اتوار, فروری 9, 2025
اشتہار

جرمنی میں کشمیریوں کے حق میں بھارتی قونصلیٹ کے سامنے مظاہرہ

اشتہار

حیرت انگیز

برلن: بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بربریت کی انتہا کردی جس کے باعث دنیا بھر میں لوگ بھارتی اقدامات کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور مظاہرے کا سلسلہ جرمنی میں بھی جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق جرمنی کے بندرگاہ شہر ہیمبرگ میں گزشتہ چار ہفتوں سے ہر منگل کو بھارتی قونصلیٹ کے سامنے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا جاتا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہیمبرگ میں بھارتی فوج اور حکومت کی جانب سے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے خلاف نعرے بازی بھی کی جاتی ہے۔

مظاہرین بینرز اور پلے کارڈز کے ذریعے کشمیریوں کے لیے آواز بلند کرتے ہیں اور مقامی افراد کو مقبوضہ وادی کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہیں۔

پاکستانی کمیونٹی ہیمبرگ کے زیر اہتمام مسلسل چار ہفتوں سے بھارتی قونصلیٹ کے سامنے وزیراعظم مودی کی ہندو قوم پرست حکومت کی جانب سے کشمیری بچوں، خواتین اور بزرگوں پر مظالم اور کرفیو کے خلاف پر امن مظاہرہ کیا جاتا ہے۔

خواہش ہے، پاکستان اور انڈیا مل کر مسئلہ کشمیر کا حل نکالیں: صدر ٹرمپ

اس مظاہرے میں ہیمبرگ کی سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات کے ساتھ مقامی لوگ بھی شرکت کرتے ہیں۔ منتظمین کے مطابق جب تک مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم نہیں کیا جاتا اور کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق نہیں ملتے، اس وقت تک ہیمبرگ میں اس نوعیت کے احتجاج جاری رہیں گے۔

علاوہ ازیں گزشتہ ماہ بھارتی ہندو قوم پرست حکومت کی جانب سے جموں کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت منسوخ کرنے کے بعد سے جرمنی کے دارالحکومت برلن سمیت دیگر بڑے شہر فرینکفرٹ، بریمن، ڈریسڈن، میونخ میں بھی مسلسل احتجاجی مظاہرے کیے جاتے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں