انجری کا شکار نسیم شاہ اور حارث رؤف کی کارکردگی متاثر کن رہی۔ چار میچز میں حارث رؤف نے 9 شکار جب کہ نسیم شاہ نے 7 شکار کیے۔

جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس: پرویز الٰہی کی ضمانت منظور، رہا کرنے کا حکم

0
پرویزالہٰی گرفتار

اسلام آباد : انسداددہشت گردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی انسداددہشت گردی عدالت میں جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت پرسماعت ہوئی، جج ابولحسنات ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔

چوہدری پرویزالٰہی کے وکیل بابر اعوان اور وکیل سردارعبدالرازق عدالت میں پیش ہوئے، پراسیکیوشن نے بتایا کہ کیس کاریکارڈآج پیش کردیں گے۔

چوہدری پرویزالٰہی کے وکیل بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ چوہدری پرویزالٰہی نامزدملزم نہیں ہیں، ان کا کوئی کردار نہیں بنتاہے، چوہدری پرویزالٰہی نامعلوم آدمی نہیں ہیں ، پولیس نے اس کیس میں کوئی تفتیش نہیں کی۔

بابر اعوان کا کہنا تھا کہ پولیس سترہ دن کےاندرعبوری چالان جمع کرواسکتی ہے، پرویزالٰہی کی جائےوقوعہ پر کوئی موجودگی ثابت نہیں ہے، ان کا احتجاج میں حصہ لینابھی ثابت نہیں، اس ایف آئی آرمیں نامزد تمام ملزمان ضمانت پرہیں، جن ملزمان کی ضمانت اس عدالت نے مسترد کی انہیں ہائی کورٹ سے ضمانت مل گئی۔

پرویز الٰہی کے وکیل بابر اعوان کے دلائل مکمل ہونے پر ان کے دوسرے وکیل سردار عبدالرازق نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پرویز الٰہی کو مختلف مقدمات میں گرفتار کیا گیا ،استغاثہ کے پاس پرویز الٰہی کیخلاف معاونت کا کوئی ثبوت نہیں ہے، چیئرمین پی ٹی آئی اور اسد عمر سمیت دیگر ملزمان کو بھی ضمانت مل چکی ہے۔

سردار عبدالرازق کی جانب سے مختلف عدالتی فیصلوں کی کاپیاں فراہم کر دی گئیں اور کہا گیا کہ ایف آئی آر کے درج ہونے کے 6 ماہ بعدپرویزالہٰی کا نام ڈالا گیا، کیس میں نامزد اسد عمر،چیئرمین پی ٹی آئی سمیت دیگر کی ضمانتیں منظور کی جا چکی ہیں، استدعا ہے کہ پرویزالہٰی کی ضمانت منظور کی جائے۔

پراسیکیوشن کی جانب سے پرویز الہٰی کی ضمانت کی مخالفت کی گئی ، تاہم عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں چوہدری پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔

عدالت نےپرویزالہٰی کی 20 ہزار کے ضمانتی مچلکوں کےعوض ضمانت منظور کی اور چوہدری پرویز الٰہی کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

جج انسداد دہشت گردی عدالت نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی سے دوران ریمانڈ کچھ برآمد نہیں ہوا، ملزم سےمزید تفتیش بھی نہیں ہونی، جس پر،پراسیکیوٹرراجہ نوید نے بتایا کہ ایف آئی آر جن دفعات کے تحت درج کی گئی وہ ناقابل ضمانت ہے، مخبر کی اطلاع پرپرویزالہٰی کو گرفتار کیا گیا تو جج ابو الحسنات ذوالقرنین کا کہنا تھا کہ ایف آئی آرمیں پرویزالہٰی نامزد نہیں۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اوپن کورٹ میں فیصلہ تحریر کروایا۔

’عمان: طلباء پر جسمانی تشدد کرنے والے ہوشیار!‘

0

عمان میں طلباء پر جسمانی تشدد کے حوالے سے بنائے گئے قوانین کی وضاحت کردی گئی ہے، عمان کا نیا سکول ایجوکیشن لاء، جو شاہی فرمان 31/2023 کے ذریعے بیان کیا گیا ہے، جس میں طالب علموں کی فلاح و بہبود کی خاطر اساتذہ اور انتظامی عملے کی ذمہ داریوں کا ذکر کیا گیا ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسکول انتظامیہ کو ضوابط کے طریقہ کار کے مطابق طالب علم کے سرپرست کو طالب علم کی بے قاعدگی کے حوالے سے آگاہ کرنا چاہئے۔

آرٹیکل (91) کے مطابق تعلیمی عملے کے ارکان اسکول کے پرنسپل، یا اس کے نمائندے کو اسکول کے دائرہ کار میں ہونے والے کسی جرم کے بارے میں مطلع کریں گے، جو واقعہ کی اطلاع اسکے وقوع پذیر ہونے کے 24 گھنٹے کے اندر، قریبی پولیس سٹیشن کو تحریری طور پر رپورٹ کرے گا۔

اس آرٹیکل کی دفعات کی خلاف ورزی کی صورت میں، خلاف ورزی کرنے والے کو 24 گھنٹے سے کم اور 10 دن سے کم قید کی سزا دی جائے گی، اور جرمانہ 200 سے کم اور 1,000 عمانی ریال سے زیادہ نہیں ہوگا۔

آرٹیکل (43)کے مطابق طلباء کو اعلیٰ معیار کی تعلیم حاصل کرنے کا حق ہے جو بین الاقوامی معیار پر پورا اترتی ہو۔

آرٹیکل (44) کے مطابق طلباء کو تعلیمی خدمات حاصل کرنے کے مساوی حقوق حاصل ہیں، اور ان کے درمیان نسل، اصل، رنگ، زبان، مذہب، فرقہ، جائے پیدائش، ملک، سماجی حیثیت، یا کسی اور وجہ کی بنیاد پر امتیاز کرنا جائز نہیں ہے۔

آرٹیکل (27) کے مطابق طالب علم بنیادی تعلیم کے مرحلے میں اس وقت تک جاری رہتا ہے جب تک کہ وہ اسے پاس نہ کر لے یا 17 سال کی عمر تک نہ پہنچ جائے۔

طبی اتھارٹی کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ کی بنیاد پر ان لوگوں کو استثنیٰ دیا گیا ہے جن کی صحت کی خصوصی حالت ہے،جو لوگ 17 سال کی عمر کو پہنچ چکے ہیں وہ اپنی تعلیم جاری رکھنے کے لیے بالغوں کی تعلیم میں ایڈمیشن حاصل کرسکتے ہیں۔

آرٹیکل (58)کے مطابق تدریسی عملے کے ارکان کو تعلیمی معیارات اور سیکھنے کے معیار کو حاصل کرنے کے لیے بہترین تعلیمی طریقوں اور اصولوں کا اطلاق کرنا چاہیے، اور فعال سیکھنے کو متحرک کرنے والا ماحول فراہم کرنا چاہیے۔

آرٹیکل (59) کے مطابق تدریسی عملے کے ارکان کو نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے والے طلباء کو جسمانی سزا دینے سے منع کیا گیا ہے۔

آرٹیکل (28) کے مطابق ایک طالب علم جو تعلیمی میدان میں سبقت لے جاتا ہے اسے بنیادی تعلیم کے مرحلے کے دوران ضابطوں میں مقرر کردہ کنٹرولز کے مطابق اعلیٰ گریڈ یا اس سے زیادہ تک ترقی دی جا سکتی ہے۔

نگراں وزیراعظم کا ڈی جی آئی ایس آئی کی مدت میں توسیع کی تردید سے گریز

0
ڈی جی آئی ایس آئی نگراں وزیراعظم

اسلام آباد : نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ڈی جی آئی ایس آئی کی مدت میں توسیع کی تردید سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ ایسا نہیں ہے کہ اس کی پبلک کی سطح پربات کی جائے۔

تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اے آر وائی نیوز کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس آئی کی مدت میں توسیع کی تردید سے گریز کیا۔

انوار الحق کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ ایسا نہیں ہے کہ اس کی پبلک کی سطح پربات کی جائے، ڈی جی آئی ایس آئی کی مدت کا معاملہ نیشنل سیکیورٹی ہے، میں اپنے اختیارات کا استعمال کروں گا۔

نگراں وزیراعظم نے مزید کہا کہ معیشت اوردہشت گردی پاکستان کےلیےبڑےتھریٹ ہیں، ہم قطعاٍنہیں کہتےکہ افغان حکام نےدہری پالیسی اپنائی ہوئی ہے، موجودہ افغان حکومت کو اپنے چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغان حکومت کو بھی اپنے ملک کے لیے کام کرنے کیلئے تھوڑا وقت دیناچاہیے، پاکستان کےچپےچپےکی حفاظت ہماری ذمہ داری ہےاورتحفظ کریں گے، کسی کوکوئی غلط فہمی نہ رہےاپنےوطن اوراپنےعوام کی حفاظت کریں گے۔

افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی

0
افغان سرزمین

کابل : افغانستان نے اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کرا دی، جس کے بعد طورخم بارڈرآج کھولے جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق افغان عبوری حکومت کے وزیرخارجہ مولوی امیر خان متقی نے اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کرادی۔

افغان وزیرخارجہ نے پاکستان کے ناظم الامور سے ملاقات میں یقین دہانی کرائی اور کہا کہ افغان سرزمین پاکستان کیخلاف معاندانہ کارروائیوں کیلئےاستعمال نہیں ہوگی۔

اس موقع پر مولوی امیر خان متقی نے پاکستان سے انسانی بنیادوں پرطورخم بارڈر کھولنے کی درخواست کی ہے، جس پر پاکستان نے کہا کہ افغان حکومت کی درخواست پر غور کیا جائے گا۔

افغان حکومت کی درخواست پر طورخم بارڈر آج کھولے جانے کا امکان ہے۔

یاد رہے پاک افغان بارڈر طورخم کی گزرگاہ کے قریب چیک پوسٹ کے قیام پر افغان فورسز کے ساتھ پیدا ہونے والی کشیدگی کے باعث طورخم بارڈر بند کردیا گیا تھا ، بارڈ بند ہونے کی وجہ سے سرحد کے دونوں طرف ہزاروں مال بردار گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔

طورخم سرحد پر پاک افغان حکام کے مابین دو روز قبل مذاکراتی اجلاس بھی ہوا تھا، جس میں سرحدی گزرگاہ کھولنے پر بات چیت ہوئی تاہم اس اجلاس کے خاطرخواہ نتائج سامنے نہیں آئے تھے۔

واضح رہے کہ افغان فورسز سرحدی گزرگاہ کے قریب چیک پوسٹ قائم کرنا چاہتے تھے جس پر پاکستان اور افغان فورسز کے درمیان مسلح جھڑپ ہوئی، واقعے میں افغان فورسز کے دو اہلکار مارے گئے جبکہ ایک ایف سی اہلکار زخمی ہوا تھا۔

ایشیا کپ میں بچھا اسپنرز کا جال، مگر پاکستانی اسپنرز رہے بے حال

0

ایشیا کپ میں پاکستان خالی ہاتھ رہ گیا ایونٹ میں اسپنرز نے مخالف بیٹرز کو جکڑنے کے لیے جال بچھایا لیکن پاکستان کے کسی اسپنر نے کوئی کمال نہ دکھایا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق جمعرات کو پاکستان ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں سری لنکا سے شکست کے بعد ایونٹ سے خالی ہاتھ نکل گیا۔ اتوار کو فائنل بھارت اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پاکستان کے بولرز 42 اوورز میں 252 رنز کے معقول ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام رہے۔ پورے ایونٹ میں بھارت ہو یا سری لنکا یا پھر بنگلہ دیش مخالف ٹیم کے بیٹرز کو ڈھیر کرنے کے لیے سب سے اسپنرز کا جال بچھایا لیکن پاکستانی اسپنرز کی نے کوئی کمال نہیں دکھایا۔

سری لنکا کے ویلالاگے اور تھیک شانا نے حریفوں کی ایک نہ چلنے دی۔ ویلا لاگے نے 10 اور شانا نے 8 وکٹیں اڑائیں خاص طور پر بھارت کے بڑے ناموں والے ٹاپ آرڈر سمیت 5 بلے بازوں کو پویلین بھیج کر واہ واہ سمیٹی۔

بھارت کے کلدیپ یادیو نے تو تین اننگ میں ہی 9 شکار کیے اور پاکستان اور سری لنکا کی بیٹنگ لائن اکیلے ہی تہس نہس کر ڈالی۔

مگر بات کریں پاکستانی اسپنرز کی تو وہ بیٹرز کا شکار کرنے کے بجائے خود مخالف بلے بازوں کا ٹارگیٹ بنے رہے۔ شاداب خان نے 4 اننگ میں 6 وکٹیں لیں جس میں چار وکٹیں تو کمزور ترین ٹیم نیپال کے خلاف تھیں۔ ان وکٹوں کے لیے شاداب نے مخالفین کو کھل کر رنز بنانے کا موقع دیا اور ان کی اکانومی 6 سے بھی زیادہ رہی۔

نواز بھی کچھ نہ کر سکے۔ ایونٹ کے تین میچ کھیلے لیکن ہاتھ صرف ایک وکٹ آئی ٹیم میں اسپیشلسٹ اسپنر اسامہ میر کو تو موقع ہی نہ ملا۔

ایشیا کپ میں پاکستان کی ناقص کارکردگی، کامران اکمل نے ٹیم منیجمنٹ پر بڑا الزام عائد کر دیا

کمزور اسپن اٹیک سے ایشیا کپ تو گیا ہاتھ سے اب آئندہ ماہ شروع ہونے والے ورلڈ کپ جیتنے کا خواب بھی خطرے میں پڑ گیا ہے۔

’سعودی یمن تنازعہ، اہم خبر سامنے آگئی‘

0

سعودی عرب نے عمان کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات کے فیصلوں پر عمل درآمد کرانے کے لئے عملی قدم اُٹھالیا، سعودیہ کی دعوت پر جنگ بندی مذاکرات کیلئے یمنی حوثیوں کا وفد صنعا سے ریاض کیلئے روانہ ہوگیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی یمن تنازعہ کا تمام یمنیوں کیلئے قابل قبول مستقل حل تلاش کرنے اور عارضی جنگ بندی کو حتمی انجام تک پہنچانے کیلئے حوثی وفد کو مذاکرات کیلئے دعوت دی تھی۔

عرب میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سعودی عرب کے شہر ریاض میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کیلئے یمن کے حوثی اور عمانی وفود روانہ ہو چکے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اس سے قبل عمان میں دونوں فریقین کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد سعودی سفارت کاروں کے وفد نے صنعا کا دورہ کیا تھا۔2014 کی یمنی خانہ جنگی کے بعد حوثی حکام پہلی مرتبہ سعودی عرب کا سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ سعودیہ اور یمن تنازع میں ہزاروں یمنی شہری اپنی زندگیوں سے محروم ہوچکے ہیں، جبکہ 80 فیصد سے زائد یمنی آبادی کو انسانی ہمدری کے تحت ملنے والی امداد پر گزارا کرنا پڑا تھا۔

عام انتخابات کب ہوں گے ،اس کا جواب ہمارے پاس نہیں ہے ، نگراں وزیراعظم

0
نگراں وزیراعظم انتخابات

اسلام آباد : نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کب ہوں گے اس کا جواب ہمارے پاس نہیں ہے، الیکشن کراناالیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ہماری نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کچھ دن پہلےہی پتہ چلاتھاکہ نگراں وزیراعظم کیلئے میرا نام دیا جا رہا ہے، جوتاثرمیرےبارےبنایاجارہاہےوہی دیگرکیلئےبھی رہا، میرےلئےیہ تاثر کوئی اچنبھےکی بات نہیں۔

صدر مملکت کے خط سے متعلق سوال پر انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ صدرنےخط کےذریعےتجویزدی ہےکوئی فیصلہ نہیں دیا، صدرنےالیکشن کمیشن کوتجویزدی ہےوہی جواب دےسکتے ہیں، صدرعارف علوی آئینی طورپرملک کےسربراہ ہیں، ان کی بھی ایک رائے ان کاسیاسی جماعت سےتعلق بھی ہے۔

انھوں نے بتایا یکم ستمبر کو ایوان صدرمیں ملاقات میں شریک نہیں تھا، صدر کے خط کا کوئی قانونی پہلو نہیں ہے، جب تک سپریم کورٹ کاکوئی فیصلہ نہیں آتا ہم کام جاری رکھیں گے۔

انتخابات کے حوالے نگراں وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ہماری نہیں، انتخابات کب ہوں گے ، اس کا جواب ہمارے پاس نہیں، ہم ایک دن رہیں یاایک مہینہ رہیں قانون کےتحت ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت غیرجانبدارہوتی ہے، پوری کوشش کررہاہوں کہ نگراں حکومت پرجانبداری کاالزام نہ لگے، پارلیمنٹ سےجوقانون پاس ہوئےان پرہی عمل کررہےہیں ، الیکشن سےمتعلق سپریم کورٹ جوبھی فیصلہ کرےگی اس پرعمل کریں گے۔

نمائندہ مہر بخاری نے سوال کیا کیا آپ خیبرپختونخوا اور پنجاب کی نگراں حکومتوں کو قانونی سمجھتے ہیں تو انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کی نگراں حکومتیں قانونی ہیں، اخلاقی طور پر دباؤ میں بھی قانون کے مطابق فیصلےکرنےچاہئیں، قانون سازی پارلیمنٹ کا اختیار ہے،قانون کی تشریح عدالتوں کاکام ہے، نیب ترامیم پر عدالتی فیصلہ دیکھ کر نظرثانی سے متعلق فیصلہ کرین گے۔

نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں بھی اپناووٹ اس جماعت کودوں گاجس کےپاس معاشی پروگرام ہوگا، کابینہ میں جن لوگوں کوشامل کیا کوشش ہےسیاسی کارکن نہ ہو ، نگراں حکومت کوئی بھی غیرقانونی کام نہیں کرے گی ،نگراں حکومت کاجوبھی وقت ہےاسےملکی قوانین نےتحفظ دیاہوا ہے۔

بلاول بھٹو سے متعلق انھوں نے کہا کہ بلاول بھٹوجن تحفظات کااظہارکررہاہےاچھی بات ہے، میں مطمئن ہوں،نگراں حکومت آئینی وقانونی طورپربنائی گئی ہے، نگراں حکومت میں ہماراایک منٹ بھی غیرقانونی نہیں ہوگا۔

مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل کافیصلہ اس میں بیٹھنےوالےدیں گے، مشترکہ مفادات کونسل کاجواب میں کیوں دوں، نگراں حکومت تمام کام قانون کےمطابق کرےگی۔

نگراں وزیراعظم نے مزید کہا کہ میرا خیال ہے جو محدود مدت ہے اس میں الیکشن ہوجائیں گے ، الیکشن کب ہوں گےاس کاقانونی جواب ہمارےپاس نہیں ہے، الیکشن سےمتعلق جس کے پاس قانونی جواب ہےاس کےپاس کوئی جاتا ہے، الیکشن کمیشن پراعتمادہے،الیکشن کمیشن نےاپناپروسیس شروع کیاہوا ہے۔

ایشیا کپ میں پاکستان کی ناقص کارکردگی، کامران اکمل نے ٹیم منیجمنٹ پر بڑا الزام عائد کر دیا

0

ایشیا کپ کے اہم میچ میں پاکستان سری لنکا سے شکست کھا کر ایونٹ سے خالی ہاتھ باہر ہوگیا ٹیم کی ناقص کارکردگی کا ذمے دار کامران اکمل نے ٹیم منیجمنٹ کو قرار دے دیا۔

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے انتہائی اہم ترین میچ میں پاکستان سری لنکا سے شکست کھانے کے بعد خالی ہاتھوں ایونٹ سے باہر ہوگیا۔ میچ کے دوران اے آر وائی نیوز پر الیونتھ آور کے ایشیا کپ کے حوالے سے خصوصی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق قومی وکٹ کیپر نے شکست کا ملبہ ٹیم منیجمنٹ پر ڈال دیا۔

پروگرام میں جب اسپورٹس صحافی شاہد ہاشمی نے ایشیا کپ میں بابر اعظم کی کپتانی کو بدترین قرار دیا تو کامران اکمل نے اس سے اتفاق نہیں کیا اور کہا کہ میرے خیال میں کپتانی خراب نہیں بلکہ ٹیم منیجمنٹ کپتان کو خراب کرنے کے چکر میں ہے۔

کامران اکمل کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں پاکستان کی اس کارکردگی کا قصوروار میں ٹیم منیجمنٹ کو قرار دوں گا کہ انہوں نے اسپیشلسٹ اسپنر کھلانے کے بجائے آل راؤنڈر پر توجہ دی۔ سری لنکا کے خلاف میچ میں ہمارے پاس بالنگ آپشن ایسی نہیں تھی کہ بابر اٹیکنگ فیلڈ رکھتے۔

سابق وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ ٹیم منیجمنٹ دیکھ رہی تھی کہ ایشیا کپ می اسپنرز کارکردگی دکھا رہے ہیں تو قومی ٹیم میں اسپیشلسٹ اسپنرز کے بجائے اضافی بیٹنگ بڑھائی گئی۔ بے شک شاداب کو ڈراپ نہیں کرسکتے لیکن اسامہ میر کو کھلانا چاہیے تھا تاکہ وہ مڈل اوور می آکر وکٹیں لیتا اور حریف ٹیم پر دباؤ ڈالتا جیسا کہ سری لنکا کا نوجوان لیفٹ آرم اسپنر ویلالج کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 252 کے ہدف کے تعاقب میں دیکھیں کہ سری لنکا نے شروع کے 10 اوورز میں 62 کیے تھے لیکن ہمارے پاس مڈل اوور میں وکٹ ٹیکنگ بولر نہیں تھا۔ یہی وجہ تھی کہ سری لنکن پوری اننگ میں نروس نہیں لگے، وہ بڑی ہٹس کی طرف بھی نہیں گئے اور سنگل ڈبل پر فوکس کیا اس موقع پر ہمیں اسپیشلسٹ اسپنر کی کمی محسوس ہوئی۔

کامران اکمل نے مزید کہا کہ جو سب کی سمجھ میں آ رہا ہے وہ ٹیم منیجمنٹ کب سمجھے گی۔ ایسی ٹیم جس میں اسپیشلسٹ اسپنر کو منتخب نہیں کیا گیا مطلب ٹیم منیجمنٹ کپتان کا اعتماد ہی خراب کر رہی ہے اور یہ میں اپنے تجربے کی بنیاد پر کہہ رہا ہوں۔

 

تاہم اسپورٹس جرنلسٹ شاہد ہاشمی نے کامران اکمل کی رائے سے اتفاق نہیں کیا اور کہا کہ بابر اعظم کمزور نہیں بلکہ طاقتور کپتان ہیں اور ٹیم بھی ان کی مرضی سے منتخب کی گئی۔ وہ چاہتے تو اسامہ میر کو شامل کرا سکتے تھے۔ وسیم جونیئر اور زمان خان ایک جیسے بولر ہیں ان سے بہتر ہوتا کہ اسپیشلسٹ اسپنر شامل کرتے۔

لائیو کوریج کے دوران خاتون صحافی کو ہراساں کرنے والا شخص گرفتار

0

اسپین میں لائیو کوریج کے دوران خاتون صحافی کو ہراساں کرنے والے شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسپین کی خاتون صحافی ایزابالڈو کو میڈرڈ میں ڈکیتی کی واردات کی لائیو رپورٹنگ کے دوران ایک شخص کی جانب سے ہراسگی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

جس وقت یہ واقعہ رونما ہوا اس موقع پر اسٹوڈیوز میں موجود میزبان نے صحافی سے ہراسانی کی تصدیق کرتے ہوئے اس شخص کو کیمرے میں لانے کا کہا تاہم کیمرے پر بھی ہراساں کرنے والے شخص کو کسی شرمندگی کا سامنا نہیں ہوا۔

ہراسگی واقعے کو ہسپانوی ٹی وی چینل نے ناقابل برداشت قرار دیا ہے، جبکہ لیبر منسٹر کا کہنا ہے ملزم کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔کسی صورت معافی نہیں دی جائے گی۔

اس سے قبل امریکا میں ایک واقعہ رونما ہوا تھا جس میں رپورٹنگ کے دوران سامنے آنے والے تماشائی کو خاتون صحافی نے سبق سکھا یا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھی۔

امریکی ریاست لاس ویگاس میں آئس ہاکی میچ کے دوران امریکی ٹی وی کی خاتون صحافی سمانتھا ریویرا لائیو ٹی وی پربات کررہی تھیں اس دوران وہاں موجود ایک شخص نے کیمرے کے سامنے آنے کی کوشش کی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون صحافی نے اس دوران اپنی نظریں کیمرے پر ہی رکھیں اور اس شخص کو اپنے دوسرے ہاتھ سے کیمرے کے سامنے آنے سے روک دیا۔

بعدازاں خاتون صحافی نے سوشل میڈیا پر اس واقعے سے متعلق بھی بتایا۔

سمانتھا ریویرا نے لکھا کہ ’سنو! مجھے اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کس ٹیم کے لیے چیخ رہے تھے، جب میں کام کررہی ہوں تو میرے سامنے سے ہٹ جائیں اور اس بات کا احترام کریں کہ میں یہاں اپنا کام کرنے آئی ہوں۔‘

خاتون صحافی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل خوب وائرل ہوئی اور صارفین بھی سمانتھا ریویرا کے اقدام کی حمایت کررہے ہیں۔