کراچی : ن لیگ کے رہنمانہال ہاشمی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، انہوں نے خود کو گھر میں آئیسولیٹ کرلیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ مکمل صحت یاب ہوکر دوبارہ سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لوں گا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کراچی رہنما اور سنیٹر نہال ہاشمی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے، طیبعت کی خرابی پر انہوں نے اپنا ٹیسٹ کروایا جو مثبت آگیا ہے، اس حوالے سے انہوں نے اپنے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے۔
سینیٹر نہال ہاشمی کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد میں نے خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کرلیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے انہوں نے کہا کہ میں صحت یاب ہوکر دوبارہ سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لوں گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما عطا اللہ تارڑ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا، ن لیگی رہنما نے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جو مجھ سے رابطے میں رہے ہیں وہ اپنا ٹیسٹ کروائیں۔
مزید پڑھیں : خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹری کرونا وائرس کا شکار
اس سے قبل چیف سیکریٹری کے پی ڈاکٹر کاظم نیاز نے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمود خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ چیف سیکریٹری کے پی کرونا کے خلاف برسرپیکار ہیں، چیف سیکریٹری ڈاکٹرکاظم نیاز کی محنت قابل ستائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں اور شاندار خدمات پرچیف سیکریٹری کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔