اسلام آباد : تحریک انصاف نے پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت کے لیے انتظامیہ کو درخواست دے دی، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان 2 جولائی کو جلسے سے خطاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے پریڈ گراؤنڈ میں جلسےکیلئے ضلعی انتظامیہ کو تحریری درخواست دے دی ، درخواست پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر علی نوازاعوان نے جمع کرائی۔
درخواست میں 2 جولائی کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسےکی اجازت مانگی گئی اور کہا گیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان جلسے سے خطاب کریں گے اور جلسےمیں بڑی تعدادمیں لوگ شرکت کریں گے۔
تحریک انصاف کی جانب سے جلسے کیلئے سیکیورٹی انتظامات کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
اس موقع پر سینیٹر فیصل جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کا ہر گزرتا لمحہ عوام اور ان کے ووٹرز پر بھی بھاری ہے، یہ ان کی بھول ہے کہ پاکستانی قوم ان کےحربوں سےڈر جائے گی۔
فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ گیلپ سروے کے مطابق پاکستان کےعوام نئےالیکشن کےحق میں ہیں، سوات سے پی ٹی آئی نے ضمنی الیکشن جیتا جبکہ دوسری طرف تمام پارٹیاں تھیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہفتے کے دن عمران خان پریڈ گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کریں گے ، ہم فیملیز بزرگوں اورنوجوانوں کو جلسے میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں، جمہوریت میں پرامن احتجاج کرنا ہمارا حق ہے۔
امپورٹڈحکومت ملک کوکس طرف لیکرجارہی ہے، الیکشن کی طرف نہ گئے تو بہت دیرہوجائےگی ،عوام کو بہت نقصان ہورہاہے۔