پیر, جون 30, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 7581

فضل الرحمان کا دبئی میٹنگ میں نہ بلانے کا شکوہ، شاہد خاقان عباسی کا ردعمل آگیا

0
فضل الرحمان کا دبئی میٹنگ میں نہ بلانے کا شکوہ، شاہد خاقان عباسی کا ردعمل آگیا

دبئی میں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت میں ہونے والی اہم میٹنگ میں مدعو نہ کرنے پر مولانا فضل الرحمان نے شکوہ کیا جس پر اب شاہد خاقان عباسی کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر رہنما (ن) لیگی شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ دبئی میٹنگ میں مولانا فضل الرحمان نہیں تھے اس پر سوال اٹھے، یہ میٹنگ دو بڑی جماعتوں کے درمیان تھی اور ضروری نہیں کہ اس میں ہر شخص شامل ہو۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ فضل الرحمان کا حق ہے کہ وہ اپنی تشویش سے آگاہ کریں کیونکہ وہ ہمارے اتحادی ہیں ان کو ضرور اعتماد میں لیا جائے گا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اس وقت الیکشن کروانے یا نہ کروانے کی چوائس نہیں ہے، یہ بدقسمتی ہے کہ الیکشن کے انعقاد پر شک پیدا ہوئے، گزشتہ 4، 5 ماہ میں جو کچھ ہوا اس لیے الیکشن کے انعقاد پر شک پیدا ہوئے، عدالتوں نے ایک صوبے میں ایک رویہ رکھا جبکہ دوسرے صوبے میں دوسرا رویہ رکھا، سوال کرنا چاہیے کہ کیا اسمبلیوں کو تحلیل کرنے کا فیصلہ درست تھا یا نہیں؟

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اسمبلی میں بیٹھنا چاہیے تھا یہ ان کی ذمہ داری تھی، پی ٹی آئی کو عدم اعتماد کے بعد اپوزیشن کا کردار ادا کرنا چاہیے تھا، ماضی کی غلطیوں میں سب شامل ہیں لیکن اب آگے کا راستہ دیکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت ایسی ہونی چاہیے کہ کوئی اعتراض نہ کرے، خورشید شاہ کے ساتھ میں نے دو منٹ میں کیئرٹیکر کا طے کیا تھا، آج بیٹھ کر ملک کے راستے کا تعین کریں اور سب چیزیں پہلے طے کریں، جو ملک کو فیصلے چاہیے اس کا بوجھ کوئی اکیلی جماعت نہیں اٹھا سکتی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آئی ایم ایف سے اسٹینڈبائے اریجمنٹ کیا گیا، اس کا معاہدہ ڈکیٹ کرتا ہے کہ آگے الیکشن ہونا ہیں لیکن الیکشن مسائل کا حل نہیں بلکہ بیٹھ کر راہ نکالنی ہوگی، سیاسی و عسکری قیادت اور عدلیہ کو راستے کا تعین کرنا ہوگا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ کوئی ایسا نیوٹرل نہیں جو سب کو ساتھ بٹھا سکے، الیکشن آگے لے کر جانا بہت بڑی غلطی ہوگی اور قانون میں اس کی گنجائش بھی نہیں، الیکشن اس وقت ملک کی آئینی ضرورت ہے اور ہر صورت ہونے چاہیے۔

نواز شریف سے متعلق انہوں نے کہا کہ وہ سب سے سینئر سیاستدان ہیں وہ واپس آئیں گے، ان کی حکومت 20 ہزار درہم نہ لینے پر ہٹا دی گئی، میں ان کا وکیل نہیں لیکن یہ تو مانا جائے کہ غلط فیصلے ہوئے۔

ابھیشیک بچن کو خاتون نے تھپڑ مار دیا

0
ابھیشیک بچن

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کے بیٹے و اداکار ابھیشیک بچن نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں خاتون نے انہیں تھپڑ مار دیا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار ابھیشیک بچن کا ماضی کا ایک انٹرویو کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ ایک خاتون نے فلم ’شرارت‘ جو 2002 میں ریلیز ہوئی تھی وہ دیکھ کر تھیٹر میں غصے میں آگئی تھیں اور مجھے تھپڑ جڑ دیا تھا۔

ابھیشیک بچن نے بتایا کہ خاتون نے اس لیے تھپڑمارا کیونکہ انہیں ’شرارت‘ میں میری اداکاری پسند نہیں آئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ’فلم ختم ہوئی تو خاتون میری جانب بڑھیں اور مجھے تھپڑ مار کر کہنے لگیں کہ مجھے اداکاری چھوڑ دینی چاہیے۔‘

Once Abhishek got slapped by a person who didn’t like his movie
by u/RanaKp in BollyBlindsNGossip

ابھیشیک بچن نے کہا کہ ’2012 میں جب فلم ’بول بچن‘ کی ریلیز کے بعد اسی تھیٹر میں گیا تو تقریباً 10 ہزار لوگ سنیما کے باہر جمع تھے میں گاڑی سے باہر نکلا اور اس منظر کی تصویر کھینچ کر والد کو بھیج دی۔‘

اداکار کی وائرل ویڈیو پر کئی صارفین نے حیرانی کا اظہار کیا ساتھ ہی خاتون کے اقدام کو غیر اخلاقی قرار دیا۔

واضح رہے کہ ابھیشیک بچن کی آنے والی فلموں میں ’ایس ایس ایس سیون‘ اور ’گھومر‘ شامل ہیں جبکہ وہ شوجیت سرکار اور ریمو ڈی سوزا کی فلم میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

محمد مرزا خاں اور عمو جان کی وضع داری اور دوستی

0

ایک زمانہ تھا جب دوستیاں اور تعلق کسی قسم کی نفرت اور عناد سے آلودہ نہیں‌ تھے۔ عقیدے اور ذات پات، عہدہ و منصب، مالی حیثیت اور اس کی بنیاد پر سماج میں‌ رُتبہ آپس میں‌ تعلق استوار کرنے کا پیمانہ اور معیار نہیں‌ ہوتا تھا بلکہ دوست احباب ایک دوسرے سے بے لوث محبّت کرتے تھے۔ مصیبت میں یا کوئی ضرورت پڑنے پر ساتھ نبھا کر خود کو وضع دار اور باظرف ثابت کرتے تھے۔

سید محمد ارتضیٰ المعروف ملّا واحدی دہلوی اردو کے صاحب ِطرز ادیب اور مشہور جیّد صحافی تھے جن کے قلم کی نوک سے نکلے یہ دو مختصر واقعات سچّی دوستی اور مذہبی رواداری کی مثال کے طور پر ہم یہاں نقل کررہے ہیں۔ وہ لکھتے ہیں:

"چیلوں کا کوچہ جہاں میرا گھر ہے، یہاں دو صاحب رہتے تھے۔ ایک محمد مرزا خاں، دوسرے عمو جان۔ ان دونوں نے بہت طویل عمریں پائی تھیں۔ محمد مرزا خاں کا تو لوگوں نے نوح نام رکھ دیا تھا اور عموؔ جان حضرت شاہ عبدالعزیزؔ رحمۃ اللہ علیہ کی گودوں کے کھیلے ہوئے تھے۔

شاہ عبدالعزیزؒ حضرت شاہ ولی اللہؒ کے فرزند تھے۔ شاہ ولیؔ اللہ جنہوں نے شہنشاہ اورنگ زیبؔ عالمگیر کے زمانے میں فتاویٰ عالمگیری کی تدوین میں حصہ لیا تھا۔ میں نے اپنے بچپن میں محمد مرزا خاں کو بھی دیکھا ہے اور عمو جان کو بھی۔ دونوں کے خاندان اب تک موجود ہیں اور دونوں کے دیکھنے والے مجھ سے بڑے ابھی زندہ ہیں۔ پہلے محمد مرزا خاں کی وضع داری اور دوستی کا نمونہ ملاحظہ فرمائیے۔

ایک ہندو سے ان کا بھائی چارہ تھا۔ انقلاب 1857ء کی ابتداء ہوچکی تھی کہ ہندو صاحب نے شادی رچائی۔ بارات بازاروں سے گزر رہی تھی کہ کچھ لوٹ مار کرنے والے آپہنچے۔ بارات کی بارات مع دولھا کے دُلہن کا ڈولا چھوڑ بھاگ گئی مگر محمد مرزا خاں نے چند اور ساتھیوں کی مدد سے دلہن کو بچایا اور لشتم پشتم دولھا کے مکان پہنچا دیا۔

عموؔ جان کا واقعہ اس سے بھی زیادہ حیرت انگیز ہے۔ تاجرانہ دوستیوں کے دور میں اسے تسلیم کرنے میں تأمل ہوگا۔ عموؔ جان کی بھی ایک ہندو سے ملاقات تھی۔ وہ ہندو وکیل تھے۔ ان پر کسی کے قتل کا الزام لگ گیا۔ عموؔ جان نے الزام اپنے سَر لے لیا۔ پھر وکیل صاحب ان کے لیے جو کوشش نہ کرتے، تھوڑی تھی۔

عموؔ جان بالکل غریب آدمی تھے اور وکیل صاحب کا اقبال برابر ترقی کر رہا تھا۔ مگر مجھے ان کا عموؔ جان کے جھونپڑے میں آنا جانا خوب یاد ہے۔

محمد مرزاؔ خاں اور عمو جان تو صحیح معنوں میں اگلے وقتوں کے آدمی تھے۔ اگلے وقتوں کے آدمی وضع اور دوستی کو نبھانا ہنر سمجھتے تھے، اور نہ نبھانے کو عیب جانتے تھے۔ ایک محلے کے صرف دو آدمیوں کا ایک ایک واقعہ سنا دیا ہے، ورنہ 1857ء کے بہت بعد تک ایسے لوگوں سے سارا شہر بھرا پڑا تھا۔”

امریکی صدارتی ایجوکیشن ایوارڈ حاصل کرنے والا پاکستانی بچہ

0
شاہ زین

پاکستانی ذہین اور قابل طلبہ و طالبات دنیا بھر میں اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہے ہیں ان ہی ایک بچہ شاہ زین آفریدی بھی ہے جس نے امریکی صدراتی ایجوکیشن ایوارڈ حاصل کرکے ملک کا نام روشن کردیا۔

یہ ہی نہیں بلکہ اس سے قبل شاہ زین آفریدی کی بہن عیشل آفریدی نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی صدراتی ایجوکیشن ایوارڈ اپنے نام کیا۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں شاہ زین آفریدی نے شرکت کی اور اپنی کامیابی سے متعلق محنت اور لگن کے حوالے سے ناظرین کو آگاہ کیا۔

شاہ زین آفریدی نے بتایا کہ میں گھر آکر دو گھنٹے ہوم ورک کرتا ہوں میری پڑھائی میں میری والدہ اور بڑی بہن میری رہنمائی کرتی ہیں۔ اپنے مستقبل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میرا ارادہ ایرو اسپیس انجینئرنگ پروگرام میں داخلہ لینے کا ہے۔

کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد طالب علم شاہ زین آفریدی کو رواں ماہ یو ایس پریزیڈنٹ ایجوکیشن ایوارڈ 2023 شاندار تعلیمی کیرئیر کے اعتراف میں نوازا گیا ہے۔

شاہ زین آفریدی نے نیو جرسی کے فلپ جی وروم اسکول میں گریڈ 8 تک اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔ ان کو شاندار تعلیمی کیرئیر پر ہائی ٹیک اسکول نیوجرسی میں اسکالر شپ کی بنیاد پر داخلہ بھی مل گیا ہے جہاں وہ بغیر کوئی فیس ادا کیے اپنا شاندار تعلیمی سفر جاری رکھیں گے۔

عذرا ہر گھر میں موجود ہے، جویریہ سعود

0
جویریہ سعود

اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’بے بی باجی‘ میں منفی کردار نبھانے والی اداکارہ جویریہ سعود کا کہنا ہے کہ عذرا ہر گھر میں موجود ہے۔

ڈرامہ سیریل ’بے بی باجی‘ میں سینئر اداکارہ ثمینہ احمد (بے بی باجی)، منور سعید (صدیقی صاحب)، سعود قاسمی (جمال)، جویریہ سعود (عذرا)، حسن احمد (نصیر)، سنیتا مارشل (اسما)، جنید جمشید نیازی (واصف)، سیدہ طوبیٰ انور (فرحت)، فضل حسین (ولید)، عینا آصف (سمن)، فائزہ خان (رامین) ودیگر اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔

ڈرامے کی کہانی منصور احمد خان نے لکھی ہے جبکہ اس کی ہدایت کاری کے فرائض تحسین خان نے انجام دیے ہیں۔

’بے بی باجی‘ میں جویریہ سعود کے کردار ’عذرا‘ کو مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

گزشتہ دنوں جویریہ سعود نے ’اے آر وائی چیٹ ڈائریز‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’عذرا سب کے گھروں میں موجود ہے اور ہر کوئی ڈرامے میں اپنے گھر کی عذرا کو دیکھ رہا ہوگا اور کہہ رہا ہوگا تم یہی کرتی ہو۔‘

جویریہ سعود نے کہا کہ ’مجھے لگ رہا تھا کہ خواتین کردار کی تعریف کریں گی لیکن بوڑھے، بچے، جوان سب کہہ رہے ہیں کہ آپ نے تباہی مچادی ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’شاپنگ مال گئی تو ایک صاحب کی آواز آئی کہ ارے بھئی آپ نے کیا تباہی مچائی ہوئی ہے، بہت سے لوگ ایسے بھی ہیں جنہوں نے اب مقبولیت کے بعد ڈرامہ دیکھنا شروع کیا ہے۔‘

جویریہ سعود نے کہا کہ ’اگر اصل زندگی میں میری کسی سے لڑائی ہوتی ہے تو وہ صرف سعود ہیں اس کے علاوہ کبھی کسی سے لڑائی نہیں ہوتی۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’میرے وہ تمام سین پسندیدہ ہیں جو سعود اور ثمینہ آپا کے ساتھ کیے ہیں کیونکہ ان کو چڑانے میں بہت مزہ آتا ہے۔‘

جویریہ سعود نے مزید کہا کہ ’میرے بچے بہت انجوائے کررہے ہیں لیکن وہ کہتے ہیں کہ ماما آپ تو ڈرامے میں چپ ہی نہیں کرتی ہیں، بیٹی جنت بھی یہی کہتی ہے کہ ماما آپ کتنا بولتی ہیں۔

’اوہ مائی گاڈ 2‘ سے اکشے کمار کی پہلی جھلک نے مداحوں کو حیران کر دیا

0
’اوہ مائی گاڈ 2‘ سے اکشے کمار کی پہلی جھلک نے مداحوں کو حیران کر دیا

ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار اکشے کمار کی آئندہ آنے والی فلم ’اوہ مائی گاڈ 2‘ کی منفرد جھلک دیکھ کر مداح حیران رہ گئے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اکشے کمار نے آج انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے ’اوہ مائی گاڈ‘ کے سیکوئل کی جھلک مختصر ویڈیو کی شکل میں شیئر کی جس میں وہ ماتھے پر راکھ اور گلے میں مالا لٹکائے بابا کے روپ میں نظر آ رہے ہیں۔

ویڈیو کے کیپشن میں اکشے کمار نے اعلان کیا کہ ’اوہ مائی گاڈ 2‘ کا ٹیزر 11 جولائی کو ریلیز ہوگا جبکہ فلم کو رواں سال 11 اگست کو سنیما گھروں میں نمائش کیلیے پیش کیا جائے گا۔

متعلقہ: اکشے کمار نے فلموں کی ناکامی پر خاموشی توڑ دی

مذکورہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سُپر اسٹار بھیڑ میں چل رہے ہیں اور اردگرد موجود کچھ لوگ نعرے باز میں مصروف ہیں۔

یاد رہے کہ فلم 2012 میں ریلیز ہونے والی ’اوہ مائی گاڈ‘ کا سیکوئل ہے جس میں اکشے کمار نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔ سیکوئل میں ان کے ساتھ نامور فنکار پنکج ترپاٹھی اور اداکارہ یامی گوتم اسکرین پر نظر آئیں گے۔

آئی ایم ایف سیاسی جماعتوں کے پاس جا کر ان سے معاہدہ کر رہا ہے، جاوید لطیف

0
آئی ایم ایف سیاسی جماعتوں کے پاس جا کر ان سے معاہدہ کر رہا ہے، جاوید لطیف

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما جاوید لطیف نے دعویٰ کیا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سیاسی جماعتوں کے پاس جا کر ان سے معاہدہ کر رہا ہے۔

شیخوپورہ میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر تنقید کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ دو صوبوں کی حکومت نے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے اور معاہدے میں رکاوٹ بنے۔

جاوید لطیف نے کہا کہ ایم آئی ایف معاہدے پر بھنگڑے اس لیے ڈالے جا رہے ہیں کہ ملک ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا، ملک مسائل اور عدم تحفظ کا شکار ہے ایسے میں سرمایہ کار اعتماد نہیں کر رہا۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان پر کرپشن ثابت نہیں ہوئی لہٰذا انصاف ہونا چاہیے۔

اس سے قبل پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمداللہ نے دعویٰ کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سے انتخابات کی گارنٹی مانگی، ایسا کرنا ملکی سیاست میں عالمی ادارے کو مداخلت کی دعوت دینا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ملک میں انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے آئی ایم ایف کا نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے جلسوں میں بیرونی مداخلت کا ڈھونگ رچا کر قوم کو بے وقوف بنایا اور آج مداخلت کی دعوت دے کر کس کو بے وقوف بنانے کی کوشش ہے؟

حافظ حمداللہ کا کہنا تھا کہ یہ وہ منافقت ہے جس کا پردہ ہم 10 سال پہلے چاک کر چکے ہیں، امریکا کے بعد آئی ایم ایف سے مداخلت کی بھیک مانگنا کیا حقیقی آزادی ہے؟

بیٹی سے زیادتی کے ملزم کی رہائی پر باپ کا انتہائی اقدام

0

بھارت میں ایک شخص نے بیٹی کے ساتھ زیادتی کرنے والے ملزم کی جیل سے رہائی کے بعد دلبرداشتہ ہوکر اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا۔

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر ودیشا میں ایک شخص نے اپنی بیٹی کے ساتھ اوباش نوجوانوں کی زیادتی اور متاثرہ لڑکی کی خودکشی کرنے کے واقعے کے دو ماہ بعد اپنی زندگی بھی ختم کر ڈالی۔

مقامی میڈیا کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ 25 مئی کو متاثرہ لڑکی نے چھ افراد پر ذیادتی کا الزام عائد کرنے کے بعد خودکشی کرلی تھی۔

بعد ازاں پولیس کی جانب سے مذکورہ ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا اور ان میں سے ایک ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی گئی تھی، جس کی شناخت سدیپ ڈھاک کے نام سے کی گئی۔

پولیس حکام کے مطابق دو ماہ بعد ملزم کو عدالتی احکامات پر جیل سے رہا کردیا گیا، جس سے متاثرہ لڑکی کا والد بہت دلبرداشتہ تھا، ملزم سدیپ ڈھاک کی رہائی کے بعد لڑکی کے والد نے بھی خودکشی کرلی۔

واقعے کے بعد ریاست کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے تحقیقات کا حکم دیا ہے، جس کے بعد ڈپٹی انسپکٹر جنرل واقعہ کی تحقیقات کرے گا اور تین دن میں رپورٹ پیش کرے گا۔ جس کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔

وزیر داخلہ نے میڈیا کو بتایا کہ لڑکی والد کی موت کے سلسلے میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور متعلقہ تھانے کے انچارج اور ہیڈ کانسٹیبل کو ڈیوٹی سے معطل کردیا گیا ہے۔

انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

0
ایشیز سیریز

ایشیز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو تین وکٹوں سے شکست دے دی، سیریز میں آسٹریلیا کو 2-1 کی برتری حاصل ہے۔

انگلینڈ نے آسٹریلیا کی جانب سے دیا جانے والا 251 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، دوسری اننگز میں ہیری بروک نے شاندار 75 رنز کی اننگز کھیلی، مارک ووڈ کو شاندار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اوپنر زیک کرولی 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کرس ووکس 32 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مچل مارش اور کپتان پیٹ کمنز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم دوسری اننگز میں 224 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، عثمان خواجہ 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے جبکہ مارنوس لبوشین 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے اسٹیورٹ براڈ اور کرس ووکس نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مارک ووڈ اور معین علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 263 رنز بنائے تھے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 237 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔

ثنا خان نے بیٹے کا نام ’طارق جمیل‘ رکھ دیا

0
ثنا خان

شوبز کو اسلام کی خاطر خیرباد کہنے والی سابق بھارتی اداکارہ ثنا خان نے اپنے بیٹے کا نام ’سید طارق جمیل‘ رکھ دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کی سابق اداکارہ ثنا خان نے 2020 میں شوبز کو خیرباد کہہ دیا تھا اور مفتی انس سید سے شادی کی تھی۔

گزشتہ دنوں فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ثنا خان نے مداحوں کو بیٹے کی ولادت کی اطلاع دی تھی۔

انہوں نے لکھا تھا کہ ’اللہ ہمیں ہماری اولاد کے لیے بہترین نمونہ بنائے، اللہ کی امانت ہے، اسے بہترین بنانا ہے۔‘

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Saiyad Sana Khan (@sanakhaan21)

اب بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ثنا خان نے اپنے بیٹے کا نام ’سید طارق جمیل‘ رکھا ہے اور کہا ہے کہ نام کا شخصیت پر بہت اثر پڑتا ہے ہم اپنے بیٹے کے لییے ایک ایسا نام چاہتے تھے جو دین داری، بردباری، نرمی اور دیانت داری کی علامت ہو۔

ثنا خان نے کہا کہ ’مجھے ابھی تک یقین نہیں آرہا کہ یہ میری اولاد ہے، ماں بننا زندگی کا سب سے خوبصورت احساس ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’مجھے ابھی تک ایسا لگتا ہے کہ میں نے کسی اور کا بچہ اٹھایا ہوا ہے، ماں باپ بننا زندگی بھر کی ذمہ داری ہے، وہ بہت چھوٹا ہے مجھے نہیں پتا اسے کیسے اٹھانا چاہیے میری ساس ہی بیٹے کا ڈائپر تبدیل کرتی ہیں۔‘

یاد رہے کہ ثنا خان اور مفتی انس نومبر 2020 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔