تازہ ترین

دوران پرواز مسافر نے ایئرہوسٹس کو تھپڑ‌ دے مارا

اسلام آباد: دبئی سے اسلام آباد آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز میں مسافر نے دوران پرواز ایئر ہوسٹس کو تھپڑ دے مارا۔

تفصیلات کے مطابق دبئی سے اسلام آباد آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز میں مسافر نے ہنگامہ کھڑا کردیا، پرواز کے دوران مسافر نے پاس بیٹھے افراد کے ساتھ لڑائی اور گالم گلوچ شروع کی جس پر ایئر ہوسٹس اسے سمجھانے آ گئیں تاہم مسافر نے فضائی میزبان ہی کو زخمی کر دیا۔

اے ایس ایف ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیر ہوسٹس نے مسافر کو سمجھانے کی کوشش کی تو محمد صغیر نے فضائی میزبان کو موبائل دے مارا جس سے وہ زخمی ہو گئیں، گہرا زخم ان کی آنکھ سے ذرا ہی فاصلے پر ماتھے پر آیا۔

ذرایع کے مطابق یہ واقعہ ایئر بلیو کی دبئی سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی اے 217 میں پیش آیا، واقعے کے فوراً بعد عملے نے جہاز کے کپتان کو مطلع کیا جس پر کپتان نے لینڈنگ سے قبل فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کر کے اے ایس ایس ایف کو طلب کیا۔ طیارہ لینڈ ہوتے ہی ایئرپورٹ سیکورٹی فورس نے جہاز میں داخل ہو کر مسافر کو گرفتار کر لیا۔

مزید پڑھیں: دوران پرواز ویڈیو بنانے پر مسافروں میں جھگڑا

ترجمان نجی ائیر لائن کے مطابق مسافر کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا، پرواز کے ایک گھنٹے بعد مسافر نے برابر والی سیٹ پر بیٹھے مسافر سے لڑنا شروع کر دیا تھا، بعد ازاں فضائی میزبان سے بھی الجھ پڑا۔ مسافر اور اس کے گھر والوں کی جانب سے فضائی میزبان اور ائیر لائن انتظامیہ سے معا فی بھی مانگی گئی، معافی نامہ جمع کروانے پر ایئر بلیو انتظامیہ نے ذہنی مریض شخص کو معاف کر کے دیا، اور اے ایس ایف نے اسے رہا کر دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں پی آئی اے کی پرواز میں دو مسافر خاتون کی ویڈیو بنانے پر آپس میں لڑ پڑے تھے، ایک مسافر نے دوسرے مسافر پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ خاتون کی ویڈیو بنا رہا ہے۔

نجی ایئرلائن کی انتظامیہ نے مسافر کو معاف کردیا جس کے بعد انتظامیہ کے کہنے پر اسے رہا کردیا گیا، انتظامیہ کے مطابق مسافر کی فیملی نے اس کی حرکت پر معافی مانگ لی ہے۔

 

Comments

- Advertisement -
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں