اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

مردم شماری کو تسلیم کرنے والی پیپلز پارٹی کو یوٹرن لینے میں مشکلات

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے مرکزی مجلس عاملہ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی رہنماؤں نے اجلاس میں مردم شماری کی توثیق کے فیصلے پر تنقید کی۔

تفصیلات کے مطابق مردم شماری کو تسلیم کرنے والی پاکستان پیپلز پارٹی کو یوٹرن لینے میں مشکلات کا سامنا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اراکین اجلاس میں اس مسئلے پر پھٹ پڑے۔

پارٹی رہنماؤں نے سی ای سی میں پی پی قیادت کے فیصلوں پر کڑی تنقید کی، اور پارٹی قیادت کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیے، رہنماؤں نے مردم شماری کی توثیق کے فیصلے پر تنقید کی اور کہا کہ مردم شماری کی حمایت کر کے پی پی نے الیکشن کے تابوت میں کیل ٹھوک دی ہے۔

سی ای سی اراکین کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں کی قبل از وقت تحلیل پر رضامندی سنگین غلطی تھی، اس سے مسائل گھمبیر ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی الیکشن اسٹریٹجی کی تشکیل پر کشمکش کا شکار ہے، پارٹی کا سی ای سی اجلاس کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہوا، یہ اجلاس نشستن، گفتن، برخاستن کے مصداق تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کی مستقبل کی حکمت عملی اب الیکشن کمیشن کے رد عمل سے مشروط ہوگی، اور ردعمل پر آئندہ کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی بروقت انتخابات کے حوالے سے مایوسی کا شکار ہے۔

اہم ترین

جہانگیر خان
جہانگیر خان
جہانگیر خان اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے نمائندے ہیں۔ وہ پارلیمانی امور، صحت، کشمیر، جی بی اور پیپلز پارٹی سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں۔

مزید خبریں