پیر, جون 23, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 846

مستونگ میں حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا

0
مستونگ دھماکا

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں لک پاس کے مقام پر حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے دھرنے میں جانے کی کوشش کی، محافظوں اور کارکنان کے روکنے پر حملہ آور نے خودکش دھماکا کردیا۔

حملہ آور اپنے ساتھی کے ساتھ موٹرسائیکل پرآیا تھا، دھماکے کے بعد حملہ آورکا ساتھی فرار ہوگیا۔

ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے جائے وقوع کے قریب بلوچستان نیشنل پارٹی کا دھرنا جاری تھا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، سردار اخترمینگل اور بی این پی کی قیادت اور شرکا محفوظ رہے۔

صوبائی حکومت گزشتہ رات سے بی این پی قیادت سے رابطے میں ہے، بی این پی مینگل کے وفد کی گزشتہ رات انتظامیہ سےملاقات ہوئی۔

حکومتی وفد کا سردار اختر مینگل سے آج ملاقات پراتفاق ہوا ہے، سردار اختر مینگل، دھرنے کے شرکا،عوام  کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔

یوٹیوبر ڈاکو شاہد لونڈ کو ہلاک کرنے والا ڈاکو عمر لونڈ قتل

0
یوٹیوبر ڈاکو شاہد لونڈ کو ہلاک کرنے والا ڈاکو عمر لونڈ قتل

پنجاب کے شہر صادق آباد میں یوٹیوب چینل بنانے کی وجہ سے مشہور کچے کے انتہا مطلوب ڈاکو شاہد لونڈ کو ہلاک کرنے والا عمر لونڈ قتل کر دیا گیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ جمالدینی والی کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے تین افراد کے قتل ہونے کا واقعہ پیش آیا، مارے جانے والوں میں عمر لونڈ، حذیفہ لونڈ اور راہ گیر خالد دھنوانی شامل ہیں۔

حکام کے مطابق مقتول عمر لونڈ نے چند ماہ قبل ڈاکو شاہد لونڈ کو قتل کیا تھا، حملہ آوروں نے ہلاک ڈاکو کے قتل کا بدلہ لیا۔

یہ بھی پڑھیں: یوٹیوبر ڈاکو شاہد لونڈ مبینہ طور پر ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

نومبر 2024 میں ڈاکو شاہد لونڈ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا تھا۔ ذرائع نے بتایا تھا کہ عمر لونڈ اور اس کے ساتھیوں نے فائرنگ کر کے انتہائی مطلوب ڈاکو کو قتل کیا، شاہد لونڈ اور عمر لونڈ کے درمیان تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔

دوسری جانب، پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ شاہد لونڈ کو رحیم یار خان اور راجن پور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں کچہ بنگلہ اچھا میں ہلاک کیا گیا۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا تھا کہ حکومت ِ پنجاب نے ہلاک ڈاکو کے سر کی قیمت 1 کروڑ روپے مقرر کی تھی، شاہد لونڈ قتل اور ڈکیتی سمیت متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔

ادھر، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کامیاب کارروائی پر رحیم یار خان اور راجن پور پولیس کو شاباشی دی اور کہا تھا کہ کچے کے علاقے سے دہشتگردوں اور ڈاکوؤں کا خاتمہ مشن ہے۔

نوجوان نے ایک ہی وقت میں دو لڑکیوں سے شادی کرلی

0

بھارت میں نوجوان نے ایک ہی وقت میں دو لڑکیوں سے شادی رچالی۔

بھارت کی ریاست تلنگانہ کے ضلع کومرم بھیم آصف آباد میں نوجوان نے ایک ہی وقت اور منڈپ میں دو لڑکیوں سے شادی کرلی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

سوریا دیو نامی نوجوان کا کہنا ہے کہ وہ لال دیوی اور جھلکاری دیوی دونوں سے محبت کرتا تھا اور اسی لیے اس نے ایک تقریب میں دونوں سے شادی کا فیصلہ کیا۔

سوریا دیو نے شادی کے دعوت نامے پر بھی دونوں دلہنوں کے نام چھپوائے اور ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں دلہنیں دلہے کا ہاتھ پکڑے منڈپ میں آگ کے گرد پھیرے لینے کی رسم ادا کررہی ہیں جبکہ گھر والے، رشتے دار اور گاؤں والے بھی موجود ہیں۔

سوریا دیو جب لال دیوی اور جھلکاری دیوی دونوں سے محبت کرنے لگا تو تینوں نے ایک ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا پہلا گھر کے بزرگوں نے اعتراض کیا لیکن پھر وہ راضی ہوگئے اور شادی میں مدد بھی کی۔

واضح رہے کہ بھارت میں ہندوؤں کے لیے ایک وقت میں ایک سے زیادہ شادیاں کرنا غیرقانونی ہے۔

اس سے قبل 2021 میں بھی تلنگانہ کے عادل آباد ضلع میں ایک شخص نے ایک ہی منڈپ میں دو خواتین سے شادی رچائی تھی جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھیں۔

لاہور قلندرز نے ڈیرن گف کی جگہ نیا ہیڈ کوچ مقرر کردیا

0
ڈیرن گف

لاہور قلندرز نے ڈیرن گف کی جگہ پی ایس ایل 10 کے لیے نیا ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔

لاہور قلندرز نے انگلینڈ کے ڈیرن گف کی عدم دستیابی کی وجہ سے جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے رسل ڈومینگو کو پی ایس ایل 10 کے لیے ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ معروف جنوبی افریقا کوچ رسل ڈومینگو کو پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن کے لیے ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے وہ ڈیرن گف کی جگہ لیں گے جنہوں نے ذاتی وجوہات کی وجہ سے معذرت کرلی تھی۔

رسل ڈومینگو ایک انتہائی تجربہ کار کوچ ہیں جو اس سے قبل جنوبی افریقا اور بنگلادیش کی قومی کرکٹ ٹیموں کے ہیڈ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

قلندرز کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ رسل ڈومینگو اپنی شاندار حکمت عملی اور نوجوان کھلاڑیوں کو نکھارنے کی صلاحیت کے لیے جانے جاتے ہیں۔

رسل ڈومینگو کا کہنا ہے میں لاہور قلندرز کے ساتھ 2025 کے پی ایس ایل سیزن کا حصہ بننے پر بے حد پرجوش ہوں، میں جلد از جلد کام شروع کرنے، کھلاڑیوں اور مینجمنٹ سے ملنے اور ایک شاندار سیزن کے لیے تیاریوں کا آغاز کرنے کا منتظر ہوں۔

لاہور قلندرز اپنے سفر کا آغاز 11 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ایک اہم میچ سے شروع کرے گی۔

پی ٹی آئی والوں پر کبھی کوئی تھریٹ الرٹ نہیں آتا، یہ طالبان کے بھائی ہیں، عظمیٰ بخاری

0
پی ٹی آئی والوں پر کبھی کوئی ٹھریٹ الرٹ نہیں آتا، یہ طالبان کے بھائی ہیں، عظمیٰ بخاری

لاہور: وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کو طالبان کا بھائی قرار دے دیا۔

عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ نہ دہشتگرد چھٹی کرتے ہیں اور نہ حکومت کر سکتی ہے، ڈی جی خان کے علاقے میں دہشتگردوں نے حملہ کیا جہاں ہمارا بارڈر خیبر پختونخوا کے ساتھ ملتا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ 20 سے 25 دہشتگردوں نے حملہ کیا جن میں سے 2 مارے گئے، دہشتگردوں کا مقصد پنجاب کے حالات کو خراب کرنا تھا، زخمی دہشتگرد لاشیں اٹھا کر بھاگیں ہیں، شر پسندوں نے راکٹ لانچر بھی چلائے ہیں لیکن پولیس نے بہادری سے بڑے حملے کو ناکام بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: دہشتگرد خود حکومت میں ہوں تو دہشتگردی کیسے ختم ہوگی؟ امیر مقام

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ڈی جی خان میں پولیس کیلیے بنکرز بنائے، ڈی جی خان میں ہونے والا یہ 31واں حملہ تھا، یہاں پر خیبر پختونخوا سے حملے ہوتے ہیں، مریم نواز نے سی ٹی ڈی اور پولیس کو ویل ایکوئٹ کیا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ حملے میں کالعدم ٹی ٹی پی کے شواہد ملے ہیں، خیبر پختونخوا خود دہشتگردی کا شکار ہے علی امین گنڈاپور نے کبھی امن و امان پر بریفنگ نہیں لی، عجیب اتفاق ہے کبھی پی ٹی آئی والوں پر کوئی تھریٹ الرٹ نہیں آتا، پی ٹی آئی والے طالبان کے بھائی ہیں تب ہی ان کے خلاف کچھ بولتے بھی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صحت کی وزارت پر مریم نواز کا زیادہ فوکس ہے، جس طرح ایئرپورٹس پر اعلانات ہوتے اب اسپتالوں میں بھی ہوں گے، جناح اسپتال میں اب ہر مریض کا ڈیجیٹل ریکارڈ موجود ہوگا۔

گورنر سندھ کا حال ان کی ’گھنٹی‘ جیسا ہے، مرتضیٰ وہاب

0

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا حال ان کی گھنٹی جیسا ہے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری پر طنزیہ وار کرتے ہوئے کہا کہ کسی نے ویڈیو شیئر کی کہ گورنر ہاؤس سے بائیک چوری ہوگئی، شہری اسٹاف کے پاس گیا تو بولے پولیس کے پاس چلے جاؤ اب پولیس کے پاس جانا ہے تو گھنٹی کی کیا ضرورت؟

انہوں نے کہا کہ گورنر کے کام خبروں میں رہنے کے لیے ہیں جب ہم ایکشن لینے کا فیصلہ کرتے ہیں تو گورنر صاحب جاتے ہیں کہ کیا ہورہا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میرا گورنر دلوں کا گورنر ہے، دل سے عزت کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ میئر کراچی اور گورنر سندھ کے درمیان ان دنوں بیان بازی جاری ہے اور دونوں ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کررہے ہیں۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ کا کام سحری یا افطاری کروانا نہیں اور اس طرح سے قوم اور مفلسی کا مذاق اڑایا جاتا ہے۔

دوسری طرف گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا ماننا ہے کہ رمضان المبارک میں شہریوں کو افطار کروانا اعزاز ہے اور اس کی تعلیمات دین اسلام نے بھی دی ہیں۔

دونوں جانب سے جواب الجواب کا سلسلہ جاری ہے تو اسی دوران گورنر سندھ نے مفتی اعظم پاکستان تقی عثمانی کو خط لکھ کر میئر کراچی کے حوالے سے فتویٰ مانگ لیا۔

اپنے خط میں انہوں نے دریافت کیا کہ میئر کراچی کھلے عام سحر و افطار کا مذاق اڑا رہے ہیں، اس حوالے سے اسلام نے کیا حکم دیا ہے۔

محمد یوسف نے نیوزی لینڈ سے شکست کا ملبہ کس پر ڈالا؟

0

پاکستان کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے نیوزی لینڈ سے پہلے ون ڈے میں شکست کا ملبہ بولرز پر ڈال دیا۔

نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ نیپیئر میں کھیلا گیا جہاں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

میزبان نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9  وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے، کیویز کی اننگز میں  مارک چیپمین 132 کی شاندار اننگز کھیلی اور نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ کے 345 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز  اوپنر عبد اللہ شفیق اور عثمان خان نے کیا  تاہم اوپننگ پارٹنر شپ ٹیم کیلئے زیادہ رنز بنانے میں ناکام رہی۔

یہ پڑھیں: پہلا ون ڈے، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 73 رنز سے شکست دیدی

بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کہا کہ ایکسٹرا رنز دیں گے تو میچ کیسے جیتیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسپیشلسٹ بولر کھلاتے تو نتیجہ مختلف ہوتا، لگ رہا تھا جیت جائیں گے لیکن بابر کے آؤٹ ہوتے ہی پانسہ پلٹ گیا۔

انہوں نے کہا کہ بولرز کو اضافی رنز لٹانے پر جلد قابو پانا ہوگا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کب ہاتھ سے گیا؟ محمد رضوان نے بتا دیا

0

پاکستان کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ تین سے چار اوور میں گیم تبدیل ہوگیا۔

نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ نیپیئر میں کھیلا گیا جہاں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

میزبان نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9  وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے، کیویز کی اننگز میں  مارک چیپمین 132 کی شاندار اننگز کھیلی اور نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ کے 345 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز  اوپنر عبد اللہ شفیق اور عثمان خان نے کیا  تاہم اوپننگ پارٹنر شپ ٹیم کیلئے زیادہ رنز بنانے میں ناکام رہی۔

تاہم میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ آغاز اچھا تھا لیکن فنش نہ کرسکے، تین سے چار اوور میں گیم تبدیل ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ ہدف کے تعاقب میں گئے لیکن وکٹیں گرنے سے دباؤ بڑھا، ٹیم کو جلد غلطیوں سے سیکھنا ہوگا۔

واضح رہے کہ پہلے ون میں پاکستان کی جانب سے عاکف جاوید، محمد علی اور عثمان خان ڈیبیو کیا تھا۔

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں1-4 سے شکست دی تھی۔

غزہ میں لاپتا امدادی ٹیم کے ساتھ کیا ہوا؟ دل دہلا دینے والا انکشاف

0
غزہ

غزہ میں ایک ہفتہ قبل 14 امدادی کارکنان لا پتا ہو گئے تھے، اب عینی شاہدین نے الجزیرہ کو یہ ہولناک بات بتائی ہے کہ انھیں اور ان کی ایمبولینسوں کو اسرائیل فوج نے دفن کر دیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق چودہ امدادی کارکنان کے لاپتا ہونے کے ایک ہفتے بعد عینی شاہدین نے الجزیرہ کو بتایا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے جنوبی رفح شہر میں امدادی کارکنان کو قتل کر کے انھیں ان کی ایمبولینسوں کے ساتھ دفن کر دیا ہے۔

امریکی این جی او فزیشنز فار ہیومن رائٹس کی اسرائیلی شاخ نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں طبی ٹیموں کو نشانہ بنا اور رکاوٹیں ڈال رہا ہے، رفح سے ایک پیرامیڈک کی لاش برآمد ہونے پر این جی او نے اسرائیلی فوج سے جواب دہی کا مطالبہ کیا ہے۔

گروپ نے بتایا کہ 14 پیرامیڈیکس اور سول ڈیفنس کے اہلکار اسرائیلی محاصرے کے دوران رفح کے تل السلطان محلے کی طرف جا رہے تھے، جس کے بعد وہ لاپتا ہو گئے تھے، ڈاکٹروں کے گروپ نے X پر کہا کہ جب انھیں آخری بار دیکھا گیا تھا تو وہ زخمیوں کو بچا رہے تھے، ان میں سے اب تک صرف ایک سول ڈیفنس افسر کی لاش ملی ہے۔


اسرائیلی فورسز کی بمباری، 10 دن میں 900 سے زائد فلسطینی شہید


ادھر فلسطین ہلال احمر سوسائٹی نے جمعہ کو یہ دل دہلا دینے والی بات بتائی کہ 4 ایمبولینس گاڑیاں مکمل طور پر تباہ اور ریت میں دبی ہوئی پائی گئیں، اور ان کی تلاش کرنے والی ٹیمیوں کی کوششوں میں اسرائیل نے رکاوٹیں پیدا کیں۔

الجزیرہ کے مطابق عینی شاہدین نے اطلاع دی ہے کہ فلسطینی ریسکیورز کو اسرائیلی فورسز نے قتل کیا، طبی عملہ غزہ کے جنوبی رفح شہر میں واقع تل السلطان محلے میں اسرائیلی بمباری اور زمینی حملوں کے دوران زخمی ہونے والے فلسطینیوں کو بچانے کے لیے گئے تھے۔

اسرائیل لاشوں کی تلاش میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے


فرار ہونے میں کامیاب ہونے والوں نے اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں بہت سے لوگوں کے قتل کی اطلاع دی ہے، گزشتہ چند دنوں کے دوران اقوام متحدہ کے تعاون سے فلسطین ہلال احمر سوسائٹی اس علاقے کے قریب پہنچنے میں کامیاب رہی جہاں ایمبولینسیں لاپتا ہوئی تھیں۔

انھیں وہاں بس گاڑیوں کا ملبہ ملا تھا، جو زیادہ تر ریت کے ڈھیروں کے نیچے دبا ہوا تھا، اس مقام پر موجود لوگوں نے بتایا کہ ریسکیو ٹیم کو اسرائیلی فوج نے قتل کر کے دفن کر دیا تھا، تاہم ان کی لاشیں تاحال نہیں ملی ہیں، ادھر اسرائیلی فوج بھی کچھ بتا نہیں رہی ہے اور جان بوجھ کر سول ڈیفنس اور ریڈ کریسنٹ کے 14 لاپتا کارکنوں کی مناسب تلاش کے لیے بین الاقوامی اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو روک رہی ہے۔

فلسطین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (PRCS) کے ارکان اور بین الاقوامی ایجنسی کے عملے کا کہنا ہے کہ انھیں مشن کے رہنما انور عبد الحمید العطار کی لاش ٹکڑوں میں ملی، وہاں تباہ شدہ ایمبولینسوں اور فائر انجنوں کو دفن کیا گیا تھا، تاہم تیرہ دیگر طبی اور سول ڈیفنس ایجنسی کے کارکن لاپتا ہیں۔

اسرائیلی فوج کا اعتراف


اسرائیل کی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے جنوبی غزہ کی پٹی میں ایمبولینسوں اور فائر ٹرکوں کو’’”مشتبہ گاڑیوں‘‘ کے طور پر شناخت کرنے کے بعد ان پر حملہ کیا۔

فوج نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فورسز نے ’’حماس کی گاڑیوں پر فائرنگ کی اور حماس کے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، چند منٹوں کے بعد کچھ اضافی گاڑیاں مشتبہ طور پر فوجیوں کی طرف بڑھیں، تو فوجیوں نے ان پر بھی فائرنگ کی، اور حماس اور اسلامی جہاد کے متعدد دہشت گردوں کو ختم کر دیا گیا، تاہم ابتدائی تفتیش کے بعد یہ معلوم ہوا کہ وہ مشکوک گاڑیاں ایمبولینسیں اور فائر ٹرک تھے۔‘‘

بھارتی میزبان نے اسٹوڈیو میں براہ راست نشریات کے دوران ٹی وی توڑ دیا

0

بھارتی اسپورٹس میزبان نے براہ راست نشریات کے دوران رشبھ پنت کے آئوٹ ہونے پر شدید غصہ کرتے ہوئے اسٹوڈیو میں ٹی وی توڑ دیا۔

آئی پی ایل میں حیدرآباد سن رائزر اور لکھنؤ سپر جائنٹس کے درمیان ہونے والے مقابلے میں رشبھ پنت کے آئوٹ ہونے پر بھارتی اسپورٹس چینل اسپورٹس تک کے ساتھی میزبان آپے سے باہر ہوگئے، انھوں نے براہ راست پروگرام میں ٹی وی اسکرین کو توڑ دیا اور شیشے کی میز کو تقریباً گرا دیا۔

رشبھ پنت کی بیٹنگ آئی پی ایل میں زیربحث ہے، ان کی حالیہ کارکردگی سے ناخوش مشہور بھارتی اسپورٹس یوٹیوب چینل کے اسپورٹس پریزنٹر نے غصے میں اسٹوڈیو کے سامان اور آلات کو نقصان پہنچایا۔

لائیو نشریات کے دوران اسپورٹس تک کےساتھی میزبان نے ٹی وی اسکرین پر چیزیں پھینکیں اور شیشے کی میز کو اپنے سامنے دھکیلنا شروع کردیا۔

ٹی وی پر چیزیں پھینکنے سے قبل میزبان نے کہا کہ "آئی پی ایل چل رہا ہے، رشبھ پنت کو موقع ملا لیکن میں آپ کو بتا رہا ہوں سب کو پتا چل چکا ہے کہ وہ کس قسم کی کارکردگی دکھائیں گے”۔

میبان نے کہا کہ آپ رشبھ پنت پر بھروسہ نہیں کر سکتے۔ وہ کس طرح کا کپتان ہے؟ ہمیں اس جیسے کپتان کی ضرورت نہیں ہے”۔

اس بار آئی پی ایل میہں رشبھ پنت سے ان کے مداحوں کی توقعات کافی بلند ہیں لکھنؤ سپر جائنٹس نے میگا نیلامی میں انھیں 27 کروڑ روپے کی خطیر رقم میں خریدا تھا جو کہ آئی پی ایل کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کی طرف سے سب سے زیادہ بولی تھی۔