ہفتہ, مئی 11, 2024
اشتہار

پی ٹی آئی نے وعدوں پر عمل درآمد کے لیے دوبارہ وعدہ کیا ہے: مونس الہٰی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہٰی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے وعدوں پر عمل درآمد کے لیے دوبارہ وعدہ کیا ہے، اگر پی ٹی آئی کی کشتی ڈوبے گی تو ہماری بھی ڈوبے گی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں کیا، مونس الہٰی کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم کو ہاتھ باندھ کر میدان میں بھیجیں تو وہ کیا کر سکیں گے؟ اگر بات آگے نہ بڑھی تو آگے کا لائحہ عمل طے کریں گے۔

مونس الہٰی نے کہا کہ ایم کیو ایم والوں کی شکایات زیادہ سنجیدہ اور سنگین ہیں، بلوچستان والے بھی پریشان ہیں، پرویز خٹک اور جہانگیر ترین کوئی نہ کوئی راہ ضرور نکالیں گے، ہماری وزارتوں میں مداخلت کی جا رہی تھی، حافظ عمار تنگ آکر وزارت سے مستعفی ہو گئے تھے۔

- Advertisement -

انھوں نے پروگرام میں تفصیلی اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ پی ٹی آئی سے الیکشن سے قبل بات اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوئی تھی، لیکن بہاولپور میں طارق بشیر کے مقابلے میں ایک خاتون کو ٹکٹ دے دیا گیا تھا، ق لیگ کے دوسرے وزیر کا حلف نہیں اٹھوایا جا رہا تھا، ہمارے وزیر حافظ عمار کی وزارت میں بھی مداخلت کی جا رہی تھی، جس پر انھوں نے تنگ آ کر استعفیٰ دیا۔

مونس کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے ق لیگ نے تحریری معاہدے کیے تھے، کوشش یہی ہے ہم پی ٹی آئی سے پیار محبت سے چلیں، ق لیگ اب پی ٹی آئی کی کشتی میں سوار ہے، اگر پی ٹی آئی کی کشتی ڈوبے گی تو ہماری بھی ڈوبے گی، پی ٹی آئی نے دوبارہ وعدہ کیا ہے کہ ہم معاہدے پر عمل درآمد کریں گے، ہم حلقے میں جاتے ہیں تو عوام سوال کرتے ہیں، پی ٹی آئی والے لرننگ پراسس سے گزر چکے ہیں، عمران خان کو واضح کہا ہم وزارت میں دل چسپی نہیں رکھتے، کارکردگی نہ دکھا سکے تو وزارتوں کا کوئی فائدہ نہیں۔

انھوں نے عثمان بزدار کی تعریف کرتے ہوئے کہا بزدار صاحب ہمیشہ معاملات صحیح طریقے سے چلانے کی کوشش کرتے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کو اختیارات دیے بغیر گورننس نہیں ہو سکتی، حکومت اور بیوروکریسی میں ہم آہنگی کے بغیر کام نہیں ہوگا، ہم چاہتے ہیں معاملات بہتر ہوں اور کام ہو، کوئی کام نہیں ہو رہا، معاملات پھنسے ہوئے ہیں، وفاق اور صوبے میں ہم آہنگی ہوگی تو کام بہتر اندازمیں ہوگا، کل دوبارہ الیکشن میں اکھٹے جانا ہے تو معاملات حل ہونے چاہئیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں