پاکستان اور بھارتی کرکٹرز جو ایک دوسرے کے سخت حریف ہوتے ہیں اب وہ میدان میں ایک ہی ٹیم میں یکجان ہو کر کھیلیں گے۔
شائقین کرکٹ کے لیے بڑی خبر ہے کہ افریقہ کرکٹ ایسوسی ایشن نے تقریباً دو دہائیوں کے بعد ایفرو ایشیا کپ بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے بعد اب دونوں ممالک کے فینز اپنے پسندیدہ کرکٹرز کو ایک ساتھ ایک ہی ٹیم میں کھیلتا دیکھ سکیں گے۔
ایفرو ایشیا کپ کا پہلا ایڈیشن 2005 میں جنوبی افریقہ میں اور 2007 میں دوسرا ٹورنامنٹ بھارت میں کھیلا گیا تھا۔ تیسرا ایڈیشن 2009 میں کینیا میں منعقد ہونا تھا جو کھیلا نہ جا سکا۔
ان ٹورنامنٹس میں افریقہ اور ایشیا الیون کے مقابلے ہوئے تھے۔ ایشیا الیون میں اس وقت کے پاکستانی اور بھارتی کرکٹ سپر اسٹارز انضمام الحق، محمد یوسف، شعیب اختر، سچن ٹنڈولکر، ایم ایس دھونی جیسے لیجنڈز شرکت کر چکے ہیں۔
افریقہ کرکٹ ایسوسی ایشن نے ایفرو ایشیا کپ بحال کرنے کا فیصلہ تو کیا ہے تاہم اب تک اس کے انعقاد کے حوالے سے کوئی تاریخ یا شیڈول سامنے نہیں آیا ہے۔
ٹورنامنٹ بحال ہونے کی صورت میں اب ایک بار پھر ایشیائی الیون اور افریقی الیون کے درمیان مقابلے دیکھنے کو مل سکتے ہیں جس میں شائقین کرکٹ بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان، ویرات کوہلی، روہت شرما، جسپرت بمراہ جیسے اسٹار کرکٹرز کو ایک ساتھ کھیلتا دیکھ سکتے ہیں۔