بدھ, اپریل 30, 2025
اشتہار

مودی سرکار کی بے حسی، 7 ماہ کی حاملہ پاکستانی خاتون کو بھارت چھوڑنے کا حکم

اشتہار

حیرت انگیز

پہلگام ڈرامے کے بعد مودی سرکار پر جنگی جنون کے ساتھ بے حسی سوار ہے اور اس نے 7 ماہ کی حاملہ پاکستانی خاتون کو بھارت چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارت کے ضلع گورداسپور کے رہائشی سونو مسیح کی شادی گزشتہ سال 8 جولائی کو پاکستان کے شہر گوجرانوالہ کی رہائشی مسیحی لڑکی ماریہ سے ہوئی تھی اور جوڑا بھارت میں خوش وخرم زندگی گزار رہا تھا۔

تاہم پہلگام واقعہ کے بعد جہاں بھارتی حکومت نے ملک میں موجود تمام پاکستانیوں کو فوری بھارت چھوڑنے کا حکم جاری کیا۔ اس غیر انسانی حکم نامے کی زد میں ماریہ بھی آ گئی۔

ماریہ جو اس وقت 7 ماہ کی حاملہ ہے۔ اس کے شوہر سونو مسیح نے بتایا کہ وہ کام پر تھا، جب گھر سے فون آیا اور وہاں سب رو رپے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس اہلکار گھر پر آئے اور ماریہ کو فوری طور پر بھارت کو چھوڑنے حکم دیا۔

سونو کا کہنا تھا کہ پہلے ہی 6 سال کے طویل انتظار کے بعد ان کی شادی ہوئی تھی۔ اب وہ اور تمام خاندان آنے والے ننھے مہمان کے استقبال کی تیاریاں کر رہا تھا لیکن اس حکمنامہ سے سب کچھ الٹ ہو گیا ہے۔

نوجوان جو اس واقعہ پر انتہائی مضطرب دکھائی دے رہا ہے۔ اس نے گلوگیر آواز میں بھارتی پنجاب اور وفاقی حکومت سے اپیل کی ہے کہ شادی شدہ لڑکیوں کو اس حکم سے مستثنیٰ رکھا جائے۔

سونو کا کہنا ہے کہ اس نے شادی کے بعد گزشتہ جولائی میں ایل ٹی وی کے لیے درخواست دی تھی اور اتنے مہینوں کے بعد بھی ان کی ویزا فائل زیر غور ہے۔

اس حوالے سے ماریہ کا کہنا ہے کہ پولیس مجھے 24 گھنٹے میں بھارت چھوڑ کر پاکستان واپس جانے کا کہہ رہی ہے، جو کہ میرے لیے بہت مشکل ہے اور ہم سب بہت پریشان ہیں

ماریہ کے مطابق یہ حکم سن کر اس کی طبیعت خراب ہو گئی اور اس نے پوری رات اسپتال میں گزاری۔ میں اپنے شوہر اور سسرال کے ساتھ خوش ہوں اور بھارت میں ہی رہنا چاہتی ہوں۔

ماریہ کی ساس یمنا کا بھی کہنا ہے کہ ان کی بہو خاندان کا حصہ بن چکی ہے اور وہ اس کو واپس نہیں بھیجنا چاہتی۔

بی بی سی کے مطابق گورداسپور ضلع کے ایس ایس پی آدتیہ نے اس معاملے پر کہا ہے کہ ’انڈین حکومت کی طرف سے دی گئی چھوٹ ان لوگوں کے لیے ہے جن کے پاس ایل ٹی وی ویزا ہے، وہ رہ سکتے ہیں اور یہ وزارت کا فیصلہ ہے اس لیے وہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے۔‘

واضح رہے کہ بھارتی حکومت پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر 35 سال سے بھارت میں مقیم پاکستانی خاتون کو بھی ملک چھوڑنے کا حکم دے چکی ہے جب کہ ایک دو بچوں کی ماں پاکستانی خاتون کو بھی بچوں کے بغیر پاکستان جانے کا فرمان جاری کر چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں 35 سال سے مقیم پاکستانی خاتون کو ملک چھوڑنے کا حکم

اس کے علاوہ مودی سرکار نے بے حسی کی انتہا کرتے ہوئے علاج کے لیے بھارت گئے دل کے مریض دو کمسن بچوں کو بھی پاکستان واپس بھیج دیا ہے۔

بھارت سے واپس بھیجے گئے بچوں کی حالت تشویشناک ہوچکی، والد شاہد شیخ

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں