پیر, جون 30, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 7580

یو اے ای کے 3 شہر محفوظ ترین 10 شہروں کی فہرست میں شامل

0

رواں سال 2023 کی پہلی ششماہی کے حوالے سے دنیا کے 10 محفوظ ترین شہروں کی فہرست جاری کی ہے جس میں امارات کے تین شہر بھی شامل ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دنیا کے محفوظ ترین شہروں کی فہرست شائع کرنے والی ویب سائٹ نومبیو نے رواں سال کی پہلی ششماہی کے حوالے سے دنیا کے 10 محفوظ ترین شہروں کی فہرست جاری کی ہے جس میں امارات کے تین دبئی، ابوظہبی اور عجمان کو شامل کیا گیا ہے۔

اس فہرست ابوظہبی پہلے، عجمان دوسرے جب کہ دبئی نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ عجمان گزشتہ سال اس فہرست میں چوتھے نمبر پر تھا جو دو درجے ترقی پا کر دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دنیا بھر میں اقتصادی، سماجی اور سلامتی شعبوں میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر درجہ بندی کرنے والی ویب سائٹ نومبیو نے دنیا کے 10 محفوظ ترین شہروں کی فہرست جاری کی ہے۔

اس حوالے سے عجمان پولیس کے کمانڈ رجنرل میجر جنرل شیخ سلطان النعیمی کا کہنا ہے کہ یہ اعزاز عجمان کے حاکم شیخ حمید بن راشد النعیمی کی ذاتی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

عجمان پولیس کے اعلی عہدیدار نے کہا کہ امن و امان کے حوالے سے دنیا کے دس محفوظ ترین شہروں میں عجمان کا دوسرے نمبر پر آنا اس بات کا پتہ دے رہا ہے کہ یہاں قومی معیشت فروغ پا رہی ہے۔ سرمایہ کار یہاں امن محسوس کر رہے ہیں۔ جرائم کی شرح محدود ہے اور ٹریفک سلامتی مسلسل بڑھ رہی ہے۔

واضح رہے کہ نومبیو دنیا بھر میں اقتصادی، سماجی اور سلامتی کے شعبوں میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر محفوظ ترین شہروں کی ایک سال میں دو بار فہرست جاری کرتا ہے۔ اس فہرست میں 146 ممالک کے 416 شہر ہوتے ہیں۔

گزشتہ سال دنیا کے دس محفوظ ترین شہروں میں یو اے ای کے پانچ شہر شامل تھے جن میں سے الفجیرہ اور شارجہ اس فہرست سے خارج ہوچکے ہیں۔

بھارتیوں کو اب بغیر ٹماٹر برگر کھانا پڑیں گے

0

بھارت میں ٹماٹر کی قیمت میں ہوشربا اضافے کے بعد اب غیر ملکی فوڈ چین کمپنیز نے اپنے برگر سے ٹماٹر کو غائب کر دیا ہے۔

ٹماٹر وہ سبزی نما پھل ہے جو ہر ایک کو مرغوب اور تقریباً ہر ڈش کے لیے لازمی جزو ہے اسی طرح برگر کو خوش ذائقہ بنانے کے لیے ٹماٹر کا استعمال لازمی ہوتا ہے لیکن بھارت میں ٹماٹر کی بڑھتی قیمتوں نے اب عام افراد سمیت غیر ملکی فوڈ چینز کو بھی اپنے مشہور برانڈز سے ٹماٹر کو غائب کرنا شروع کر دیا ہے۔

ایک معروف امریکی فوڈ چین کمپنی جس کی سب سے مشہور برانڈ برگر دنیا بھر میں اس کی پہچان ہے۔ اب بھارتی شہریوں کو بغیر ٹماٹر کے ان کا برگر کھانا پڑے گا کیونکہ ٹماٹر کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں نے اس کمپنی کو ٹماٹر اپنے برگر سے ہٹانے پر مجبور کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی فاسٹ فوڈ کمپنی کی ہندوستانی فرنچائز نے سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اپنے مینو سے ٹماٹر کو خارج کر دیا ہے اور اب برگر بغیر ٹماٹر کے فروخت کیا جائے گا۔

یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت میں سپلائی کی کمی اور ٹماٹروں کے معیار پر تشویش پائی جا رہی ہے۔ جس کی وجہ سے ٹماٹروں کی قیمت ریکارڈ توڑ بلندیوں تک پہنچ چکی ہیں اور کئی علاقوں میں ٹماٹر فی کلو 250 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے مذکورہ کمپنی کے ترجمان نے کہا ہے کہ وہ اپنے صارفین کی خدمت کے لیے بہترین اور اچھی مقدار میں خریداری کے لیے کام کر رہے ہیں۔ فی الحال انہیں ٹماٹر کے بغیر ہی اپنی مصنوعات پیش کرنی ہے، یہ بتائے بغیر کہ یہ مسئلہ کب تک برقرار رہے گا۔

چین کو اورنج الرٹ کیوں جاری کرنا پڑا؟

0

دنیا کو مسمیاتی تبدیلی کا سامنا ہے اور ہمارے کرہ ارض کا درجہ حرارت روز بروز بڑھتا ہی جارہا ہے جس نے ماہرین کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے، ملک میں پڑنے والی شدید گرمی کے باعث چین کو بھی اورنج الرٹ جاری کرنا پڑ گیا۔

چینی محکمہ موسمیات کے مطابق ہیبی، بیجنگ، تیانجن، شیڈونگ اور ہینان میں 9 سے 10 جولائی کے درمیان لو چلنے کا امکان ہے، چین میں شدید گرمی کے باعث دوسرا سب سے بڑا اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

موسمایاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ گرمی کے دوران بیجنگ، ہیبی اور ہینان کے چند علاقے ایسے ہیں جہاں درجہ حرارت 40 ڈگری سے اوپر جا سکتا ہے۔

پچھلے ہفتے جنوبی اور شمالی چین کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا تھا اور امکان ہے کہ آئندہ اس کی شدت میں مزید اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ چین کی نیشنل آبزرویٹری ںے ملک میں پڑنے والی سخت گرمی کے سبب گزشتہ جمعرات کو دوسرا سب سے بڑا اورنج الرٹ جاری کیا تھا۔

ویڈیو: سعودی عرب میں آسمان پر ’’روشنی کی پُراسرار لکیر‘‘، حقیقت کیا ہے؟

0

سعودی عرب میں گزشتہ دنوں آسمان کے افق پر روشنی کی ایک پراسرار لکیر دکھائی دی جس پر مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں اور کئی لوگ اسے خلائی مخلوق کہہ رہے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں ہفتے کی علی الصباح جب کہ سورج نمودار نہیں ہوا تھا شہریوں نے آسمان پر روشنی کی ایک پراسرار لکیر دیکھی جس کو دیکھنے کے بعد کئی لوگ پریشان ہوگئے جب کہ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔ کئی افراد نے اس لکیر کو خلائی مخلوق سمجھنا شروع کر دیا تاہم ماہر فلکیات نے اس حوالے سے وضاحت کر دی ہے۔

ماہر فلکیاتی امور ڈاکٹر خالد الزعاق کا کہنا ہے کہ ہفتے کی علی الصباح آسمان پر دیکھی جانے والی روشنی کی سفید لکیر دراصل ’ اسٹار لنک ‘ ہے۔ روشن ستاروں کی صورت میں یہ ایک قطار تھی جس سے لوگ واقف نہیں تھے اور وہ اسی لیے اس لکیر کو خلائی مخلوق سمجھ بیٹھے۔

خادل الزعاق نے کہا کہ جمعہ 7 جولائی کو اسپیس ایکس کی جانب سے اسٹار لنک سیٹلائٹس کے ایک گروپ کو مدار میں لانچ کیا ہے جیسے فالکن 9 نامی راکٹ جس کے ساتھ 48 سیٹلائٹس تھے کیلیفورنیا بیس سے لانچ کیا گیا۔

 

واضح رہے اسٹار لنک مصنوعی سیاروں کے ذریعے ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ کوریج کی جاتی ہے جس کے ذریعے انٹرنیٹ سے محروم علاقوں تک انٹرنیٹ کی رسائی ممکن بنائی جاتی ہے۔

بارشوں نے ملکی آبی ذخائر کو سیراب کردیا، ریکارڈ پانی جمع

0

اسلام آباد: پری مون سون بارشوں کے باعث ملکی آبی ذخائر میں ریکارڈ پانی جمع ہونے لگا، 3 بڑے ڈیمز میں 2 روز کے دوران 4 لاکھ ایکڑ فٹ سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا.

اے آر وائی نیوز کے مطابق پری مون سون بارشیں کے سبب ملکی آبی ذخائر میں ریکارڈ پانی جمع ہونے لگا، 3 بڑے ڈیمز میں 2 روز کے دوران 4 لاکھ ایکڑ فٹ سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تربیلا، منگلا اور چشمہ میں پانی کے ذخائر 82 لاکھ 6 ہزار ایکڑ فٹ تک پہنچ گئے۔

ارسا حکام کا کہنا ہے کہ تربیلا میں آج پانی کا ذخیرہ 40 لاکھ 37 ہزارایکڑ فٹ تک ہے، منگلا میں پانی کا مجموعی ذخیرہ 39 لاکھ 86 ہزار ایکڑ فٹ تک ہے،

اس کے علاوہ چشمہ میں آج پانی کا ذخیرہ 1 لاکھ 83 ہزار ایکڑ فٹ تک رہا، ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 92 ہزار900 کیوسک ہے۔

ارسا حکام کے مطابق دریائے چناب پر ہیڈ مرالہ سے پانی کا اخراج 77 ہزار100 کیوسک ہے، نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی آمد 65 ہزار 300 کیوسک ہے۔

احسن اقبال کا دعویٰ غلط نکلا، چین پی ٹی آئی دور میں سی پیک پر پیش رفت کو اطمینان بخش قرار دے چکا

0

سی پیک منصوبے اور اس پر چین کی رائے سے متعلق احسن اقبال کا دعویٰ غلط نکلا چینی قونصل جنرل نے پی ٹی آئی دور میں سی پیک منصوبے پر پیش رفت کو اطمینان بخش قرار دے چکے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں الزام عائد کیا تھا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں جان بوجھ کر سی پیک کو نقصان پہنچایا گیا۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ چین نے گزشتہ اسٹیبلشمنٹ کو کہنے کی کوشش کی تھی کہ پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے کا تجربہ نہ کیا جائے کیونکہ اس سے سی پیک اور پاکستان کو نقصان ہوگا۔

تاہم چینی قونصل جنرل کا بیان ان کے اس دعوے کی یکسر نفی کرتا ہے۔

گزشتہ سال اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے لاہور میں چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے پی ٹی آئی دور میں سی پیک منصوبے پر پیش رفت کو اطمینان بخش قرار دے چکے ہیں۔

’چین نے کہنے کی کوشش کی تھی کہ پی ٹی آئی کو اقتدار میں نہ لایا جائے‘

ژاؤ شیرین نے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ کورونا کے باوجود سی پیک درست سمت میں چل رہا ہے، اس کی رفتاراطمینان بخش ہے، پاکستان میں کوئی بھی سیاسی جماعت ہو چین کی پالیسی ایک جیسی رہتی ہے، سی پیک ٹھیک نہ چلنے کا بعض عناصر کا تاثر درست نہیں۔

 

بی جے پی کا نیا پینترا، پڑوسی ملکوں کی جماعتوں سے دوستی بڑھائے گی

0

بی جے پی نے پینترا بدلتے ہوئے پڑوسی ملکوں کی سیاسی جماعتوں سے دوستی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، بھارتی ہندو قوم پرست پارٹی ان سے نئے سرے سے روابط استوار کرنے کی خواہاں ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی حکمران جماعت دنیا بھر میں اور بالخصوص پڑوسی ملکوں کی سیاسی جماعتوں کے ساتھ اپنے روابط اور تعلقات کو نئے سرے سے استوار کرتے ہوئے اسے وسعت دینا چاہتی ہے۔

اس سلسلے میں بنگلہ دیش کی حکمران جماعت عوامی لیگ اور نیپال کی حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی آف نیپال کے وفود کی میزبانی آئندہ ہفتے کی جائے گی، بھارت رواں برس جنوبی افریقہ میں شیڈول برکس ممالک کے سیاسی جماعتوں کی مجوزہ میٹنگ میں بھی شرکت کے گا۔

نیپال کی سیاسی جماعتیں، بنگلہ دیش کی عوامی لیگ اور جنوبی افریقہ کی افریقن نیشنل کانگریس، بھارتی جماعت کانگریس کے کافی قریب رہی ہیں، جو بی جے پی کے لیے اچھی بات نہیں اور وہ اسے تبدیل کرنے کی خواہاں ہے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیشی وزیر اعظم اور عوامی لیگ کی سربراہ شیخ حسینہ نے بھارت کے دورے پرکانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی سے بھی ملاقات کی تھی۔

بی جے پی کی جانب سے مشرق وسطیٰ، یورپی یونین اور کیریبییئن ممالک کے سفارت خانوں کے سربراہوں کے ساتھ ایک اجلاس بھی منعقد کیا گیا ہے، جس میں پارٹی صدر جے پی نڈا نے سفیروں کو تفصیلی بریفنگ دی۔

کن پاکستانی سیاستدانوں نے "تھریڈز” کا رُخ کر لیا؟

0
ٹوئٹر چھوڑ کر تھریڈز پر آنے والے صارفین مایوس ہونے لگے

میٹا کی ایپ تھریڈز کے لانچ ہوتے ہی پاکستان سیاستدان بھی اسے جوائن کرنے میں پیش پیش ہیں اور کئی چوٹی کے سیاستدان نے اپنے اکاؤنٹس بنا لیے ہیں۔

میٹا نے حال ہی میں ٹوئٹر کے مقابلے میں اپنی ایپ تھریڈز کے نام سے لانچ کی تھی جس کو ٹوئٹر کلر یعنی ٹوئٹر کا قاتل بھی کہا جا رہا ہے کیونکہ کیونکہ یہ نئی ایپ کافی حد تک ٹوئٹر کی نقل ہی معلوم ہوتی ہے، تاہم میٹا کے بانی مارک زکر برگ نے اس ایپ میں ٹوئٹر کی صارفین کو پریشان کرنے والی نئی پالیسیز کو شامل نہیں کیا۔

اس ایپ کے بعد ٹوئٹر اور فیس بک کے درمیان جنگ چھڑ گئی ہے اور ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے میٹا کے خلاف ہرجانے کی دھمکی بھی دے ڈالی ہے۔

تاہم اس جھگڑے کے باوجود تھریڈز نے لانچنگ کے فوری بعد دنیا بھر کی توجہ اپنی جانب مرکوز کرا لی ہے جہاں دنیا کی کئی نامور شخصیات اس سے جڑ گئے ہیں وہیں پاکستان کے کئی چوٹی کے سیاستدان بھی اس سے متاثر اور منسلک ہوئے بغیر نہ رہ سکے اور انہوں نے تھریڈز پر اپنے اکاؤنٹس بنا لیے ہیں۔

اس نئی ایپ ’تھریڈز‘ کے لانچ ہونے کے ابتدائی 7 گھنٹوں میں ہی دس ملین سے زائد افراد نے اس پر اکاؤنٹس بنا لیے۔

جن پاکستانی سیاسی شخصیات نے تھریڈز پر اپنے اکاؤنٹس بنائے ہیں ان میں وزیراعظم شہباز شریف، پی ٹی آئی چیئرمین، وزیر خارجہ و پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سابق وزیراعظم کی صاحبزادی اور ن لیگی رہنما مریم نواز، استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین شامل ہیں۔

دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی طرح اس نئے پلیٹ فارم پر بھی پی ٹی آئی چیئرمین مقبولیت میں سب سے آگے ہیں اور ایک ہی دن میں ان کے فالوورز کی تعداد 94 ہزار ہوگئی ہے۔ مریم نواز کے فالوورز کی تعداد 5300، بلاول کے فالوورز کی تعداد 4500، جہانگیر ترین کے فالوورز کی تعداد 3800 اور شہباز شریف کے چاہنے والوں کی تعداد 2700 ہے۔

تھریڈز پر پاکستان کی معروف شوبز شخصیات نے بھی اپنے اکاؤنٹس بنائے جن میں شہروز سبزواری، صبا قمر، نادیہ حسین ، صبور علی، ہانیہ عامر، سعد قریشی، ہمایوں سعید، ثنا شاہنواز، فرحان سعید، اداکار اذان سمیع خان، بلال سعید، یوٹیوبر فیشن ڈیزائنر حسن شہریار سمیت دیگر بھی شامل ہیں۔

یہاں صارفین کو بتاتے چلیں کہ جس طرح کسی بھی سوشل میڈیا نیٹ ورک پر اکاؤنٹ بنانے کے بعد اسے باآسانی ڈیلیٹ بھی کیا جا سکتا ہے لیکن تھریڈز کے ساتھ معاملہ کچھ اور ہے۔ یہاں اگر کسی نے ایک بار سائن اپ (Sign Up) کر لیا ج تو پھر اکاؤنٹ کو ڈیلیٹ نہیں کر سکتا۔

تھریڈز کی پرائیویسی پالیسی کا مطالعہ کرنے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ صارف کے سائن اپ کیے جانے کے بعد اس پر سے اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہیں کیا جا سکتا البتہ اکاؤنٹ کو غیر فعال (Deactivate) کرنے کا آپشن موجود ہے۔

سعودی عرب، بھارت سے پروازیں کیوں بڑھا رہا ہے؟

0

سعودی عرب اب بھارت سے آنے والی پروازوں میں اضافہ کر رہا ہے جس کا مقصد ملکی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی ٹور ازم اتھارٹی نے مملکت میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے انڈیا سے آنے والے پروازوں میں 19 فیصد اضافہ کرنے کے لیے تیار ہے اور موجودہ فی ہفتہ 243 پروازوں بڑھا کر 290 کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے سعودی ٹورازم اتھارٹی کے ایشیا پیسیفک مارکیٹس کے صدر الحسن الدباغ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہ ہے کہ گزشتہ سال انڈیا سے تقریباً 10 وزیٹرز نے مملکت کا دورہ کیا اور نئے منصوبے کا مقصد 2023 میں وزیٹرز کی تعداد کو دُگنا کرنا ہے۔ ہم نے رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 4 لاکھ بھارتی مسافروں کا خیر مقدم کیا ہے اور ہم اس تعداد کو 2030 تک 12 ملین تک پہنچانا چاہتے ہیں۔

الحسن الدباغ نے کہا کہ سعودی عرب بھارتی مسافروں کے دو اہم طبقات کو ہدف بنا رہا ہے۔ پہلا وہ خاندان ہیں جو مملکت کے امیر ثقافتی علاقوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے آتے ہیں اور دوسرا وہ مسافر جو اپنے دوستوں اور اہل خانہ سے ملنے سعودی عرب جاتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ہم نے انڈیا کے ارد گرد نو وی ایف ایس تسیل ویزا دفاتر کھولے ہیں تاکہ سعودی عرب آنے والوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکے

واضح رہے کہ سعودی عرب کی قومی سیاحت کی حکمت عملی کا مقصد 2030 تک 100 ملین سیاحوں کو راغب کرنے کے ساتھ ساتھ مملکت کی مجموعی گھریلو پیداوار میں سیاحت کے شعبے کے تعاون کو 10 فیصد سے زیادہ کرنا ہے۔

’ہر مسلمان قرآن کو اپنے دل میں محفوظ رکھتا ہے‘

0

قومی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر کہا ہے کہ ہر مسلمان قرآن کو اپنے دل میں محفوظ رکھتا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اظہار خیال کیا ہے۔

محمد رضوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ہر مسلمان نے قرآن پاک کی آیات کو اپنے دل میں محفوظ کر رکھا ہے اور اس قدر محفوظ چیز کو نقصان پہنچانا صرف اس وقت ہی ممکن ہو سکتا ہے جب اس کا محافظ اسے دل سے نکال دے۔

محمد رضوان نے لکھا ہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی تو دور کی بات کوئی ایسا سوچ بھی نہیں سکتا۔ ہم تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں، ان مذاہب کے ماننے والوں کے جذبات اپنے مذہب سے جڑے ہوتے ہیں اور ہم بھی دوسروں سے اسی کی درخواست کرتے ہیں۔

 

واضح رہے کہ سوئیڈن میں عیدالاضحیٰ کے روز ایک گستاخ شخص نے مسجد کے سامنے پولیس کی نگرانی میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی تھی جس کے بعد دنیا بھر کے مسلمانوں کا احتجاج جاری ہے جب کہ غیر مسلم ممالک کی جانب سے بھی اس ناپاک حرکت کی مذمت کی جا رہی ہے۔

دنیا بھر میں شدید احتجاج کے بعد سوئیڈن نے بھی قرآن پاک کی بے حرمتی کو غیر قانونی قرار دینے پر غور شروع کر دیا ہے اور سوئیڈن کے وزیر انصاف کا کہنا ہے کہ حالیہ واقعات سے سوئیڈن کی داخلی سلامتی کے خطرات میں اضافہ ہوا ہے۔

سویڈن کے وزیر انصاف گونار اسٹرومر نے کہا کہ حکومت قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لی رہی ہے اور قرآن پاک سمیت دیگر مقدس کتب کی بے حرمتی کو غیر قانونی قرار دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔