اشتہار

وزیر اعظم نے امریکا کو افغانستان کے بارے میں کنفیوژ قرار دے دیا

اشتہار

حیرت انگیز

گوادر: وزیر اعظم عمران خان نے افغانستان کی موجودہ صورت حال پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امریکا کو اس صورت حال کے حوالے سے کنفیوژ قرار دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے آج پیر کو بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی صورت حال انتہائی گھمبیر ہے، امریکا کو بھی افغانستان کی صورت حال سمجھ نہیں آ رہی۔

وزیر اعظم نے کہا افغانستان کے بارے میں امریکا کنفیوژ ہے، اسے کچھ سمجھ نہیں آ رہی کہ کیا کیا جائے۔

- Advertisement -

ان کا کہنا تھا دنیا نے افغانستان پر توجہ نہ دی تو وہاں مزید خوں ریزی ہوگی، افغانستان کی صورت حال کے اثرات خطے پر بھی پڑیں گے۔

وزیر اعظم نے بھارت کے حوالے سے بھی کہا کہ افغانستان میں سب سے بڑا لوزر بھارت ہے، ثابت ہوگیا کہ بھارت دہشت گردی میں ملوث ہے، لاہور دھماکوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت ہیں۔

گوادر میں سی پیک منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں انھوں نے کہا پاکستان بڑا عظیم ملک بننے جا رہا ہے، چینی سرمایہ کار برآمدی صنعتیں لگائیں گے، ملک میں سہولتیں بہتر ہوں گی تو سرمایہ کار ایسے آئیں گے جیسے شہد کی مکھیاں شہد پر آتی ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا ملک میں برآمدی صنعتوں پر توجہ نہ دینے سے ڈالر نہیں آئے، ڈالر نہ آنے کی صورت میں پاکستان 20 بار آئی ایم ایف کے پاس گیا۔

انھوں نے کہا گوادر ترقی کا مرکز بننے جا رہا ہے، یہ پاکستان کا فوکل پوائنٹ بنےگا، انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی تعمیر سےگوادر دنیا سے براہ راست منسلک ہو جائے گا، اور ترقیاتی منصوبے بلوچستان کو ترقی کی نئی منزل کی طرف لے کر جائیں گے۔

خیال رہے کہ آج گوادر فری زون کے لیے وزیر اعظم نے 22 سو ایکڑ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے، جس کے ذریعے گوادر سینٹرل ایشیا تک منسلک ہو جائے گا، پانچ فیکٹریوں، ایکسپو اور ایگری کلچرل انڈسٹریل پارک کا افتتاح بھی کیا گیا، مختلف یادداشتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں