کراچی :ملکی تاریخ کے سب سے بڑے مقدمے کا فیصلہ آنے میں کچھ وقت ہی باقی رہ گیا ہے، فیصلے سے قبل ہی اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کا رجحان ہے، جس کے باعث سرمایہ کاروں کے کروڑوں روپے ڈوب گئے ہیں۔
تفصیلا ت کے مطابق پاناما کیس کے فیصلے کے روز اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز سے ہی شدید مندی ریکارڈ کی گئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1100 پوائنٹس گرگیا، جس کے بعد ہنڈریڈ انڈیکس میں 45 ہزار پوائنٹس کی سطح برقرار نہ رکھ سکا اور بینچ مارک انڈیکس 44700 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا۔
کاروبار کے آغاز پر ہی مارکیٹ میں یکدم ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کی مندی ہوئی، تاہم مندی کی وجہ سے سرمایہ کاروں کو کروڑوں روپے کے خسارے کا سامنا ہے۔
اس سے قبل بھی پاناما جے آئی ٹی رپورٹ کے منظر عام پر آتے ہی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کا رحجان رہا اور 100 انڈیکس میں 2ہزار سے زائد پوائنٹس گر گیا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ملک میں جاری سیاسی بے یقینی، پاناما کیس کی جے آئی ٹی میں حکمران خاندان کی پیشیوں اور مختلف پارٹیوں کے رہنماؤں کی بیان بازیوں نے معیشت پر بدترین منفی اثرات مرتب ہوئے۔