منگل, دسمبر 3, 2024
اشتہار

وزیر اعظم کا دورہ امریکا: وزیر اعظم اور امریکی صدر کی ملاقات 22 جولائی کو ہوگی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے 5 روزہ دورہ امریکا کا شیڈول طے پاگیا، وزیر اعظم اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ون آن ون ملاقات 22 جولائی کو ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے 5 روزہ دورہ امریکا کا شیڈول اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگیا، وزیر اعظم 20 جولائی کو دن 11 بجے نور خان ایئر بیس سے خصوصی طیارے کے ذریعے امریکا روانہ ہوں گے۔

وزیر اعظم کا مختصر وقت کے لیے برطانیہ کے شہر لوٹن میں اسٹاپ اوور ہوگا۔ 6 گھنٹے قیام کے بعد وزیر اعظم لوٹن سے امریکا روانہ ہوں گے۔ ان کا طیارہ 21 جولائی کو امریکی فوجی اڈے پر لینڈ کرے گا۔ وزیر اعظم کا امریکا میں قیام، پاکستان ہاؤس میں ہوگا۔

- Advertisement -

21 جولائی کو وزیر اعظم ورلڈ بینک کے صدر سے ملاقات کریں گے، وزیر اعظم کی آئی ایم ایف کے ایکٹنگ ایم ڈی سے بھی ملاقات شیڈول میں شامل ہے۔ بعد ازاں وزیر اعظم امریکا میں مقیم پاکستانیوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے، اسی روز وہ پاکستانی کاروباری افراد کے عشائیے میں شرکت کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ون آن ون ملاقات 22 جولائی کو ہوگی، دونوں ممالک کے مابین وفود کی سطح پر بھی ملاقاتیں ہوں گی۔ وزیر اعظم عمران خان امریکی صدر کی جانب سے ظہرانے میں بھی شرکت کریں گے۔ دونوں رہنما ملاقات کے بعد میڈیا سے بھی بات چیت کریں گے۔

22 جولائی کو وزیر اعظم مختلف امریکی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقات کریں گے، 23 جولائی کو امریکی ٹی وی کو وزیر اعظم کا خصوصی انٹرویو بھی شیڈول میں شامل ہے۔

اپنے 5 روزہ دورے کے دوران وزیر اعظم امریکی انسٹی ٹیوٹ آف پیس میں تقریب سے خطاب کریں گے، وہ امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی سے ملاقات اور کانگریشنل پاکستان کاکس فاؤنڈیشن سے بھی بات چیت کریں گے۔ وزیر اعظم کی امریکی ایوان کی اسپیکر نینسی پلوسی سے بھی ملاقات ہوگی۔

وزیر اعظم عمران خان 23 جولائی کو امریکا سے پاکستان کے لیے روانہ ہوں گے، وہ 24 جولائی کو برطانیہ کے شہر لوٹن پہنچیں گے جہاں 5 گھنٹے قیام کے بعد وطن واپسی کے لیے روانہ ہوں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں