اسلام آباد : پیپلزپارٹی نے قبل ازوقت اسمبلی تحلیل کرنے کی تجویز کی مخالفت کردی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی قومی اسمبلی کی مقررہ مدت مکمل کرنےکی خواہش مند ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قبل ازوقت تحلیل پر پیپلزپارٹی اور نون لیگ میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے۔
پیپلزپارٹی نے اسمبلی کی قبل از وقت تحلیل کی تجویز کی مخالفت کردی ، ذرائع نے بتایا ہے کہ پیپلزپارٹی چاہتی ہے اسمبلی مدت پوری کرنے کے بعد مقررہ تاریخ کو ہی تحلیل کی جائے۔
جیالی قیادت کا موقف ہے کہ بارہ اگست سے پہلے اسمبلی توڑنےسے مہم کیلئے تیس اضافی دن ملنے کے علاوہ کوئی فائدہ نہیں ہوگا اور قبل ازوقت تحلیل جمہوریت پسندوں کیلئے منفی پیغام ہوگا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اسمبلی تحلیل پراتحادیوں کومنانےکیلئےکوشش کرےگی تاہم پیپلزپارٹی اسمبلی کی قبل از وقت تحلیل کی تجویزسےتاحال متفق نہیں۔
دوسری جانب زرائع کا کہنا ہے حکومت نے قومی اسمبلی بارہ اگست کے بجائے آٹھ اگست کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کرلیا، قبل از وقت اسمبلی کی تحلیل کےنتیجےمیں الیکشن کمیشن کونوے دن مل جائیں گے۔
اسمبلی تحلیل کی سمری صدرمملکت کو بھیجی جائےگی، صدر کے دستخط نہ کرنے کی صورت میں قومی اسمبلی اڑتالیس گھنٹے میں خود بخود ختم ہوجائے گی۔
وزیراعظم بھی اپنی تقریر میں وقت سے پہلے حکومت چھوڑنے کا اشارہ دے چکے ہیں جبکہ وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا کہ قومی اسمبلی آٹھ اگست کو تحلیل ہوگی، پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے تاریخ کا فیصلہ ہوگا اور فیصلے کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔