کراچی کے علاقے قائد آباد میں جھگڑے کے بعد نوجوان عاطف کو جعلی مقابلے میں قتل کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے قائد آباد میں 2 پولیس اہلکاروں نے 8 جولائی کو جھگڑے کے بعد نوجوان عاطف کو جعلی مقابلے میں قتل کردیا تھا، عدالتی احکامات پر پولیس اہلکار اقبال اور بابر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مقدمے کے مطابق عدالت میں پیش کئے گئے شواہد سے نوجوان کا قتل ثابت ہوگیا، 8 جولائی کو اہلکار اقبال اور بابر نے عاطف کو گھر جاتے ہوئے روکا تھا، تلاشی کے دوران عاطف سے تلخ کلامی اور مارپیٹ کی گئی۔
مقدمے کے متن کے مطابق عوام کے سامنے عاطف خان کو موٹر سائیکل پر قبرستان لے جایا گیا، دونوں اہلکاروں نے عاطف کو جعلی مقابلے میں گولیاں ماری، عاطف دو گھنٹے تک تڑپتا رہا لیکن اسے اسپتال نہیں لے جایا گیا۔
مقدمے کے مطابق نوجوان کو گولیاں مارنے کی ویڈیو سامنے آنے پر مقابلہ مشکوک بن گیا جبکہ زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے خون بہنے سے عاطف وہیں دم توڑ گیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق جعلی مقابلے میں نامزد دونوں ملزمان گرفتار ہیں ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔