کراچی : پروفیشنل ٹینس سرکٹ میں کھیلنے والی پاکستان کی واحد ٹینس اسٹار اُشنا سہیل دنیا بھر میں گزشتہ 16 سال سے پاکستان کی نمائندگی کررہی ہیں۔
اشنا سہیل کو ملائیشیا میں تقریب کے دوران ایوارڈ سے نوازا گیا، خاتون ٹینس اسٹار اُشنا سہیل انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی جانب سے کمٹمنٹ ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی کھلاڑی بن گئی ہیں۔
اشنا سہیل کو ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں بلی جین کنگ کپ ٹینس ٹورنامنٹ کی تقریب میں ایوارڈ سے نوازا گیا جو عالمی سطح پر ان کی بہترین صلاحیتوں کا اعتراف بھی ہے، انہیں پاکستان کیلئے سب سے زیادہ سنگلز، ڈبلز مقابلے جیتنے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں بحیثیت مہمان گفتگو کرتے ہوئے اشنا سہیل نے اپنی جدجو جہد کے بارے میں ناظرین کو آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ ٹینس اسٹار اعصام الحق ہمارے قریبی عزیزوں میں سے ہیں۔
اسی لیے مجھے اسپورٹس کے حوالے سے مکمل سپورٹ ملی اور شادی کے بعد بھی میرے شوہر نے بھی مکمل تعاون کیا جس کی وجہ سے آج میں اس قابل ہوں اور رواں سال مجھے ایشیئن گیمز میں بھی شرکت کرنی ہے۔
اشنا سیہل نے بتایا کہ میں نے 11سال کی عمر سے ٹینس کھیلنا شروع کیا اپنے والد کے ساتھ ٹینس کلب جایا کرتی تھی اور ٹی وی پر انٹرنیشل میچز دیکھ کر میرا شوق مزید بڑھتا گیا۔