کراچی : پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدترین مندی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس 1000 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے بعد 42 ہزار پوائنٹس کی حد سے نیچے گر گیا۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے چوتھے روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھی گئی ، مارکیٹ کھلتے ہی 100 انڈیکس میں تین سو پوائنٹس تک کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
دوران ٹریڈنگ ہنڈرڈ انڈیکس 1034 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 41 ہزار 203 پوائنٹس تک نیچے گر کیا۔
گزشتہ روز بھی مارکیٹ پانچ سو پوائنٹس سے زائد گری تھی، ماہرین کا کہنا ہے کہ شہباز حکومت نے آئی ایم ایف نو سو ملین ڈالر لینے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات پر ایک ہفتے میں ساٹھ روپے کا اضافہ کر دیا ہے، جس سے ملک میں سیاسی عدم استحکام مزید سنگین ہو گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق انویسٹرز آئی ایم ایف سے اچھی خبر کے منتظر ہیں مگر کچھ ہوتا نظر نہیں آ رہا، ملک میں مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
ماہرین نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آگیا ہے جس سے سرمایہ کار پریشان ہےاور آئی ایم ایف سے معاہدے میں تاخیر کی وجہ سے بھی سرمایہ داروں نے اپنے اسٹاکس فروخت کر رہے ہیں۔