بدھ, جون 18, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 6593

‘قمر باجوہ اور فیض حمید قومی مجرم ہیں’

0
راناثنااللہ

اسلام آباد : مسلم لیگ نون کے رہنما راناثنااللہ کا کہنا ہے کہ قمرباجوہ اورفیض حمید قومی مجرم ہیں، جیسے مشرف کو کٹہرے میں لائے تھے ان لوگوں کو بھی انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگن کے رہنما رانا ثنااللہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی خواہش ہے ملک کو اس حال تک پہنچانے والوں کا احتساب ہونا چاہیے، قمرباجوہ اورفیض حمید قومی مجرم ہیں۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ معیشت کا بھٹہ بٹھانے کے یہ لوگ ذمہ دارہیں، جن لوگوں نے ملک کو اس حال تک پہنچایا ان کیخلاف مقدمہ ہوناچاہیے۔

سابق وزیر نے کہا کہ کوئی یہ سمجھےکہ ہم نے آتے ساتھ ہی انتقام کے پیچھے پڑجاناہے، جیسے مشرف کو کٹہرےمیں لایا گیا ان لوگوں کو بھی لانا چاہیے، ہم نے مشرف کو کٹہرے میں لانےکیلئے مشکلات بھگتیں۔

نواز شریف کے بیان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا کل پارٹی اجلاس میں بیان پالیسی بیان ہے، جنہوں نے ملک کو اس صورتحال دو چار کیا ان کا احتساب ہونا چاہیے۔

رانا ثنااللہ نے بتایا کہ قمر جاوید باجوہ کو میں نے کہا تھا آپ نے میرے خلاف کیس بنایا ہے تو قمرباجوہ کا کہنا تھا کہ میں نے کیس نہیں بنایا، جس پر میں نے کہا آپ نے ہی بنایا ہے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ نوازشریف کی واپسی پر لاکھوں کارکنوں کولاہورلانا چاہتے ہیں،ان کوایئرپورٹ سےاقبال پارک لےجایاجائےگا، نواز شریف اقبال پارک میں عوام سےخطاب کریں گے۔

لیول پلیئنگ فیلڈ متاثر کرنے کا الزام : خواجہ آصف کا بلاول کو جواب

0
خواجہ آصف بلاول

اسلام آباد : نون لیگ کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے چیئرمین پی پی بلاول کے لیول پلیئنگ فیلڈ متاثر کرنے کے الزام کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تو فیلڈ تیار ہی نہیں ہوئی، لیول کیسے ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق نون لیگ کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اتحادی حکومت میں 14ماہ عزت سے گزارے، میری خواہش ہے بطور اتحادی ہم الیکشن لڑیں، پیپلزپارٹی کیساتھ مل کر الیکشن لڑیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہماراحکومتی اتحاد کا تجربہ اچھا رہا، اچھاتعلق نہ ہوتاتوہم14دن بھی نہیں چل سکتےتھے، مستقبل میں بھی اچھا رہ سکتا ہے۔

بلاول کے لیول پلیئنگ فیلڈ متاثر کرنے کے الزام پر انھوں نے کہا کہ ابھی تو فیلڈ تیار ہی نہیں ہوئی، لیول کیسے ہوگا، الیکشن شیڈول آئے گا تو انتخابی مہم چلے گی پھر شکایت کا جواز ہوگا۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ پی پی کی شکایت سے ہماراکوئی لینادینانہیں ہے، نگراں حکومت سےہماراکوئی تعلق نہیں ہے اور ن لیگ کانگراں حکومت میں کوئی عمل دخل نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے بارے میں تاثر ہے وزیراعلیٰ پی پی سے پوچھے بغیرکچھ نہیں کرتے، سنا ہے سندھ میں بہت سے تعیناتیاں پیپلزپارٹی کی مرضی سے ہوئی ہیں۔

پیپلز پارٹی کے حوالے سے خواجہ آصف نے بتایا پی پی کا پنجاب سے متعلق جو اعتراض ہے یہ سنی سنائی باتیں ہوتی ہیں، پنجاب والی بات سندھ کے بارے میں بھی کہی جاسکتی ہے، بہت سی باتیں سنی سنائی ہوتی ہیں لیکن ان کا حقیقت سےتعلق نہیں ہوتا۔

سابق وزیر نے کہا کہ ساتھ چلنے کی آصف زرداری کی خواہش کااحترام کرتےہیں، ہماری بھی خواہش ہے، ہماری سیاست میں 90 کی دہائی میں تلخی تھی لیکن اب ایسا نہیں ہے۔

اسرائیلی فورسز نے نہتے فلسطینیوں پر ڈرون حملے شروع کر دیے، 4 شہید

0

جنین: اسرائیلی فورسز نے نہتے فلسطینیوں پر ڈرون حملے شروع کر دیے ہیں، صہیونی فورسز کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین اور غزہ کی پٹی میں 4 فلسطینی شہید کر دیے گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین پر ڈرون حملے میں اور مشرقی غزہ کی پٹی میں صہیونی قابض افواج کی تازہ وحشیانہ کارروائیوں میں کم سے کم چار فلسطینی نوجوان شہید اور 41 زخمی ہو گئے۔

جنین میں وزارت صحت نے بتایا کہ شہر کے خلیل سلیمان سرکاری اسپتال اور ابن سینا اسپیشلائزڈ اسپتال میں تین شہدا کی لاشیں اور 30 زخمی لائے گئے، ان میں بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

وزارت صحت کے مطابق شہید ہونے والوں کی شناخت 23 سالہ محمود علی نافع السعدی، 24 سالہ محمود خالد عرعراوی اور 22 سالہ رفعت عمر خمایسہ کے ناموں سے کی گئی ہے۔ غزہ کی پٹی میں اندھا دھند فائرنگ سے شہید ہونے والے فلسطینی کی شناخت 25 سالہ یوسف سالم رضوان کے نام سے ہوئی ہے۔

قابض فوج نے شہدا الاقصیٰ بریگیڈز کے رہ نما محمد ابو البھاء کے گھر کو گھیرے میں لے لیا اور گھر کی طرف فائر اور راکٹ سے چلنے والے دستی بم داغے جس سے گھروں کو آگ لگ گئی، جھڑپوں کے ساتھ اسرائیلی فوجی طیارے جنین کے اوپر سے پرواز کر رہے تھے، قابض فوج نے اعلان کیا کہ معوز ڈرون نے جنین کیمپ پر حملہ کیا۔

ادھر غزہ کی پٹی میں قابض فوج نے چار مقامات پر احتجاجی مظاہروں کو کچلنے کے لیے آپریشن کیا جس میں ایک نوجوان شہید اور 11 شہری زخمی ہو گئے۔

کویت میں سڑکوں کی دیکھ بھال اب کونسا ملک کریگا؟

0

کویت کی وزارت تعمیرات عامہ نے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی سڑکوں کی مرمت کرنے والی کمپنیوں کی طرف سے پیش کردہ بولیوں جانچنے کے امور انجام دینے والی غیر جانبدار تکنیکی کمیٹی نے ”حولی اور جہرہ گورنریٹس میں سڑکوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ایک امریکی کمپنی کو دینے کی منظوری دے دی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امکان ہے کہ ”شمالی علاقے کے لیے ہائی ویز کا ٹینڈر بھی اسی کمپنی کو دیا جائے گا، کیونکہ اس نے سب سے کم قیمتیں آفر کی ہیں۔

ذرائع کی جانب سے اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ کویت کی سڑکوں کی مرمت کے طریقہ کار بنیادی طور پر ورک آرڈر کنٹریکٹس ہیں، یعنی وزارت کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ امریکی کمپنی کو کام تفویض کرے تاکہ وہ دیگر گورنریٹس میں کوئی بھی کام انجام دے سکے، اور یہ دیکھ بھال کا کام صرف حولی اور جہرہ گورنریٹس تک محدود نہیں ہے، اس کے علاوہ بھی ہے۔

دوسری جانب کویت کی وزارت داخلہ نے احکامات جاری کئے ہیں کہ تارکین وطن کی طرف سے ٹریفک جرائم سمیت مختلف خلاف ورزیوں پر کریک ڈاؤن کو مزید سخت کیا جائے۔

سرکاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ مارچ سے اگست کے درمیان 18000 سے زائد تارکین وطن کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور دیگر وجوہات کی بنا پر کویت سے ڈی پورٹ کردیا گیا۔

2023کی اگر بات کی جائے تو ابتدائی 8 ماہ کے دوران ریکارڈ کی گئی ٹریفک کی خلاف ورزیوں کی کل تعداد 2.6 ملین سے تجاوز کر گئی، جن میں سے تقریباً 1.95 ملین بالواسطہ خلاف ورزیاں تھیں۔

ٹریفک آگاہی کے محکمے کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل نواف الحیان کا کہنا ہے کہ تقریباً چھ ماہ کے دوران ٹریفک کی سنگین خلاف ورزیوں جیسے کہ تیز رفتاری، ریڈ سگنل توڑنا، ریسنگ، مسافروں کو لے جانے، ون وے میں گاڑی چلانا یا لائسنس کے بغیر ڈرائیونگ کرنے کے سنگین جرائم میں ملوث 18,486 غیر ملکیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شیخ طلال الخالد الصباح کی ہدایت پر تمام گورنریٹس میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی اور سیکورٹی اہلکاروں کی موجودگی کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک کو منظم کرنے، بھیڑ کو کم کرنے اور لاپرواہ ڈرائیوروں کو کنٹرول کرنے کے لیے ”یکم جنوری سے 30 اگست تک کے آٹھ مہینوں میں 2,630,338 ٹریفک خلاف ورزیاں جاری کی گئیں جن میں 1,954,858 بالواسطہ خلاف ورزیاں اور 675,480 براہ راست خلاف ورزیاں کی گئیں۔

رونالڈو نے زار وقطار روتے ننھے ایرانی فین کی خواہش پوری کر دی، ویڈیو وائرل

0

عالمی شہرت یافتہ فٹبالر نے اپنی محبت میں زور وقطار رونے والے ننھے ایرانی فین سے ملاقات کرکے اس کا خواب پورا کر دیا اس موقع پر اسے یادگار تحفہ بھی دیا۔

پرتگال سے تعلق رکھنے والے اور سعودی النصر کلب کے اہم رکن عالمی شہرت یافتہ اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو جو گزشتہ روز ایران پہنچے تھے۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے ثابت کر دیا کہ وہ بڑے کھلاڑی ہونے کے ساتھ بڑے انسان بھی ہیں اور اپنی محبت میں پھوٹ پھوٹ کر رونے والے ننھے ایرانی فین کا خواب پورا کرتے ہوئے اس سے خصوصی ملاقات کی اور یادگار تحفہ دیا۔

کرسٹیانو رونالڈو جو پیر کو ایرانی دارالحکومت تہران پہچنے تھے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور ہزاروں مداح ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے ایئرپورٹ پر جمع ہونے کے ساتھ ہوٹل روانگی کے وقت بھی دیوانہ وار ان کی بس کے ساتھ دوڑتے رہے جب کہ ہوٹل کے باہر بھی ایک بڑی تعداد ان کے دیدار کے لیے موجود تھی۔

جہاں بڑے بڑے پرستاروں کو اپنے ہیرو سے ملاقات کا موقع نہ مل سکا وہیں ایک چھوٹے سے فین نے نہ صرف رونالڈو سے ملاقات کی بلکہ ان سے یادگار تحفہ شرٹ کی صورت میں بھی پایا۔

ہوا کچھ یوں کہ تہران کے اسپیناس پیلس ہوٹل جہاں رونالڈو کا قیام ہے وہا اسٹار فٹبالر کو دیکھنے اور ملاقات کے لیے موجود مداحوں میں ایڈریان نامی کمسن پرستار بھی موجود تھا جو اپنے ہیرو کو نہ دیکھنے پر زار وقطار رونے لگا اور اس کی یوں پھوٹ پھوٹ کر رونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ایڈریان کی خود سے یوں والہانہ محبت اور جذبات میں آکر رونے کا جیسے ہی کرسٹیانو رونالڈو اور سعودی فٹبال کلب النصر کو پتہ چلا تو النصر کے عہدیداروں نے ننھے مداح کی خواہش پوری کرنے کے لیے اس کی ہوٹل میں اپنے ہیرو سے ملاقات کرانے کا فیصلہ کیا جس کے بعد بچے کو ہوٹل میں رونالڈ کے کمرے میں لے جایا گیا۔

اس موقع پر اسٹار فٹبالر نے ایڈریان کو ایک شرٹ بھی تحفے میں دی۔ ملاقات کے دوران کمسن پرستار جس نے النصر کی شرٹ پہن رکھی تھی اس نے رونالڈو کے مشہور “Siu” جشن کی نقل کی جس پر رونالڈو ہنس پڑے اور اس کی پہنی ہوئی شرٹ پر آٹو گراف بھی دیا۔

اس ملاقات کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جا سکتا کہ ہوٹل کے کمرے میں رونالڈو اپنے ننھے چاہنے والے کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے اسے گلے لگاتے ہیں اور خصوصی پوز دیتے ہوئے تصویر بنانے کے ساتھ گفتگو کرتے ہیں۔

صحافی عمران ریاض کی بازیابی کیلئے آئی جی پنجاب کو آخری مہلت

0
صحافی عمران ریاض

لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے صحافی عمران ریاض کی بازیابی کیلئے آئی جی پنجاب کو 26 ستمبر تک مہلت دے دی اور کہا یہ آخری مہلت ہے، عمران ریاض کو پیش نہ کیا تو حکم جاری کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں صحافی عمران ریاض کی بازیابی کےلئے درخواست پر سماعت ہوئی ، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر بھٹی نے کیس کی سماعت کی۔

آئی جی پنجاب، ایڈیشنل آئی جی، ڈی آئی جی سمیت دیگر افسران عدالت میں پیش ہوئے، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے آٸی جی سے استفسار کیا کہ عمران ریاض کدھر ہے؟ ہمارے صبر کا پیمانہ اب لبریز ہوچکا ہے، یہ عدالتی حکم کی توہین ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ اُن کے موکل کا صبر بھی جواب دے چکا ہے، اگر مہلت دینا ہے تو صرف چوبیس گھنٹے کی دیں، جس پر آئی جی پولیس پنجاب نے استدعا کی کہ انہیں کم از کم اتنا وقت دیا جائے کہ عدالتی حکم کی تعمیل ہوجائے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ آئی جی صاحب پانچ ماہ ہو گئے ہیں اب تک بہت وقت دیا گیا ہے تو آئی جی پولیس پنجاب نے بتایا کہ ورکنگ گروپ سے درخواست گزار کی ملاقات کرائی ہے۔

عدالت نے آٸی جی پنجاب کی استدعا پر عمران ریاض کی بازیابی کیلئے 26 ستمبر تک مہلت دیتے ہوئے کہا یہ آپ کو عمران ریاض کی بازیابی کیلئے آخری مہلت ہے، آپ نےعمران ریاض کو پیش نہ کیا تو حکم جاری کریں گے۔

پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے کمزور ممالک کو وسائل فراہم کرنا ہوں گے، نگراں وزیر اعظم

0
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ

نیویارک : نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے زور دیا کہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے کمزور ممالک کو وسائل فراہم کرنا ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام پائیدار ترقیاتی اہداف سے متعلق لیڈرز ڈائیلاگ کا انعقاد کیا گیا ، نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ترقیاتی اہداف کیلئے وسائل اور سرمایہ کاری سے متعلق مباحثے سے خطاب کیا۔

انوارالحق کاکڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ترقی پذیر ملکوں کوترقیاتی اہداف کے حصول میں وسائل کی کمی کا سامنا ہے، پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے کمزور ممالک کو وسائل فراہم کرنا ہوں گے۔

نگراں وزیراعظم نے زور دیا کہ پائیدار ترقی کیلئے یکساں ترقی ضروری ہے ، قرض میں پھنسے ممالک کیلئے لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا، 500 ارب ڈالرز کے ایس ڈی آرز کوقرض ادائیگی سے مشروط کیا جاسکتا ہے۔

یاد رہے گذشتہ روز نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے امریکا میں مصروف دن گزارا، جنرل اسمبلی کے اٹہھترویں اجلاس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

وزیراعظم نےعالمی ترقیاتی تعاون سے متعلق اجلاس میں کہا تھا کہ چین کابیلٹ اینڈ روڈاقدام اورسی پیک پائیدارترقیاتی اہداف کے حصول میں اہمیت کاحامل ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے یواین اعلیٰ سطح مباحثے کے افتتاحی اجلاس میں بھی شرکت کی جبکہ ایرانی صدرسے ملاقات میں دوطرفہ اموراورخطے کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔

شوگر اور مرگی کی ادویات سے متعلق اہم خبر

0

اسلام آباد: ملک میں شوگر اور مرگی کی ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے، وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ ان امراض کی ادویات کی رجسٹریشن کا عمل ہنگامی بنیادوں پر شروع ہو چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کی ہدایت پر شوگر اور مرگی کی ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، انسولین اور ہیپارِن کی دوا کی ایمرجنسی بنیادوں پر رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ ڈریپ ترجیحی بنیادوں پر رجسٹریشن کے کیسز کی فاسٹ ٹریک پراسس کو یقینی بنا رہا ہے، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈریپ کو ہدایت کر دی ہے کہ فاسٹ ٹریک پر رجسٹریشن یقینی بنایا جائے اور ہفتہ وار رپورٹ دی جائے۔

وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ادویات کی رجسٹریشن سے خاص طور پر شوگر اور مرگی کے مریضوں کے لیے مارکیٹ میں ادویات کی فراہمی میں مدد ملے گی، فارما انڈسٹری کی صلاحیت بڑھانے کے لیے مؤثر ترین اقدامات اور جامع حکمت کے تحت کام کیا جا رہا ہے۔

ندیم جانے کے مطابق سی ای او ڈریپ نے بتایا ہے کہ رجسٹریشن بورڈ نے ترجیحی بنیادوں پر 10 سے زائد درخواستوں کا جائزہ لیا ہے اور متعدد درخواستوں کی منظوری دے دی ہے۔

بیٹی کی رخصتی پر شاہد آفریدی کا دل چھو لینے والا شفقت بھرا جذباتی پیغام

0

شاہد آفریدی کی بیٹی انشا گزشتہ شب شاہین شاہ کی دلہن بن کر پیا گھر سدھار گئیں ان کی رخصتی پر سابق کپتان نے شفقت بھرا جذباتی پیغام جاری کیا۔

شاہد آفریدی کی بیٹی انشا اور قومی اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی جو رواں سال فروری میں نکاح کے بندھن میں بندھے تھے۔ دونوں نے گزشتہ روز اپنی نئی زندگی کے سفر کی شروعات کر دیں۔

کراچی میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں شاہین شاہ اپنی دلہنیا کو بیاہ کر گھر لے گئے۔ شادی کی اس تقریب میں قومی کپتان بابر اعظم، سابق کرکٹرز سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات، عزیز واقارب اور دوستوں نے شرکت کی۔

ہر باپ کی طرح اس موقع پر شاہد آفریدی بھی بیٹی کی جدائی اور رخصتی پر جذباتی نظر آئے جس کا اظہار انہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر جذباتی پیغام پر مبنی ایک اسٹوری سے کیا۔

شاہد آفریدی کے اس پیغام میں باپ کی محبت اور شفقت کا بھرپور اظہار کیا گیا جس کو ان کے پرستار بے حد سراہ رہے ہیں اور نوجوان جوڑے کی خوشیوں بھرے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کر رہے ہیں۔

سابق اسٹار آل راؤنڈر نے اپنی انسٹا گرام اسٹوری میں ایک تصویر لگائی ہے۔ عقب سے لی گئی اس تصویر میں شاہد آفریدی بیٹی انشا اور داماد شاہین شاہ کے درمیان کھڑے اور دونوں کے کاندھوں پر ہاتھ رکھ رکھا ہے۔

شاہد آفریدی نے اس کے ساتھ شاعرانہ انداز میں جذباتی پیغام لکھا کہ ’’آیا تھا گھر میں نور ابھی کل کی بات ہے، رخصت بھی ہو رہا ہے وہ آنکھوں کے سامنے‘‘
باپ کی والہانہ محبت کا اظہار آگے چل کر وہ اس طرح کرتے ہیں اور لکھتے ہیں کہ ’’ڈوبا ہوا بھی ہے تیرے بابا کا دل مگر، امید صبح تو اسے آئی ہے تھامنے‘‘

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Shahid Afridi (@safridiofficial)

پرستار اور صارفین اس محبت بھرے جذباتی پیغام کو بے حد سراہ رہے ہیں اور صرف چند گھنٹوں میں اس پوسٹ کو 2 لاکھ سے زائد لائکس مل چکے ہیں۔

کینیڈا، بھارت کشیدگی، معیشت پر کیا اثرات مرتب ہوسکتے ہیں؟

0

کینیڈا اور بھارت کے درمیان حالیہ ہونے والے کشیدگی کے نتیجے میں دونوں ملکوں کی معیشت پر خطرات منڈ لانے لگے ہیں۔ اس حوالے سے کاروباری دنیا میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

اس بڑھتی ہوئی کشیدگی کے نتیجے میں صرف ہندوستان ہی نہیں بلکہ کینیڈا کی معیشت بھی بہت زیادہ متاثر ہوسکتی ہے، کینیڈا کی کمپنیوں میں بیشمار ہندوستانی کام کرتے ہیں۔ بڑے تجارتی شراکت دار ممالک کے درمیان سفارتی سطح پر جاری تنازعہ کینیڈا میں کام کرنے والی ہندوستانی فرموں کے لیے خطرے کا الارم بجا رہا ہے۔

ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ بھارت دیگر ممالک کے ساتھ ساتھ کینیڈا کے لئے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ملک ہے، کینیڈا کی معیشت میں ہندوستانی ہنرمندوں کی شراکت اور کینیڈا میں ہندوستانی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ 30بڑی کمپنیاں کینیڈا میں موجود ہیں،ان کی طرف سے ملک میں کی گئی سرمایہ کاری کی مالیت 40446 کروڑ روپے ہے، ان ہندوستانی کمپنیوں میں سے 85 فیصد نے مستقبل میں اختراع کے لیے فنڈنگ میں اضافے کی امید ظاہر کی ہے۔

ہندوستانی کاروبار کینیڈا میں اپنے عروج پر ہے، جس کے دونوں ممالک کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں، لیکن اس بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث کمپنیوں کے کاروبار بھی براہ راست متاثر ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

ہندوستانی کمپنیاں جو کینیڈا میں کاروبار کررہی ہیں ان کے ذریعے 17000 سے زائد لوگ روزگار سے جڑے ہوئے ہیں، ان کمپنیوں کے تحقیق و ترقی کے اخراجات بھی 700 ملین کینیڈین ڈالر بتائے جاتے ہیں۔

ہندوستانی آئی ٹی کمپنیوں کا کینیڈا میں بڑا کاروبار ہے۔ اس کے علاوہ ہندوستانی کمپنیاں سافٹ ویئر، قدرتی وسائل اور بینکنگ کے شعبوں میں اپنے امور انجام دے رہی ہیں، اس کے علاوہ کینیڈا کے پنشن فنڈز نے بھی ہندوستان میں 55 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ کینیڈا کی جانب سے 2022-23 میں بھارت کو 4.05 بلین ڈالر کا سامان برآمد کیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت 2021-22 میں سات بلین ڈالر تھی جو سال 2022-23 میں بڑھ کر 8.16 بلین ڈالر تک پہنچ گئی۔

گزشتہ سال 2022 میں ہندوستان کینیڈا کا 10 واں سب سے بڑا تجارتی شراکت دار تھا۔ مالی سال 2022-23 میں بھارت نے کینیڈا کو 4.10 بلین ڈالر کا سامان برآمد کیا۔