پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

بیٹے کی پیدائش کے لیے منتیں مانگیں، اداکارہ ریما

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاکستان کی معروف اداکارہ ریما نے کہا ہے کہ بیٹے کی پیدائش کے لیے منتیں مانگیں جنہیں پورا کرنے کے لیے دو سال کا عرصہ لگے گا۔

اے آر وائی کے پروگرام گڈمارننگ پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ ریما نے کہا کہ بیٹیاں بہت پیاری ہوتی ہیں تاہم گھر میں مجھ سمیت چار بہنیں اور پھر بہنوں کی بیٹیوں کی پیدائش کی وجہ سے بیٹے کی شدید خواہش تھی۔

انہوں نے کہا کہ بیٹیاں بہت اچھی ہوتی ہیں اور اُن کے بغیر خاندان مکمل نہیں ہوسکتا، اس لیے میری خواہش ہے کہ اب میری بیٹی پیدا ہو تاکہ ہمارا گھرانہ مکمل ہوسکے۔

فلم اسٹار ریما نے کہا کہ زچگی کے دوران بہت نروس تھی تاہم والدہ کے مشورے پر سورۃ محمد اور سورۃ یوسف کی باقاعدگی سے تلاوت کرتی تھی کیونکہ سورۃ محمد پڑھنے سے خواہش کے مطابق اولاد کی پیدائش ہوتی ہے اور سورۃ یوسف پڑھنے سے بچہ خوبصورت پیدا ہوتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بیٹے کی پیدائش کے بعد سب سے بڑا مسئلہ نام رکھنے کا تھا، بہت سارے لوگوں نے مشورے دیا تو قرعہ اندازی کا فیصلہ کیا گیا، پرچی میں اذلان کا نام سامنے آیا۔ جس کا مطلب مدد کرنے والا شیر کے ہیں اور یہ ترک نام ہے۔

مکمل انٹرویو دیکھیں

ریما نے کہا کہ شروع سے ہی منت مانگی تھی کہ اگر لڑکا پیدا ہوا تو اُس کے نام کے ساتھ محمد لگاؤں گی اس لیے بیٹے کا نام اذلان محمد سید شہاب رکھا، بیٹے کی پیدائش کے لیے اتنی منتیں مانگیں کہ انہیں پورا کرنے کے لیے دو سال کا عرصہ لگ سکتا ہے۔

اداکارہ نے شادی شدہ خواتین کو مشورہ دیا کہ اگر شوہر کی جانب سے شک والی کوئی بات کی جائے تب بھی نہ کریں بلکہ اُن پر اعتبار کو اُسی طرح برقرار رکھیں تاکہ آپ کی زندگی اچھی طرح گزر سکے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ آج تک بیٹے کی تصاویر سوشل میڈیا پر اس لیے نہیں شیئر کیں کہ بچوں کو نظر لگ جاتی ہے تاہم ایک اور بات یہ ہے کہ اُس کے ذہن میں ابھی سے یہ نہ بیٹھ جائے کہ وہ بڑی شخصیت کا بیٹا ہے تاہم آج میں اُس کی نماز پڑھنے کی تصاویر شیئر کرنا چاہوں گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں