اسلام آباد: پاکستان غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے پُرکشش ملک بن گیا، ایک سال میں بیرونی سرمایہ کار پاکستان سےڈیرھ ارب ڈالر سے زائدکا منافع کما کراپنے ملک لے گئے۔
جون میں ختم ہونے والے مالی سال دو ہزار پندرہ کے دوران پاکستان میں کام کرنے والی غیرملکی کمپنیوں اورسرمایہ کاروں نےایک ارب تریسٹھ کروڑڈالر کا منافع اپنے ملکوں میں منتقل کیا، یہ منافع اس سے پچھلے مالی سال کے دوران منتقل کئے گئے منافع سے مالیت میں اکتالیس کروڑ چالیس لاکھ ڈالر زیادہ ہے۔
پاکستان سے منتقل کئے جانے والا غیر ملکی سرمایہ کاروں کا منافع پچیس فیصد بڑھ گیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق براہ راست سرمایہ کاری پرایک ارب اکتیس کروڑ ڈالرمنافع باہر منتقل ہوا جبکہ اسٹاک مارکیٹس میں سرمایہ کاری پر تیس کروڑ اسی لاکھ ڈالر کا منافع دیا گیا۔
غیرملکیوں نے سب سے زیادہ منافع مالیات کے شعبے سے کمایا، جس کا حجم بیالیس کروڑ ڈالررہا، ماہرین کے مطابق آپریشن ضربِ عضب کے نتیجے میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آٗئی ہے جس کے باعث کاروبار کرنا محفوظ اور سہل ہوگیا ہے۔