تازہ ترین

وزیر اعظم عمران خان نے گیس کے بحران کا نوٹس لے لیا، 3 دن میں رپورٹ طلب

اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں گیس کے  بحران کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے نااہلی کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا،72گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت ملک میں گیس بحران سے متعلق اجلاس ہوا، وزیر پٹرولیم کی جانب سے گیس کےحالیہ بحران پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ حالیہ گیس بحران کی ذمہ داری ایس این جی پی ایل، ایس ایس جی سی پرعائد ہوتی ہے، وزیراعظم نے کمپریسرز سے متعلق معلومات پوشیدہ رکھنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس این جی پی ایل، ایس ایس جی سی میں نااہلی کا مظاہرہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم نے وزیرپٹرولیم کو دونوں اداروں کے مینجنگ ڈائریکٹرزکے خلاف فوری انکوائری کر کے72گھنٹےمیں مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

اس کے علاوہ وزیر اعظم نے صارفین کی سہولت کے لئے گیس کی طلب اور رسد کیلئےمنصوبہ بندی مربوط بنانے کی ہدایت بھی دی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مربوط منصوبہ بندی کریں تاکہ عوام کو آئندہ ایسی صورت حال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

گیس بحران کی تحقیقات، وزیراعظم نے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گیس بحران کی تحقیقات کیلئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، مذکورہ کمیٹی سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کے ایم ڈیز کے خلاف تحقیقات کرے گی۔

چیئر پرسن اوگرا عظمیٰ عادل تحقیقاتی کمیٹی کی چیئر پرسن مقرر کی گئی ہیں، وزیراعظم کی ہدایت پر پٹرولیم ڈویژن نے تحقیقاتی کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

قاضی سلیم صدیقی، شاہد یوسف اور عمران احمد کمیٹی ممبران ہوں گے، کمیٹی 72گھنٹے میں اپنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی، کمیٹی کو تحقیقات کے دوران ماہرین کو بلانے کا اختیار بھی دے دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں گیس کا بحران مصنوعی نکلا

واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ تین روز سے جاری گیس کا بحران مبینہ طور پر مصنوعی نکلا، سندھ کی گیس پنجاب کو فراہم کرنے کا انکشاف ہوا ہے، پی پی ایل کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ گمبٹ گیس فیلڈ میں کوئی خرابی نہیں ہے بلکہ گیس بحران کی اصل وجہ آر ایل این جی ٹرمینل میں خرابی ہے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ ٹرمینل ایف ایس آریومیں کام جاری ہےجس سےگیس فراہمی رکی اور ایس ایس جی سی گیس پنجاب کو فراہم کررہی ہے۔ گیس دوسرےصوبےکوفراہم کرنےکی وجہ سےکراچی میں مصنوعی بحران پیدا ہوا ہے ۔ یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ گمبٹ اور کنر پساکھی فیلڈ سو فیصد پیداوار کررہی ہیں۔

Comments

- Advertisement -