اشتہار

کراچی میں بارش، فلائٹ آپریشن متاثر، چھوٹے طیاروں کو پرواز سے روک دیا گیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی میں وقفے وفقے سے جاری بارش اور خراب موسم کے باعث فلائیٹ آپریشن متاثر ہوا ہے جب کہ سی اے اے نے تمام چھوٹے طیاروں کو پرواز سے روک دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں آج صبح سے وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ موسم کی خرابی کے باعث جہاں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائیٹ آپریشن متاثر ہوا ہے وہیں سی اے اے نے تمام ایوی ایشن کمپنیز کو الرٹ جاری کرتے ہوئے چھوٹے طیاروں کو پرواز کرنے سے روک دیا ہے۔

ذرائع سی اے اے کے مطابق سول ایوی ایشن نے تمام ایوی ایشن کمپنیز کو احتیاط کے لیے ہدایت جاری کرتے ہوئے تیز ہواؤں کے باعث چھوٹے طیاروں کو ونگز سے وزن باندھ کر پارک کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ بارش کے دوران سیسنا جیسے چھوٹے طیاروں کو مشکلات ہوتی ہیں۔

- Advertisement -

سی اے اے نے متعلقہ شعبے کو محفوظ فلائٹ آپریشن کے لیے ضروری اقدامات کی بھی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب کراچی میں بارش اور موسم کی خرابی کے باعث جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائیٹ آپریشن بھی متاثر ہوا ہے اور کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق کراچی سے کوئٹہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 310 کی روانگی میں تاخیر ہے اور اب یہ پرواز مقررہ شیڈول دوپہر ایک کے بجائے 2 بج کر 40 منٹ پر متوقع ہے۔

کراچی سے اسلام آباد جانے والی نجی ایئر لائن کی پرواز ER502 کی روانگی میں میں بھی گھنٹوں کی تاخیر ہے۔ مذکورہ پرواز کو دوپہر 2 بجے اڑان بھرنی تھی تاہم اب اس کی روانگی شام 7 بجے متوقع ہے۔ اسی طرح کراچی سے لاہور جانے والی نجی ایئر لائن کی پرواز PA402 بھی مقررہ شیڈول کے مطابق دوپہر 12 بجے اڑان نہ بھر سکی اب اس کو رات 8 بجے شیڈول کیا گیا ہے۔

پروازوں کی کئی کئی گھنٹے کی تاخیر کے باعث ایئرپورٹ پر مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں