تازہ ترین

وزیراعظم اور کابینہ اراکین سے تنخواہ و مراعات سے دستبرداری کا مطالبہ

حکومتی اتحادی جماعت کے مرکزی رہنما نیئر بخاری نے وزیراعظم اور کابینہ اراکین سے تنخواہ اور مراعات سے دستبردار ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق حکومت کی اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق سینیٹر نیئر حسین بخاری نے اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف اور کابینہ کے اراکین سے سرکاری تنخواہوں اور مراعات سے دستبرداری کا مطالبہ کرتے ہوئے سرکاری اخراجات میں کمی کا فارمولہ پیش کر دیا ہے۔

نیئر حسین بخاری نے اپنے بیان میں تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر اور وزیراعظم کے دفاتر اور پارلیمان کے دونوں ایوانوں کے سرکاری اخراجات میں 50 فیصد کٹوتی کر دی جائے۔ تمام وزارتوں میں سرکاری پٹرول خرچ میں بھی 40 فیصد کمی کی جائے۔

پی پی رہنما نے یہ تجویز بھی پیش کی ہے کہ سرکاری حکومتی بیرونی دوروں میں چارٹرڈ فلائٹس کے بجائے عام پرواز استعمال کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اخراجات کی بچت کرکے فوائد نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں۔ روزمرہ استعمال کی اشیائے خور ونوش سرکاری نرخوں پر فروخت کی جائیں اور ذخیرہ اندازوں کے خلاف انتظامیہ موثر کارروائیاں کرے۔

Comments

- Advertisement -