جمعہ, مارچ 14, 2025
اشتہار

شہیدوں کو سلام، مسئلہ کشمیر کےموقف سے نہیں ہٹیں گے، وزیراعظم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے یوم یکجہتی کشمیر پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم کشمیری بھائیوں کی جدوجہد میں اُن کے شانہ بشانہ ہیں، مسئلہ کشمیر پر اصولی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نے بہادر کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے محروم رکھا ہوا ہے، مقبوضہ کشمیر ہندوستان کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی دہشت گردی کے حوالے سے نوازشریف نے کہا کہ پیلٹ گن سے 150 سے زائد کشمیریوں کو بینائی سے محروم کردیا گیا، متاثرہ افراد میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے، بھارتی فوج نے گزشتہ چند ماہ میں 12 ہزار سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کشمیری بھائیوں کےساتھ کھڑےہیں،ہم جدوجہد آزادی کی حمایت ہر صورت جاری رکھیں گے، بھارت کشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی کررہا ہے جو قابل مذمت ہے۔

میاں محمد نوازشریف نے کہا کہ قابض بھارتی فوجیوں نے مظلوم کشمیریوں سے احتجاج کا حق بھی چھین لیا ہے، ظلم و تشدد کے خلاف احتجاج کرنے والے حریت رہنماؤں کو گرفتار کر کے گھروں میں نظر بند کیا جاتا ہے مگر کشمیریوں کو بلند حوصلے کے باعث بھارتی افواج حق آزادی کو روکنے میں ناکام ہوچکی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں اور عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق حل کروانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

یوم یکجہتی کشمیر پر نوازشریف نے تمام کشمیریوں کی قربانیوں اور بہادر کشمیریوں کے حوصلوں کو سراہتے ہوئے سلام پیش کیا اور کہا کہ پوری قوم کشمیری بھائیوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں