چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنی پارٹی کے سینیٹرز کو ہدایت کی ہے کہ عوام مہنگائی سے مر رہے ہیں ان کی آواز بنیں سینیٹ میں پی ٹی آئی کی مہنگائی مخالف آواز گونجنی چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی سینیٹرز کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹ کےآئندہ اجلاس اور ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔ عمران خان نے اپنے سینیٹرز کو مہنگائی کےخلاف ایوان میں آواز اٹھانےکی ہدایت کی۔
عمران خان نے کہا کہ سیاست میں غیریقینی کی صورتحال ملک کی معیشت کیلئےنقصان دہ ہے غیریقینی کا خاتمہ صرف اورصرف فوری الیکشن سےہی ممکن ہے پی ٹی آئی واحدجماعت ہےجوملک کےمستقبل کیلئےسوچ رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام مہنگائی سے مر رہے ہیں ان کی آواز بنیں سینیٹ میں پی ٹی آئی کی مہنگائی مخالف آواز گونجنی چاہیے۔
سینیٹ میں ملک کو درپیش 4 بڑے چیلنجز کو اٹھایا جائےگا۔ حکومت کی جانب سےسیاسی انتقامی کارروائیوں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔
میڈیا پر کریک ڈاؤن اور صحافیوں کی ہراسگی کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا۔ بدترین معاشی صورتحال، سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں ناکامی کو اجاگر کیا جائے گا۔