اشتہار

کیا مستقبل کا ہوائی سفر اس طرز پر ہوگا؟

اشتہار

حیرت انگیز

پیرس : فرانسیسی ڈیزائنر کمپنی نے فضائی سفر کے دوران خاص طور پر کرونا وائرس سے انسانوں کو بچانے کے لیے ڈیوائڈر تیار کرلیا۔

دنیا بھر میں جہاں کرونا کی وجہ سے سماجی فاصلہ رکھنے اور اس حوالے سے تمام ضروری احتیاط کرنے پر زور دیا جارہا ہے، وہیں لوگوں کے درمیان فاصلہ یقینی بنانے کے لیے مصنوعات اور اشیا بھی تیار کی جارہی ہیں۔

فضائی سفر کے دوران نشستوں کے درمیان فاصلہ رکھنے کے لیے فرانسیسی کمپنی کا تیار کردہ یہ ڈیزائن بھی ایک ایسی ہی کوشش ہے۔

- Advertisement -

ماہرینِ صحت کی جانب سے عام اجتماعات اور تقاریب کے علاوہ پُرہجوم مقامات پر کرونا کے پھیلنے کے خدشات کا اظہار کیے جانے کے بعد دنیا بھر میں فضائی سفر پر پابندی عائد کردی گئی تھی اور ہوائی اڈوں پر فلائٹ آپریشن معطل تھا جس کا مقصد سماجی دوری برقرار رکھنا تھا، لیکن لاک ڈاؤن میں نرمی کے ساتھ ساتھ مختلف ممالک بتدریج فضائی آپریشن بحال کریں گے اور اسی امکان کو پیشِ نظر رکھ کر یہ ڈیوائڈر تیار کیا گیا ہے۔ فرانس میں واقع ارتھ بے نامی کمپنی نے مسافروں کو وائرس کے ممکنہ حملے سے بچانے کے لیے یہ منفرد کوشش کی ہے۔

فرانسیسی ڈیزائننگ کمپنی سے قبل اطالوی کمپنی نے بھی ایسی نشتوں کی تجویز پیش کی تھی جس میں سماجی دوری برقرار رکھی جاسکے۔

ارتھ بے کے بانی فلوریئن بارجوٹ کا کہنا ہے کہ جہازوں کی نشتوں کو تقسیم کرنے والے آلے سستے ہیں اور انہیں درمیان میں نصب کرنا بھی آسان ہے جب کہ پورے کیبن کو نئے سرے سے ڈیزائن کرنے کے مقابلے میں یہ تجویز زیادہ قابلِ عمل ہے۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ پلین بے نام سے موسوم اس ڈیوائڈر کے دو حصّے ہیں، ایک حصّہ درمیانی نشست پر اور دوسرا سر اور پشت پر پھیلا ہوا اور ایک مسافر کو موثر طریقے سے دوسروں سے سماجی دوری برقرار رکھنے میں مدد دے گا۔

اس سے قبل ایک تجویز یہ آئی تھی کہ مسافروں کے درمیان فاصلہ رکھنے کے لیے درمیان والی سیٹ کو خالی چھوڑ دیا جائے جس پر آئی اے ٹی اے کے ڈائریکٹر نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر نے کہا تھا کہ اگر سماجی دوری بنانے کے لیے طیاروں کی درمیانی والی نشت کو خالی چھوڑ دیا جائے گا تو معاشی بحران کا شکار فضائی کمپنیاں مزید مشکلات سے دوچار ہوجائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں حتمی طور پر ایسے حل تک پہنچا ہے جس کے ذریعے مسافروں کو پرواز کے دوران سہولت اور ہر قسم کی آسانی ہو اور سفری کرائے بھی مناسب ہوں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں