جمعہ, مئی 24, 2024
اشتہار

رائل پام پر نہیں اسٹیٹس کو پر ہاتھ ڈالا ہے، خواجہ سعد رفیق

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور:  وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ رائل پام گلف کلب کی جگہ ریلوے کی ملکیت ہے اور اب اس جگہ کا کنٹرول  محکمہ ریلوے کے پاس آگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرریلوے نے رائل پام کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رائل پام کلب کے مسئلے میں کچھ لوگوں نے ہاتھ نہ ڈالنے کا مشورہ دیا تھا جبکہ مجھے اچھی طرح سے علم تھا کہ رائل پام پر ہاتھ ڈالنا اسٹیٹس کو پر ہاتھ ڈالنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رائل پام کلب کو تعمیر کرنے کے لیے ریلوے کے کوراٹرز اور بنگلوز کو گرا کر قبضہ کیا گیا اور اسے کلب بنا کر ممبران سے لاکھوں روپے وصول  کیے گئے، مگر اس قبضے کے عوض محکمہ ریلوے کو کرایہ تک ادا نہیں کیا بلکہ جعلسازی کے ذریعے 2 کروڑ  کرائے کی رقم کو کو 21 لاکھ 60 ہزار روپے کردیا گیا۔

- Advertisement -

خواجہ سعد رفیق نے انکشاف کیا کہ رائل کلب اور محکمہ ریلوے کے مابین کیا گیا معاہدہ  کرپٹ انداز میں کیا گیا اور اس معاہدے کو بھی ریلوے کے ریکارڈ سے غائب کردیا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیٹس کواور ڈیفالٹر لوگوں کے تعلقات ہرادارے میں ہیں ، ایسے افراد ملک میں ایک خاص حیثیت رکھتے ہیں  جو قابلِ افسوس ہے، ملک میں کرپٹ افراد بہت زیادہ طاقتور ہیں کیونکہ اسٹیٹس کو کے حامی ہرجگہ موجود ہیں اگر ہم ایسے افراد کو شکست نہیں دیں گے تو یہ لوگ ملک کو تباہی کی طرف لے جائیں گے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ کل تک سب کہتے تھے کہ محکمہ ریلوے ڈوب گئی ہے مگر اب  جب ادارے کا خسارہ 32 ارب سے 27 ارب تک آگیا ہے تو ہمارے خلاف سوشل میڈیا پر طرح طرح کی سازشیں کی جارہی ہیں، محکمہ ریلوے بطور ریاست اس وقت ملک کی چار عدالتوں میں کھڑی ہے اور نیب سے بھی درخواست کی ہے کہ غبن کرنے والے افراد سے ریلوے کا پیسہ دلوایا جائے۔

واضح رہے رائل پام گلف کلب پر قبضہ کیا گیا تھا جس کے خلاف محکمہ ریلوے نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس پر عدالت نے فیصلہ کرتے ہوئے کلب کو ریلوے کے ماتحت دینے اور قبضہ ختم کروانے کا حکم جاری کیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں