کراچی: کورنگی میں پیپلزپارٹی کے کونسلر عامر عباسی کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا، جس کا مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں نا معلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مدعی مقدمہ کا کہنا تھا کہ میں اور بھائی عامر عدالت سے پیشی کے بعد واپس آرہے تھے، کورنگی دوا سازکمپنی کے قریب پہنچنے پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے 2 گولیاں ماریں۔
مدعی مقدمہ کے مطابق ایک گولی کان کے پیچھے دوسری گردن پر لگی، جس سے عامرعباسی موقع پرجاں بحق ہوگیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول کا 2017 میں عمرانی قبائل سے جھگڑا ہوا تھا جس کا مقدمہ زیر سماعت تھا، مقتول کے علاقے میں جھگڑے معمول کا حصہ تھے۔
دوسری جانب جہانگیر آباد میں دو مزدوروں کو گلا کاٹنے کے بعد کلہاڑیوں کے وار کرکے قتل کر دیا گیا، مقتولین میٹروول میں برف کے کارخانے میں کام کرتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے جہانگیر آباد میں کمرے میں مقیم 2 افرادکی لاشیں ملی ہیں، پولیس نے بتایا کہ دونوں افرادکوسر اور گلے پر تیز دھار آلے کے وار کرکے قتل کیا گیا ہے
پولیس نے بتایا کہ واقعہ رضویہ تھانے کی حدودمیں پیش آیا، مقتولین ایوب اور سب خان میٹروول میں برف کے کارخانے میں کام کرتے تھے اور کئی سال سے علاقے میں رہائش پذیر تھے۔
جائیداد کیلئے باپ پر تشدد اور ہراساں کرنے والا بیٹا گرفتار
حکام کا کہنا تھا کہ ایوب کے اہلخانہ تین ہٹی کے قریب رہتے ہیں، دونوں مزدوروں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچا دی گئیں۔