پیر, جون 30, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 7578

چیئرمین پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سے انتخابات کی گارنٹی مانگی، پی ڈی ایم کا دعویٰ

0
چیئرمین پی ٹی آئی عہدے

اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد کی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ہونے والی حالیہ ملاقات پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔

پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمداللہ نے اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سے انتخابات کی گارنٹی مانگی، ایسا کرنا ملکی سیاست میں عالمی ادارے کو مداخلت کی دعوت دینا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ملک میں انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے آئی ایم ایف کا نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے جلسوں میں بیرونی مداخلت کا ڈھونگ رچا کر قوم کو بے وقوف بنایا اور آج مداخلت کی دعوت دے کر کس کو بے وقوف بنانے کی کوشش ہے؟

حافظ حمداللہ نے کہا کہ یہ وہ منافقت ہے جس کا پردہ ہم 10 سال پہلے چاک کر چکے ہیں، امریکا کے بعد آئی ایم ایف سے مداخلت کی بھیک مانگنا کیا حقیقی آزادی ہے؟

آئی ایم ایف وفد کی پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقات کا احوال

یاد رہے کہ دو روز قبل دو روز قبل چیئرمین پی ٹی آئی سے آئی ایم ایف وفد نے زمان پارک میں ملاقات کی تھی جس میں اسٹاف لیول معاہدے سے متعلق بات چیت ہوئی تھی۔ ملاقات میں پی ٹی آئی نے 3 ارب ڈالر کے معاہدے کا خیر مقدم کیا تھا۔

ملاقات کے بعد ترجمان پی ٹی آئی نے جاری کردہ بیان میں بتایا تھا کہ کم آمدنی والے طبقے کو مہنگائی سے بچانے کیلیے پروگرام پر زور دیتے ہیں اور ہم سیاسی استحکام کو معاشی استحکام کیلیے لازمی سمجھتے ہیں، آزادانہ اور بروقت انتخابات کے بعد نئی حکومت اصلاحات کا آغاز کرے گی اور اقتصادی تبدیلی اور طویل مدتی بنیادوں پر معاشی استحکام لائے گی۔

آئی ایم ایف وفد کی قیادت ایسٹرپیئرز کر رہی تھیں جبکہ ملاقات میں آئی ایم ایف کنٹری چیف نیتھن پورٹر امریکی دارالحکومت واشنگٹن سے بذریعہ ویڈیو لنک شامل ہوئے تھے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے شاہ محمود قریشی، حماد اظہر، شوکت ترین، عمر ایوب، ثانیہ نشتر، شبلی فراز، تیمور جھگڑا اور مزمل اسلم ملاقات میں موجود تھے۔

پیپلز پارٹی کا معاہدے پر آمادگی کا اظہار

آئی ایم ایف وفد نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت سے بھی ملاقات کی تھی اور اس دوران حکومت میں شامل جماعت نے معاہدے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔ پیپلز پارٹی کے وفد میں وفاقی وزیر تجارت نوید قمر اور سلیم مانڈوی والا شامل تھے۔

ملاقات کا مقصد پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹینڈ بائی معاہدے پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ وزارت تجارت کے اعلامیہ کے مطابق پیپلز پارٹی کے وفد نے قومی مفاد میں پروگرام کی حمایت پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔

’بابر اعظم سے ہر بات پر ڈانٹ پڑتی ہے‘

0
حارث رؤف

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ انہیں بابر اعظم سے ہر بات پر ڈانٹ پڑتی ہے۔

فاسٹ بولر حارث رؤف نے گزشتہ دنوں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جس کا ویڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے، میزبان کے سوال پر حارث رؤف نے گراؤنڈ میں کپتان سے ڈانٹ کھانے کی وجہ بتادی۔

حارث رؤف نے کہا کہ ’مجھے گیند ٹھیک نہ کروانے پر کپتان بابر اعظم سے سب سے زیادہ ڈانٹ پڑتی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ اگر میچ کے دوران گراؤنڈ میں فوکس نہ ہو یا پھر کپتان جس پوزیشن پر گیند کرنے کا کہے اور آپ نہ کریں تو اس کے بعد مجھے یقین ہوتا ہے کہ واپس جاؤں گا تو کپتان ’اچھے لفظ‘ میں ضرور یاد کرے گا۔

ایک سوال کے جواب میں حارث رؤف نے بتایا کہ قرنطینہ کے دوران اپنے اور شاہین آفریدی کے بال خود کاٹ چکا ہوں لیکن جب شاہین کے بال کاٹنے کے بعد اسے ٹی وی پر دیکھا تو ڈر کر بھاگ گیا کیونکہ وہ بہت برا لگ رہا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں حارث رؤف اور مزنا مسعود رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، قومی کرکٹر کی شادی اور ولیمے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔

حارث رؤف کی شادی کی تقریب میں قومی کرکٹرز، دوستوں اور قریبی عزیز و اقارب نے شرکت کی۔

اینڈرائیڈ صارفین کے لیے گوگل کا نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری

0
جی میل

گوگل کی کیلینڈر ایپلی کیشن اینڈرائیڈ صارفین کے لیے انتہائی کارآمد ایپ ہے، اب اس ایپ میں انتہائی اہم فیچر شامل کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گوگل اپنے صارفین کے لیے نیا انتہائی اہم فیچر متعارف کرانے جارہا ہے جس کے تحت گوگل کیلنڈر ایپلی کیشن میں شیئر کا بٹن شامل کیا جائے گا جس کے بعد پہلے سے کارآمد فیچر صارفین کے لیے مزید کارآمد ہو جائے گا۔

گوگل کلینڈر ایونٹس میں شیئر کا بٹن کا مطلب ہے ایونٹ کے منتظمین بڑی تعداد میں لوگوں کو انفرادی طور ای میل کیے بغیر ہی مدعو کرسکیں گیں۔

یہ فیچر رواں سال مارچ کے مہینے میں نامکمل شکل میں متعارف کرایا گیا تھا لیکن ٹوئٹر صارف کی جانب سے شیئر کی جانے والی ایک ویڈیو میں اس کو مکمل شکل میں دیکھا جا سکتا ہے۔

ایک ٹوئٹر صارف نے گوگل کے اس نئے فیچر سے متعلق ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اس کو ایک نامکمل شکل میں دیکھا جا سکتا ہے۔ صارف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ گوگل نے اس فیچر پر کام مکمل کرلیا ہے تاہم ابھی اس کو متعارف نہیں کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کمپنی کی جانب سے ابھی تک اس فیچر کو متعارف کرانے کا فی الحال کوئی باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

ایک سو سینتیس ویں قسط: پُر اسرار ہیروں والی گیند اور دہشت بھری دنیا

0
نوٹ: یہ طویل ناول انگریزی سے ماخوذ ہے، تاہم اس میں کردار، مکالموں اور واقعات میں قابل ذکر تبدیلی کی گئی ہے، یہ نہایت سنسنی خیز ، پُر تجسس، اور معلومات سے بھرپور ناول ہے، جو 12 کتابی حصوں پر مشتمل ہے، جسے پہلی بار اے آر وائی نیوز کے قارئین کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔
گزشتہ اقساط پڑھنے کے لیے یہ لنک کھولیں
جب رینجر نے ٹرینکولائزر ڈارٹ (بے ہوشی کے تیر) کے ذریعے ریچھ کو مار گرایا تو ڈریٹن کا غصے کے مارے برا حال ہو رہا تھا۔ لیکن وہ بھی یہ سوچ کر باقی لوگوں میں شامل ہو گیا تاکہ لاپروا دکھائی دے، اور کسی کی نظروں میں نہ آ جائے۔ قریب آ کر اس نے دیکھا کہ فیونا بالکل ٹھیک ہے تو جھنجھلا کر سوچنے لگا کہ یہ منحوس لڑکی ہر بار کسی نہ کسی طرح بچ ہی جاتی ہے۔
دانیال پر خوف کے مارے بدحواسی طاری ہو گئی تھی۔ وہ بولا: ’’تم ٹھیک ہو نا فیونا؟‘‘ پھر اس نے ریچھ کی طرف دیکھ کر پوچھا: ’’ریچھ نے اچانک تم پر حملہ کیوں کر دیا؟‘‘ اسی وقت قریب ہی کھڑی ایک عورت نے تبصرہ کیا: ’’یہ ضرور بہت قریب چلی گئی ہو گی اور ریچھ نے سمجھا ہوگا کہ کہیں یہ اس کے بچوں کو نقصان نہ پہنچا دے۔‘‘
’’ریچھ کے بچے …‘‘ جبران کے منھ سے نکلا اور اس نے جلدی سے آس پاس دیکھا تو بے ہوش ریچھ کے دو بچے ماں کی طرف دوڑتے آ رہے تھے۔ قریب آ کر وہ اس کے بال سہلانے لگے۔ جبران نے پھر کیمرہ سنبھالا اور ان کی تصاویر کھینچنے لگا۔
رینجر نے فیونا کو ہاتھ سے سہارا دے کر اٹھایا اور کہا: ’’تم ٹھیک ہو نا، یہ ریچھ عموماً کسی کو کچھ نہیں کہتے، پتا نہیں اس نے تم پر حملہ کیوں کیا!‘‘
ایسے میں اچانک فیونا کا خیال ڈریٹن کی طرف چلا گیا تو وہ آس پاس موجود لوگوں میں اسے تلاش کرنے لگی۔ اس کی نظریں ایک لڑکے پر جم گئیں، اس نے اونی ٹوپی سے سر اور گردن کو چھپایا ہوا تھا اور اسے گھور رہا تھا لیکن وہ اس کا چہرہ صاف طور پر نہ دیکھ سکی۔
’’میں ٹھیک ہوں۔‘‘ فیونا نے کہا اور اپنے کپڑوں سے مٹی اور ٹہنیاں ہٹانے لگی۔ ’’میں بھیگ گئی ہوں، کیا آپ کے پاس کمبل ہوگا؟‘‘ لوگ وہاں سے چھٹنے لگے اور اپنے اپنے مشاغل میں مصروف ہونے لگے۔ رینجر نے کہا کہ اس کے پاس کمبل نہیں ہے اور وہ وائٹ ہارس واپس جا رہے ہیں اگر وہ بھی ان کے ساتھ جائیں تو ہیٹر کے قریب بیٹھ سکیں گے۔ رینجر نے باتوں باتوں میں یہ بھی کہا کہ انھوں نے ان تینوں کو بس میں آتے ہوئے نہیں دیکھا۔
فیونا نے رینجر کا مسکرا کر شکریہ ادا کیا اور وہ تینوں بس میں چڑھ کر سب سے آگے بیٹھ گئے، باقی مسافر ایک ایک کر کے چڑھنے لگے تو فیونا ہر ایک کو بہ غور دیکھنے لگی۔ جب ڈریٹن چڑھا تو اس نے گردن جھکائی ہوئی تھی۔ فیونا اسے دیکھتی رہی، وہ بس کی پچھلی قطار میں جا کر بیٹھ گیا اور سیٹ پر اس طرح ٹانگیں پھیلا کر لیٹا کہ دور سے نظر نہیں آ رہا تھا، فیونا نے جبران کو اشارہ کیا: ’’یہ لڑکا کچھ عجیب سا لگ رہا ہے، وہ جو پچھلی قطار میں جا کر بیٹھ گیا ہے۔‘‘ جبران اور دانیال دونوں نے مڑ کر اس طرف دیکھا تو فیونا بڑبڑائی: ’’یہ ڈریٹن ہے، میں اسے خوب جانتی ہوں۔‘‘
(جاری ہے)

پاکستان میں تعینات سفیر یورپی یونین رینا کیونکا کا اہم بیان سامنے آگیا

0
پاکستان میں تعینات سفیر یورپی یونین رینا کیونکا کا اہم بیان سامنے آگیا

اسلام آباد: پاکستان میں تعینات یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا کا اہم بیان سامنے آگیا جس میں انہوں نے جی ایس پی ریگولیشن، 9 مئی کے پُرتشدد واقعات کے بعد کریک ڈاؤن اور فوجی و انسداد دہشتگردی کی عدالتوں میں ٹرائل سے متعلق گفتگو کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر جاری ویڈیو بیان میں سفیر رینا کیونکا نے کہا کہ جی ایس پی ریگولیشن میں مجوزہ توسیع میں پاکستان کیلیے کچھ تبدیل نہیں ہوا، پاکستان یورپی مارکیٹ تک ترجیحی رسائی سے مستفید ہوتا رہے گا جبکہ اسٹیٹس کو برقرار رکھنے کیلیے پاکستان کی ذمہ داریاں بھی وہی رہیں گی اور یونین صورتحال پر نظر رکھے گی۔

رینا کیونکا نے کہا کہ اپنی رپورٹ یورپی پارلیمنٹ اور ممبر اسٹیٹس کو پیش کریں گے، کچھ شعبے ایسے ہیں جہاں یورپی یونین بہتری دیکھنا چاہے گی، آزادی اظہار رائے اور میڈیا کی آزادی سے متعلق بہتری دیکھنا چاہیں گے، خواتین کے حقوق، اقلیتوں اور لیبر سے متعلق بہتری دیکھنا چاہیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ یورپی یونین مانیٹرنگ کمیشن کی تازہ رپورٹ جلد آنے والی ہے۔

ویڈیو بیان میں رینا کیونکا نے کہا کہ 9مئی کے بعد کریک ڈاؤن وہ چیز ہے جس پر یورپی یونین کی نظر ہے، بین الاقوامی این جی اوز اور ماہرین بھی اس صورتحال کو دیکھ رہے ہیں، فوجی عدالتوں اور انسداد دہشتگردی عدالتوں میں ٹرائل کو بھی دیکھ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جانتے ہیں کہ اس مسئلہ پر پاکستان کے اندر ایک جاندار بحث جاری ہے، پاکستان بین الاقوامی شہری اور سیاسی حقوق کے چارٹر کا ایک ریاستی فریق ہے۔

’چارٹر کے مطابق پاکستان نے اتفاق کیا ہے کہ ہر شخص کو منصفانہ اور عوامی ٹرائل کا حق ہے، ٹرائل ایسی عدالت میں ہوگا جو آزاد اور غیر جانبدار ہو، ملزم مناسب اور مؤثر قانونی نمائندگی کا حق بھی رکھتا ہے۔‘

جہلم سلنڈر دھماکا : ملبے سے 6 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں

0
سلنڈر

جہلم : پنجاب کے شہر جہلم میں سلنڈر دھماکے میں ہلاک افراد کی تعداد چھ ہوگئی، ریسکیو اہلکار ملبہ ہٹانے کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کے جی ٹی روڈ پر ہوٹل میں ہونے والے سلنڈر دھماکے کا ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔

اس حوالے سے ریسکیوذرائع کا کہنا ہے کہ ملبے سے اب تک 6افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں، سلنڈر دھماکے میں 10افراد زخمی ہوئے جبکہ 2کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر جہلم کا کہنا ہے کہ ملبے سے آخری شخص کو نکالنے تک ریسکیو آپریشن جاری رہے گا، عمارت کا ملبہ ہٹانے میں مزید کئی گھنٹے درکار ہیں۔

واضح رہے کہ سلنڈر دھماکے سے دو منزلہ عمارت لرز گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے زمین بوس ہو گئی، ہوٹل میں موجود متعدد افراد کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں ملا اور ملبے تلے دب گئے۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو عملہ موقع پر پہنچا اور ملبے تلے دبے زخمی افراد کو نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔

مزید پڑھیں : جہلم میں سلنڈر دھماکے سے دو منزلہ عمارت زمیں بوس 

بتایا گیا ہے کہ دھماکہ ہوٹل کے کچن میں ہوا، ملبہ ہٹانے کیلیے بھاری مشینری طلب کرلی گئی، سول ڈیفنس اور پولیس بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہے، عمارت کا ملبہ ہٹانے اور زخمیوں کو نکالنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر اور آل راؤنڈر کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

0

لاہور: قومی ٹیم کے فاسٹ بولر احسان عادل اور آل راؤنڈر حماد اعظم نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کی جانب سے دونوں کرکٹرز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہارکیا گیا، احسان عادل نے تین ٹیسٹ اور چھ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

آل راؤنڈر حماد اعظم گیارہ ون ڈے انٹرنیشنل اور پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے، حماد اعظم اور احسان عادل نے انڈر19 ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

دونوں کرکٹرز میجر لیگ کرکٹ کے افتتاحی ایڈیشن میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے حماد اعظم کم مواقع ملنے پر امریکا منتقل ہوگئے تھے۔

میجر لیگ کرکٹ میں موقع ملنے پر حماد اعظم نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کی سب سے بڑی فرنچائز ہے، میں اس لیگ کا حصہ بننے پر خوش ہوں۔

یاد رہے کہ میجر لیگ کرکٹ امریکا میں 13 جولائی 2023 سے شروع ہوگی جس میں چھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔

افغانستان نے پہلی بار بنگلہ دیش کو ون ڈے سیریز میں شکست دے دی

0
افغانستان

افغانستان نے بنگلہ دیش کو دوسرے ون ڈے میچ میں 142 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

چٹو گرام میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 331 رنز بنائے ، 332 رنز کے تعاقب میں میزبان ٹیم 189 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

افغانستان کی جانب سے اوپنرز گرباز اور ابراہیم نے سنچریاں اسکور کیں۔

اوپننگ بلے باز رحمان اللّٰہ گرباز نے 145 رنز کی اننگز کھیلی جس میں انہوں نے 13 چوکے اور 8 چھکے لگائے۔ دوسرے اوپنر ابراہیم زدران نے 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 100 رنز بنائے۔

332 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم 44ویں اوور میں 189 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ مشفیق الرحیم 69، شکیب الحسن اور مہدی حسن مراز 25، 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

افغانستان کی جانب سے فضل حق فاروقی اور مجیب الرحمان نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تین ون ڈے میچز کی سیریز میں افغانستان کو 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

اسلام آباد کے نجی اسپتال میں جھلسنے والی نومولود کی حالت نہ سنبھل سکی

0
خاتون نے ریلوے لائن پر بچے کو جنم دے دیا

دارالحکومت اسلام آباد کے نجی اسپتال میں جھلسنے والی نومولود بچی کی حالت نہ سنبھل سکی تاہم مصنوعی طریقے سے آکسیجن کی فراہمی جاری ہے۔

اے آ ر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ بچی کے والد نے بتایا کہ پمز چلڈرن اسپتال کے این آئی سی یو کی نرسری میں زیرِ علاج نومولود کی حالت تاحال نہیں سنبھل سکی، بچی کو خون کی شدید کمی کا سامنا ہے۔

والد نے بتایا کہ بچی کو مصنوعی طریقے سے آکسیجن فراہم کی جا رہی ہے، ڈاکٹرز نے بیٹی کی دوسری سرجری کا فیصلہ کیا ہے جو کل پمز برن سنٹر میں ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ بیٹی کے پیروں کی انگلیاں سیاہ ہو چکی ہیں جبکہ بیٹی کی ٹانگیں حرکت نہیں کر رہیں، ڈاکٹرز بیٹی کو معذوری سے بچانے کیلیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔

نومولود کے والد کے مطابق نجی اسپتال انتظامیہ معاملہ دبانے کیلیے ان پر دباؤ ڈال رہی ہے جبکہ دوسری جانب پولیس نجی اسپتال انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے میں ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔

بین الاقوامی ایئرلائن نے پاکستان سے فلائٹ آپریشن ختم کردیا

0
ورجن اٹلانٹک

کراچی : ورجن اٹلانٹک نے پاکستان کے لئے اپنا فلائٹ آپریشن مکمل طور پر ختم کردیا ہے ایئر لائن کی آخری پرواز اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ سے لندن روانہ ہوگئی۔

فلائٹ وی ایس 379، بی789نے آج ایک بج کر آٹھ منٹ پر اسلام آباد سے لندن ہیتھرو کے لیے اڑان بھری، ورجن اٹلانٹک نے دسمبر 2020 میں اسلام آباد ہوائی اڈے پر ہفتہ وار 7 پروازوں کے ساتھ اپنے آپریشنز کا آغاز کیا تھا۔

ورجن

ورجن اٹلانٹک نے ابتداء میں 4 مانچسٹر کے لیے اور 3 لندن ہیتھرو کے لیے فلائیٹس چلائیں، بعد ازاں ائیرلائن نے صرف لندن ہیتھرو کے لیے 3 ہفتہ وار پروازیں چلانا شروع کردیں۔

فلائٹ

اس دوران ورجن اٹلانٹک نے اسلام آباد اور لندن کے درمیان صارفین کو بہترین فضائی سفری خدمات فراہم کیں۔

سی او او/ ایئرپورٹ منیجر سید آفتاب گیلانی نے عالمی معیار کی فضائی سفری خدمات پیش کرنے پر ورجن اٹلانٹک ٹیم کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ ورجن اٹلانٹک ایئر لائن مستقبل میں واپس پاکستان آئے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اپنے ایک بیان میں برطانوی ایئر لائن ورجن اٹلانٹک کے ترجمان نے کہا تھا کہ ایئر لائن نے کرونا وباء کے دوران 2020ء میں لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے اسلام آباد اور لاہور جبکہ مانچسٹر سے اسلام آباد کیلئے پروازیں شروع کی تھیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم 2023 میں اپنے فلائنگ پروگرام کو بڑھا رہے ہیں، ہم نے اپنے پورے نیٹ ورک کا جائزہ لیا اور اس میں کچھ تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے، جس کے مطابق لندن سے پاکستان کیلئے پروازیں معطل کی جارہی ہیں۔