کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے ملازمین کی رضا کارانہ علیحدگی اسکیم کے لیے اربوں روپے کا فنڈ منظور ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان نے پی آئی اے ملازمین کی رضا کارانہ علیحدگی اسکیم کے لیے 9 ارب 84 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی۔
فنانس ڈویژن نے اس سلسلے میں ایک نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی سیکریٹری خزانہ نے پی آئی اے کو فنڈز منتقل کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔
وزارت خزانہ نے صدر مملکت کی منظوری کے بعد قومی ایئر لائن کے لیے 9 ارب 40 کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کر دی۔
واضح رہے کہ پی آئی اے نے رضا کارانہ علیحدگی اسکیم کے لیے حکومت پاکستان سے تکنیکی اضافی گرانٹ کی درخواست کی تھی، پی آئی اے کے لیے حکومتی گرانٹ سبسڈی اور متفرق اخراجات کی مد میں جاری کی گئی ہے۔
گزشتہ ماہ ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے کہا تھا کہ رضا کارانہ علیحدگی اسکیم کے لیے 2000 ملازمین نے اپلائی کیا ہے، جن میں سے ایک ہزار ملازمین کو ریلیز کے خطوط بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا اسکیم سے تمام شعبہ جات کے ملازمین نے استفادہ کیا جن میں اکثریت ایئر پورٹ سروسز، کمرشل اور فلائٹ سروسز کی ہے، یہ ایک پرکشش پیکج تھا جس کے تحت باعزت اور پُر وقار طریقے سے ملازمین نے علیحدگی اختیار کی، اسکیم کا مقصد ادارے سے افرادی قوت کو کم کرنا تھا اور ہم 20 فی صد افرادی قوت کم کرنے میں کامیاب ہوئے، اسکیم سے تقریباً ڈھائی ارب روپے سالانہ کی بچت ہوگی۔