کراچی: سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے متنبہ کیا ہے کہ عوام جعلی سرمایہ کار کمپنیوں سے ہوشیار رہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایس ای سی پی نے عوام کو جعلی سرمایہ کار کمپنیوں سے ہوشیار رہنے کا انتباہ جاری کیا ہے، ادارے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کوئی کمپنی صرف رجسٹریشن پر عوام سے فنڈز اکھٹا نہیں کر سکتی۔
اس سلسلے میں ایس ای سی پی نے دو کمپنیوں لاسانی آئل ٹریڈرز اور نیو لاسانی چکس چکن پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف اقدامات اٹھائے ہیں، ان کمپنیوں کو بند کرنے کے لیے ایس ای سی پی کی جانب سے قانونی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ایس ای سی پی نے بتایا کہ مذکورہ کمپنیوں کے ڈائریکٹرز کو نا اہل قرار دینے کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے، کسی کمپنی کو صرف رجسٹریشن پر عوام سے فنڈز اکٹھا کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔
ادارے کے ترجمان کے مطابق ان کمپنیوں اور ڈائریکٹرز کے خلاف کارروائی کے لیے ریفرنس بھیج دیے گئے ہیں۔