تازہ ترین

ہم سب مل کر ٹیم پاکستان ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ...

ہمیں ملک کے مفاد میں سخت فیصلے کرنا ہوں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ہمیں...

آزاد ارکان قومی اسمبلی کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت تسلیم

الیکشن کمیشن نے 8 فروری کے عام انتخابات میں...

ملکہ برطانیہ نے پوتے کو خاندان سے الگ کردینے والی بہو کی تعریف کیوں کی؟

لندن: ملکہ برطانیہ، ملکہ الزبتھ نے اپنے پوتے شہزادہ ہیری کے شاہی خاندان سے علیحدگی کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے ہیری کی اہلیہ میگھن مرکل کو قابل فخر قرار دے دیا۔

گزشتہ روز شاہی محل کی جانب سے جاری کردہ ملکہ کے پیغام میں جہاں ہیری، ان کی اہلیہ میگھن مرکل اور بیٹے آرچی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا وہیں ملکہ نے بطور خاص میگھن کا نام لے کر ان کی تعریف کی۔

ملکہ برطانیہ نے لکھا کہ جس تیزی سے میگھن شاہی خاندان میں گھل مل گئیں انہیں اس پر فخر ہے۔

اپنے پیغام میں ملکہ الزبتھ نے کہا کہ کئی ماہ کی بات چیت اور بحث و مباحثے کے بعد ہم نے ایسا حل تلاش کرلیا ہے جو میرے پوتے اور اس کے خاندان کی پسند کے مطابق ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہیری، میگھن اور آرچی ہمیشہ ہمارے خاندان کا ہر دلعزیز حصہ رہیں گے۔ ’مجھے احساس ہے کہ گزشتہ 2 برسوں کے دوران ان دونوں کو سخت چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا اور میں ان کے آزاد زندگی گزارنے کی خواہش کی حمایت کرتی ہوں‘۔

بعد ازاں شاہی محل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں اس بات کی تصدیق کردی گئی کہ ہیری اور میگھن شاہی خاندان سے علیحدگی کے باعث ’ہز اینڈ ہر رائل ہائی نیس‘ کے شاہی القابات استعمال نہیں کرسکیں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ جوڑا کسی قسم کی سرکاری مالی امداد وصول کرنے کا اہل نہیں ہوگا، جبکہ جنوبی لندن میں اپنے گھر کی تزئین و آرائش پر خرچ ہونے والی رقم واپس کرنے کا بھی پابند ہوگا۔ ولی عہد شہزادہ چارلس البتہ اپنے بیٹے اور بہو کو ذاتی طور پر رقم دے سکتے ہیں۔

شاہی محل کے مطابق جوڑا باقاعدہ طور ملکہ کی نمائندگی نہیں کر سکتا تاہم وہ اپنے ہر عمل میں شاہی اقدار کو ملحوظ خاطر رکھیں گے۔

شہزادہ ہیری عسکری طور پر بھی کسی سرگرمی کا مزید حصہ نہیں رہیں گے تاہم جوڑا مختلف فلاحی اداروں سے اپنی وابستگی جاری رکھ سکے گا۔

خیال رہے کہ ولی عہد شہزادہ چارلس اور آنجہانی شہزادی لیڈی ڈیانا کے چھوٹے صاحبزادے شہزادہ ہیری، کچھ عرصہ قبل تک تخت نشینی کی قطار میں چھٹے نمبر پر تھے۔

انہوں نے سنہ 2018 میں امریکی اداکارہ میگھن مرکل سے شادی کی تھی، جوڑے کا ایک بیٹا بھی ہے۔

شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل نے چند روز قبل شاہی خاندان سے علیحدگی اور معاشی طور پر خود مختاری کا فیصلہ کرتے ہوئے شمالی امریکا منتقل ہونے کا عندیہ دیا تھا۔

شاہی جوڑے نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ شاہی پروٹوکول چھوڑ کر عام انسانوں کی طرح زندگی بسر کرنا چاہتے ہیں اور اب وہ مستقبل میں اپنے فلاحی و دیگر کاموں پر توجہ دیں گے۔

Comments

- Advertisement -