اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے قطری ہم منصب سے ملاقات میں پاکستانی معیشت کی بحالی کے لئے قطر کی معاونت پر اظہار تشکر کیا اور تجارت، سرمایہ کاری، انرجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنےپراتفاق ہوا۔
تفصیلات کے مطابق امریکاکےکامیاب دورےکےبعدوزیراعظم عمران خان کے دوحہ پہنچے تو قطری ہم منصب نےان کااستقبال کیا، عمران خان کی قطری وزیراعظم عبداللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی سے اُن کی رہائش گاہ پرملاقات ہوئی، جس میں دیرینہ دوستی،باہمی تعلقات مضبوط بنانےکے لئے بات چیت کی گئی۔
عبدالرزاق داؤد، زلفی بخاری، سیکریٹری خارجہ سہیل محمود سمیت پاکستانی سفیر بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم عمران خان کی قطری ہم منصب سےملاقات کااعلامیہ جاری کردیا گیا ہے ، جس میں کہا گیا وزیراعظم کی قطری ہم منصب سے ملاقات پاکستان روانگی کے موقع پردوحہ میں ہوئی ، ملاقات میں باہمی امورپرتبادلہ خیال کیاگیا۔
ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستانی معیشت کی بحالی کے لئے قطر کی معاونت پراظہار تشکر کیا اور تجارت، سرمایہ کاری، انرجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں قطرکی تعمیروترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو بھی سراہاگیا۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان کادورہ امریکہ کامیاب رہا، تین روزہ دورے میں وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، وزیر خارجہ مائیک پومپیو، امریکی اسپیکر کانگریس کے علاوہ اعلی حکام اور پاکستانی نژاد تاجروں سے بھی ملاقات کی اور پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کیا۔
وزیراعظم نے دنیا کے سامنے پاکستان کا موقف رکھا جس کو سب نے سراہا، امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر پرپاکستان کےموقف کوتسلیم کیا اور ثالثی کی پیشکش کی جبکہ افغان مسئلہ کو پرامن اور سیاسی طریقے سے حل کرنے کے وزیراعظم کے موقف کی عالمی سطح پرتائید کی گئی ۔
پہلی بار پاکستان کی سول اور عسکری قیادت ایک پیج پرہونے سے پاکستان کے موقف کو سراہا گیا اور عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت پیغام گیا۔