تازہ ترین

عدالت سے وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا کو بڑا ریلیف

اسلام آباد: ہائی کورٹ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختون خواہ محمود خان کے خلاف تھانہ ترنول میں درج تینوں مقدمات خارج کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی لانگ مارچ اور توڑ پھوڑ سے متعلق کیس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان کو بڑا ریلیف دے دیا ہے۔

کیس کی سماعت جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کی، درخواست گزار کے وکیل شاہ خاور ایڈووکیٹ اور بیرسٹر قاسم نواز عباسی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ پولیس نے سیاسی بنیادوں پر مقدمہ درج کیا، اسے خارج کرنے کا حکم دیا جائے۔

عدالت نے پولیس سے استفسار کیا کہ کیا کوئی ٹرانسکرپٹ ہے، یا دوران تفتیش درخواست گزار کی موقع پر موجودگی کا کوئی ثبوت ملا؟

پولیس کی جانب سے درخواست گزار کے موقع پر موجودگی کے ثبوت سے انکار پر عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد محمود خان کے خلاف تھانہ ترنول میں درج تینوں مقدمات خارج کر دیے۔

Comments

- Advertisement -