ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

پی ایس ایل 9: جب پتنگ نے کراچی کنگز اور کوئٹہ کا میچ رکوا دیا، ویڈیو دیکھیں

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان سپر لیگ میں گزشتہ روز پنڈی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ کو شکست دے دی تاہم پتنگ بازی نے کچھ دیر میچ میں رخنہ اندازی بھی کی۔

کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈیئٹر کا میچ جاری تھی اور کھلاڑیوں سمیت اسٹیڈیم میں موجود تمام شائقین کرکٹ کی توجہ کھیل پر ہی مرکوز تھی جب کہ کمنٹیٹرز بھی جم کر میچ کی صورتحال پر پُرجوش کمنٹری کر رہے تھے کہ ایسے میں پتنگ کی میدان میں انٹری ہوئی۔

میچ میں کراچی کنگز کی بیٹنگ جاری تھی کہ اس دوران ایک پتنگ ہوا کے دوش پر اڑتی ہوئی میدان میں اتر آئی شاید وہ بھی پی ایس ایل میچوں کا مزا لینے آئی تھی۔ تاہم یوں اچانک مداخلت کے باعث میچ کو کچھ دیر روکنا پڑا۔

- Advertisement -

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میدان کے افق پر پتنگ نمودار ہونے کے بعد میچ رک جاتا ہے اور کھلاڑیوں کی نظریں آسمان پر جم جاتی ہیں کہ کب پتنگ جائے اور کھیل دوبارہ شروع ہو، لیکن وہ ہوا کے دوش پر کافی دیر تک وہیں ڈولتی رہتی ہے۔

تاہم کھیل رُکنے کے بعد اسٹیڈیم کے قریب پتنگ اڑانے والے بچے پتنگ کو اٹھان دے کر وہاں سے دور لے گئے اور پھر انہوں نے کھیل جاری رکھنے کا اشارہ کیا۔ اس صورتحال سے جہاں کھلاڑی اور تماشائی حیران ہوئے وہیں کمنٹیٹرز لطف اندوز ہوتے اور دلچسپ تبصرے کرتے رہے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے گزشتہ سیزن میں بھی راولپنڈی میں میچوں کے دوران پتنگوں کا مسئلہ درد سر بنا رہا تھا۔

اس وقت لیگ کے نشریاتی اداروں کو پی ایس ایل 8 میں شہر میں اسپائیڈر کیم ٹیکنالوجی کا استعمال روکنا پڑا کیونکہ ان سے ان تاروں کو خطرہ لاحق ہو گیا تھا جن پر مشین نصب ہے۔

اس طرح کے واقعات کھیل میں بہت کم ہوتے ہیں لیکن کرکٹ بورڈز اور اس طرح کے ٹورنامنٹ کے منتظمین کے لیے درد سر بنے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی کنگز نے اس میچ میں کوئٹہ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں تیسری کامیابی حاصل کی۔ میچ کے ہیرو سینیئر پیسر حسن علی رہے جنہوں نے چار وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں