کراچی : پی آئی اے کے طیاروں کا سیفٹی انڈیکس ایک بار پھر خطرناک حد تک پہنچ گیا ہے، جس کے باعث یورپ اور مشرق وسطیٰ جانیوالی پروازوں پر پابندی لگنے کا خدشہ درپیش ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن پی آئی اے کا سافا انڈیکس2.31تک تجاوز کرگیا ہے جو کہ بین الاقوامی سیفٹی معیار کے مطابق انتہائی خطرناک ہے، سافا انڈیکس کی رپورٹ اے آروائی نیوز کو موصول ہوگئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے یورپ جانے والے بوئنگ777طیاروں ،مشرق وسطیٰ جانیوالے طیارے ایئربس320کی دیکھ بھال ،طیارے کی صفائی ستھرائی انتہائی ناقص ہے اور کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔
پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے سافا انڈیکس کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، پی آئی اے کاسافا انڈیکس 2.1تک جا پہنچا ہے، اوسلو میں پی آئی اے کے طیارے کی رپورٹ بہتر آئی ہے۔
دوسری جانب سافا کے ریمپ انسپیکشن کی جانب سے متعدد بار پی آئی اے کے طیاروں پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سافا ریٹنگ میں مسلسل اضافہ ہوا تارہا تو یورپ اور مشرق وسطیٰ جانیوالی پی آئی اے کی تمام پروازوں پر پابندی عائد ہوسکتی ہے۔
ماہر ایوی ایشن کے مطابق طیاروں کے انڈیکس کا تیزی سے بڑھنا خطرے کی گھنٹی ہے، پی آئی اے کے سالانہ 5ملین سے زائد مسافر سفر کرتے ہیں ان کی سیفٹی کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، بین الاقوامی سیفٹی سافا انڈیکس کی ریٹنگ 1.6 ہونی چاہیے۔