پیر, جون 30, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 7579

وزیر اعظم کی آرمی چیف پر قاتلانہ حملے کی سوشل میڈیا پر مہم چلانے کی شدید مذمت

0

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے آرمی چیف پر قاتلانہ حملے کی سوشل میڈیا پر مہم چلانے کی شدید مذمت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر پر قاتلانہ حملے کی سوشل میڈیا پر مہم چلانے کی شدید مذمت کی ہے۔

انھوں نے کہا 9 مئی کے یوم سیاہ کے لیے بھی ایسے ہی ذہن سازی کی گئی تھی، منصوبہ ساز، سہولت کار، ہینڈلرز کو دو ٹوک پیغام ہے کہ پاکستان اور اداروں کے خلاف ہر سازش کچل دیں گے۔

وزیر اعظم نے متعلقہ اداروں کو میڈیا مہم چلانے والوں کے خلاف اندرون و بیرون ملک قانونی اقدامات کی ہدایت کر دی، میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فوج اوراس کے سربراہ کے خلاف میڈیا مہم آزادئ اظہار کے زمرے میں نہیں آتی، یہ صرف سازش ہے جسے پوری قوت سے روکنا قانونی فرض ہے۔

وزیر اعظم نے کہا آرمی چیف اور فوج کے خلاف گھٹیا، مذموم اور شرانگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے، سازشی ذہن اور عناصر ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کے خلاف پھر سے سرگرم عمل ہیں، اور شہدا کے خلاف نئی میڈیا مہم ایک ہی منصوبے کی کڑی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ قوم اس گھناؤنی سازش کو بھی اسی طرح ناکام بنائے گی جس طرح 9 مئی کو ملک میں خانہ جنگی کی سازش ناکام بنائی تھی، مایوس عناصر کو بوکھلاہٹ اور مایوسی میں ملک میں نیا بحران پیدا نہیں کرنے دیں گے۔

دودھ کی من مانی قیمت کی وصولی کے خلاف گورنر سندھ میدان میں آگئے

0

دودھ کی من مانی قیمت کی وصولی کے خلاف گورنر سندھ میدان میں آگئے، کامران ٹیسوری نے اس حوالے سے کمشنر کو ہدایت جاری کردی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی میں دودھ کی من مانی قیمت کی وصولی کے خلاف کمشنر کو ہدایت کی ہے، گورنر نے کہا کہ دودھ کی قیمت کے معاملے پر جلد پیش رفت دکھائی دے گی۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ 4 دن کے لیے آئی جی سے کوآرڈی نیشن کرا دی جائے تو معاملات بہتر کرسکتا ہوں، اسی طرح کمشنر کے ساتھ کوآرڈی نیشن کروا دیں تو معاملات بہتر ہوجائیں گے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں اور لوڈ شیڈنگ کے معاملات خراب ہیں، تجویز دی تھی کہ کے الیکٹرک کے لائسنس کی تجدید نہ کی جائے، کہ کم از کم 5 کمپنیوں کو موقع دیں تاکہ بجلی کے معاملات حل ہوں۔

بھارت کی آبی جارحیت، دریائے راوی میں پانی چھوڑ دیا

0

بھارت نے دریائے راوی میں ایک لاکھ 85 ہزار کیوسک پانی چھوڑ دیا ہے پی ڈی ایم اے نے دریا میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

بھارت نے ایک لاکھ 85 ہزار کیوسک پانی اجھ بیراج کے مقام سے دریائے راوی میں چھوڑ دیا ہے جس کے بعد پی ڈی ایم اے نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے دریائے راوی میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے بعد تقریباً 65 ہزار کیوسک پانی اگلے 20 سے 24 گھنٹوں کے اندر پہنچنے کی توقع ہے جس کے باعث جسر کے مقام پر سیلابی حدود کے مطابق میدانی علاقوں میں سیلاب متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ راوی سے منسلک اضلاع ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلیے الرٹ رہیں اور تمام اضلاع نشیبی علاقوں میں ریلیف کیمپس کا قیام عمل میں لائیں اس کے ساتھ ہی ریسکیو اور ریلیف آپریشن ٹیمیں مشینری کے ساتھ مکمل تیار رہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بھارت نے گزشتہ سال بھی ایک لاکھ 73 ہزار کیوسک پانی چھوڑا تھا اور اس پانی کا تقریباً ایک تہائی یعنی 60 ہزار کیوسک پانی جسر تک پہنچا تھا جس کی وجہ سے دریائے راری پر گیجنگ پوائنٹ پر سیلاب کی نچلی سطح بن تھی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل این سی او سی نے خبردار کیا تھا کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران لاہور، سیالکوٹ، اور نارووال میں تیز بارش کا امکان ہے، جس کی وجہ سے دریائے چناب، راوی، ستلج اور منسلکہ نالوں بھمبر، ڈیک، پلکھو اور بسنتر میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

این سی او سی نے اس حوالے سے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ میونسپل علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے، ضلعی انتظامیہ 20 جولائی تک دریائے چناب پر مرالہ ہیڈ ورکس اور دریائے راوی میں جسر کے مقام پر مانیٹرنگ جاری رکھیں۔

ایران سے مزید 35 پاکستانی گرفتار

0

یونان کشتی حادثے اور اس کے بعد ملک میں انسانی اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے باوجود غیر قانونی ترک وطن کا سلسلہ نہ رک سکا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق یونان کشتی حادثے اور اس کے بعد ملک میں انسانی اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے باوجود غیر قانونی ترک وطن کا سلسلہ نہ رک سکا۔ ایران میں مزید 35 پاکستانیوں کو گرفتار کرکے ڈی پورٹ کر دیا گیا۔

ایرانی کے سرحدی حکام نے غیر قانونی داخل ہونے والے پاکستانیوں کو ایف آئی اے کے حوالے کیا جس کے بعد ان سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ایک ماہ کے دوران ایران سے ڈی پورٹ کیے جانے والے پاکستانیوں کی تعداد 300 سے زائد ہو گئی ہے۔

’’پاکستان کا اصل کلچر اسکرین کے ذریعے دنیا کو دکھایا جائے‘‘

0

وفاقی ویز اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کا اصل کلچر اسکرین کے ذریعے دنیا کو دکھایا جائے، سینما ہاؤسز مختلف وجوہات کی بنا پر فیکٹری، سی این جی پمپس بن گئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی ویز اطلاعات نے ریڈیو پاکستان کے دورے کے دوران کہا کہ پاکستان کا اصل کلچر اسکرین کے ذریعے دنیا کو دکھایا جائے، پاکستان کے سینما ہاؤسز مختلف وجوہات کی وجہ سے فیکٹری، سی این جی پمپس بن گئے۔

اسکرین ٹورازم کو بحال کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، ریجنل ٹیلنٹ کو نیشنل ٹیلنٹ بنانا مقصد ہے، پی ٹی وی اور ریڈیو کی نیلامی لگانے والوں نے ان تالوں کو کھولنےکی کوشش نہیں کی.

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 4 سال ملک میں نفرت کے بیج بوئے گئے، 2017-18 میں پاکستان کی پہلی کلچر پالیسی متعارف کروائی گئی،4 سال اداروں کو برباد کیا گیا،پی ٹی وی اور ریڈیو کو بھی نہ بخشا۔

وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق سوشل میڈیا کے ذریعے منفی مہم چلائی گئی، ایک خاص گروہ سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت پھیلا رہا ہے، نوجوانوں کے ہاتھوں میں پٹرول بم کے بجائے لیپ ٹاپ ہونے چاہئیں، سوشل میڈیا پر افواج پاکستان کے خلاف گھناؤنی مہم جاری ہے، آنے والا وقت پاکستان کو جوڑنے کا وقت ہے.

کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع

0

لاہور: قیمتی و ننھی جانوں کے تحفظ کے پیش نظر لاہور پولیس متحرک ہوگئی، کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، شہر میں 190 مقامات پر ناکہ بندی کر دی گئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور پولیس کی جانب سے بچوں کے تحفظ کے پیش نظر کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ننھی اور قیمتی جانوں کو محفوظ رکھنے کے لیے شہر میں 190 مقامات پر ناکہ بندی کی گئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 18 سال سے کم عمر کسی بھی لڑکے یا لڑکی کی جانب سے ڈرائیونگ کرنے پرگاڑی یا موٹرسائیکل کو تھانے میں بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

سی ٹی او نے کہا کہ پکڑی گئی گاڑی، موٹرسائیکل یا رکشہ کی واپسی کے لیے والدین کو بیان حلفی جمع کرانا ہوگا، بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر 2000 ہزار روپے جرمانہ کیا جارہا ہے۔

سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ کینال روڈ پر بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔

گوجرانوالہ کی آئل ریفائنری میں آگ لگ گئی، ریسکیو ٹیمیں آگ بجھانے میں مصروف

0

گوجرانوالہ: علی پور چٹھہ میں آئل ریفائنری یونٹ میں آگ لگ گئی، ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر فائر فائٹنگ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گوجرانوالہ میں علی پور چٹھہ میں آئل ریفائنری کے یونٹ میں آگ لگ گئی ہے، ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر فائر فائٹنگ آپریشن شروع کر دیا ہے اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔

فائر فائٹنگ آپریشن میں ریسکیو کی 5 گاڑیاں حصہ لے رہی ہیں، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ یونٹ کے بوائلر اور بیٹنگ چیمبرمیں لگی ہے جسے بجھانے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ آئل چیمبر میں 25 ہزار لیٹر خام مال موجود ہے جب کہ علی پور چٹھہ میں واقع آئل ریفائنری میں آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔

جہلم میں سلنڈر دھماکے سے ہوٹل زمیں بوس، متعدد افراد دب گئے، 7 جاں‌ بحق

0

جہلم: پنجاب کے شہر جہلم میں سلنڈر دھماکے سے ہوٹل زمیں بوس ہو گیا، حادثے 7 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جہلم میں داڑھیاں کے قریب جی ٹی روڈ پر ایک ہوٹل میں سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ 2 منزلہ عمارت ایک دہشت ناک دھماکے سے منہدم ہوئی، اور 20 سے زائد افراد ملبے تلے دب گئے۔

حادثے میں 17 افراد کو ریسکیو کر کے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کا عمل بدستور جاری ہے، اور ملبے کو بھاری مشینری کے ذریعے ہٹایا جا رہا ہے، جب کہ ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ بھی ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او جہلم کو ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں میں مکمل معاونت کی ہدایت کی ہے، نیز ریسکیو ٹیموں کے ہمراہ پولیس کی جانب سے بھی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

ٹیسٹ سیریز معرکے کے لیے پاکستانی ٹیم نے سری لنکا میں ڈیرے ڈال لیے

0

ٹیسٹ سیریز کے معرکے کے لیے پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم نے سری لنکا میں ڈیرے ڈال لیے، ٹیم سیریز کے لیے کولمبو پہنچ گئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کولمبو پہنچ گئی، دورہ سری لنکا کے آغاز میں قومی ٹیم ہمبن ٹوٹامیں 2 روزہ وارم اپ میچ کھیلے گی جو ک 11 جولائی کو شیڈول ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 16 جولائی سے شروع ہوگا جب کہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 24 جولائی سے کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل دورہ سری لنکا کے سلسلے میں کراچی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا انعقاد ہوا تھا، جس میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، سرفراز احمد اور نسیم شاہ سمیت 16 کھلاڑی شریک ہوئے تھے۔

’چیئرمین سینیٹ مراعات بل پیش کرنیوالے ارکان کے ہاتھ کاٹ دینے چاہئیں‘

0

جی ڈی اے کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ مراعات کا بل پیش کرنے والے ارکان کے ہاتھوں کا کوٹ دینا چاہیے۔

ایم این اے سائرہ بانو نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’’اعتراض ہے‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو تھوڑا تو زندہ رہنے کا حق دیں ورنہ آپ لوگ حکمرانی کس پر کریں گے؟ چیئرمین سینیٹ کی مراعات کا بل پیش کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے اور ایسے ارکان کے ہاتھ کاٹ دینا چاہئیں۔

سائرہ بانو نے کہا کہ عیاشیاں کم نہیں ہو رہیں اور ان کی نا اہلی عوام بھگت رہے ہیں۔ غریب شخص زمین سے اٹھ نہیں سکا جب کہ حکمرانوں کے باہر اکاؤنٹ ہیں۔ قیمتیں بڑھتی جا رہی ہیں، عوام کیسے اس ماحول میں زندہ رہیں گے؟

ایم این اے نے کہا کہ کراچی میں بجلی کی قیمت بڑھائی جا رہی ہے غریب آدمی کیسے بل دے گا۔ اس صورتحال میں تو چوری جائز ہو جاتی ہے۔ لوگ بجلی کا بل نہیں دے پا رہے، یہ ایک پارٹی کو کچلنےمیں مصروف ہیں، جہاں لوگ خود کشی کر رہے ہیں وہاں اسپورٹس کمپلیکس کا کیا کام؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ معاشی استحکام میں اس کو بولتی ہوں جس میں غریب کو روٹی ملے، غریب کے گھر بجلی نہ جائے، جب سے ملک بنا ہے حکمرانوں کی معاشی پوزیشن ہی مستحکم رہی ہے، عوام غربت میں دھنستی جا رہی ہے۔ میں پورا ٹیکس دیتی ہیں تو آئی ایم ایف کا قرضہ میرے کس کام کا ہے؟ عوام بھی ٹیکس دیتےہیں تو یہ قرضہ ان کے کیا کام آئے گا؟

سائرہ بانو نے کہا کہ کچھ عرصے میں جس طرح واقعات ہوئے اب حیرانی نہیں ہوتی۔ صدر مملکت اہم موقع پر 52 افراد کو ساتھ لے کر حج پر چلے گئے، ان کے دورے کے بعد آرڈیننس بھی سامنے آگئے۔ نیب قوانین میں ترامیم انتقامی کا رروائیوں کے لیے کی گئیں۔ حکومت کو آرڈیننس ہی جاری کرنے ہیں تو پارلیمنٹ کا کیا کام؟ جنہوں نے پہلے توشہ خانہ سے چیزیں اٹھائیں تو کیا وہ حلال تھا؟ چین کو اتنا مانتے ہیں تو اس کا ماڈل آنا چاہیے اور کرپٹ لوگوں کو لٹکا دینا چاہیے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی واقعات کی صاف وشفاف تحقیقات ہونی چاہیے۔ سائرہ بانو نے یہ بھی کہا کہ ملک میں شفاف الیکشن ہوئے اور نہ ہو سکتے ہیں۔ آئندہ انتخابات میں پارٹیاں کس کے خلاف الیکشن لڑیں گی؟ ایک جماعت کچلی جا چکی جب کہ دوسری پارٹی کے پیدائش کا عمل مکمل نہیں ہوا۔ مجھے سمجھ نہیں آ رہی ان حالات میں الیکشن کیسے ہوں گے۔ ان حالات میں بات چیت کیے بغیر آگے نہیں بڑھا جا سکتا، تمام پارٹیوں سے بات کیے بغیر الیکشن میں کیسے جا سکتے ہیں۔