کراچی: رینجرز اور کسٹمز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کے دوران نان کسٹمز پیڈ اشیا کی اسمگلنگ میں ملوث 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق رینجر ز اور کسٹمز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر سندھ بلوچستان بارڈر پر واقع حب چیک پوسٹ، حب ریور روڈ، اتحاد ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن منگھو پیر اور پیر آباد پختون مارکیٹ بنارس کے علاقوں میں مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدار میں کروڑوں مالیت کی نان کسٹم پیڈ اشیاء برآمد کرلی ہیں۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ بس اور ٹرک کے خفیہ خانوں سے کروڑوں کا سامان برآمد کیا گیا، سامان کو بسوں اور ٹرکوں کے خفیہ خانوں میں چھپایا ہوا تھا اور بلوچستان سے کراچی اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ برآمد اشیاء میں کپڑا، سگریٹ، ایرانی ڈیزل، الیکٹرک آئٹمز، انجن ائل، مختلف اقسام کے کاسمیٹکس کا سامان، واشنگ پاوڈر، چھالیہ، لیپ ٹاپ، خشک دودھ، چاکلیٹ، ٹافیاں، ٹائرز، چائنہ نمک، روز مرہ استعمال کا سامان اور مختلف نوعیت کی اشیاء خوردنوش شامل ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان اور برآمد شدہ نان کسٹم پیڈ اشیاء کو مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کر د ی گئی ہیں۔