اسلام آباد: آج ملک کے مختلف شہر بالائی سندھ، مشرقی بلوچستان، جی بی، کشمیر، کے پی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں مون سون کا دھواں دھار اسپیل جاری ہے، گزشتہ روز لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں بادل کھل کر برسے جبکہ کراچی میں رات گئے بوندا باندی سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کی ہوائیں بلوچستان میں داخل ہوگئیں جس کے بعد شمالی مشرقی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات نے اس سال بلوچستان میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی سندھ، مشرقی بلوچستان، جی بی، کشمیر، کے پی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ شمال مشرقی بلوچستان، بالائی کے پی، خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود، تیز ہواؤں اور گرج چمک سے بارش کا امکان ہے، اسلام آباد میں بعض مقاما ت پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ بالاکوٹ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، مالاکنڈ، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بٹگرام، ہری پور، صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، ہنگو، کرک، ٹانک، خیبر، مہمند، باجوڑ، کرم، لکی مروت، وزیرستان، بنوں، ڈی آئی خان، مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، چکوال، اٹک، گجرات میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔