اشتہار

پی ڈی ایم سرکار نے بدترین انتقام کے دائرے کو وسیع کیا: ترجمان پی ٹی آئی

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ اقتدار پر قابض رہنے کیلئے ہر قسم کی آئین اور قانون شکنی کا راستہ اختیار کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے جاری کردی بیان میں کہا ہے کہ ملک میں  قانون کی حکمرانی کو عملی طور پر ختم کر دیاگیا، تحریک انصاف  کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مہم کا نشانہ بنایاگیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین کو گرفتاریوں، رہائشگاہوں پر چھاپوں، زیر حراست تشدد کا نشانہ بنایاگیا، چادر چار دیواری کا تقدس پامال کر کے خواتین، بچوں کیخلاف ریاستی جبر کی مثال قائم کی۔

- Advertisement -

پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سمیت سینئر قیادت پر ہزاروں جھوٹے مقدمات کئے گئے، سابق وزیر اعظم پر قاتلانہ حملہ ہوا مگر مقدمے کے آئینی حق سے محروم کیاگیا۔

ترجمان نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کو 9 مئی کو غیر قانونی طور پر عدالتی احاطے سے اغوا کیا گیا، پوری جماعت اور حامیوں کیخلاف فسطائی مہم کا آغازکیا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی کو منصفانہ ٹرائل کے حق سے محروم رکھ کر متنازع فیصلے میں گرفتار کیاگیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل مینوئل میں تفویض حقوق سے بھی محروم کردیا گیا، سیاسی کارکنان، وکلا کو بھی آئین، قانون کی پاسداری کی بات کرنے کی سزادی گئی۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ محض اختلاف رائے پرکئی کئی روز تک حبسِ بے جا میں رکھا گیا، پی ڈی ایم سرکار نے بدترین انتقام کے دائرے کو وسیع کیا، حکمران اتحاد پر تنقید کرنیوالے غیر جانبدار صحافیوں کو بھی  بے رحمی سے نشانہ بنایا۔

 ترجمان کا کہنا تھا کہ متعدد صحافیوں پر حملے کیے گئے، انہیں اغوا کیاگیا دھمکی آمیز فون کالز کیساتھ گھروں پر چھاپے مارے گئے، جلا وطنی پر مجبور کیا گیا، صحافی ارشد شریف کو کینیا جلا وطنی پر مجبور اور نہایت بے رحمی سے قتل کیا گیا۔

ترجمان پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت اور جماعت کو بدنام کرنے کیلئے ریاستی وسائل استعمال کئے گئے، تحریک انصاف کیخلاف گمراہ کن مسخ شدہ حقائق پر مبنی پروپیگنڈا کیا جاتا رہا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں