کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی انتظامیہ کی شاہ خرچیاں سامنے آئیں، اسٹاک ایکسچینج میں سہولیات ہوتے ہوئے بھی 5 اسٹار ہوٹل میں 2 روزہ میٹنگ اور کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی انتظامیہ نے امیج بلڈنگ اینڈ ڈیولپمنٹ کے نام پر کراچی کے فائیو اسٹار ہوٹل میں نہ صرف دو روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا بلکہ کراچی کے رہائشی بیشتر جنرل منیجرز اور دیگر عہدیداروں کے لیے 5 اسٹار ہوٹل میں رات ٹھہرنے کے لیے کمرے بھی بک کرائے گئے۔
خیال رہے کہ نو ماہ میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے اپنے مالی حسابات میں ساڑھے سترہ کروڑ روپے کا نقصان ظاہر کیا ہے، پی ایس ایکس کی یہ کانفرنس جمعہ کے روز عین ٹریڈنگ کے دوران منعقد کی گئی جو ہفتے کو بھی جاری رہی جبکہ اسٹاک ایکسچینج کی پوری انتظامیہ اس کانفرنس میں مصروف تھی۔
اسٹاک بروکرز ایسوسی ایشن نے اس معاملے پر فوری طور پر خط لکھ کر اسٹاک ایکسچینج کی انتظامیہ سے جواب مانگا ہے، اور خط میں کہا گیا ہے کہ عین ٹریڈنگ کے دوران پوری انتظامیہ کے میٹنگ میں مصروف ہونے سے انتظامیہ نے شیئر مارکیٹ کے اربوں روپے کی ٹریڈنگ اور نظام کو خطرے میں ڈالا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں لاکھوں روپے کے اخراجات کی بورڈ سے منظوری بھی نہیں لی گئی، پی ایس ایکس بورڈ کی حتمی تشکیل کے لیے ریگولیٹر کی منظوری کا انتظار ہے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج نجکاری کے بعد پبلک لمیٹڈ کمپنی بن چکی ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔