تازہ ترین

پیر چناسی میں برف باری میں پھنسے سیاحوں کے لیے ریسکیو آپریشن جاری

مظفرآباد: آزاد کشمیر کے سیاحتی مقام پیر چناسی میں شدید برف باری میں سیاحوں کی گاڑیاں پھنس گئی ہیں، جن کے لیے ریسکیو آپریشن کل رات سے جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق مظفر آباد میں مشہور سیاحتی مقام پیر چناسی پر برف باری کی وجہ سے سیاحوں کی گاڑیاں پھنس گئی ہیں، جنھیں ریسکیو کیا جا رہا ہے۔ ضلعی مجسٹریٹ کے مطابق 200 سے زیادہ سیاحوں کو گاڑیوں سے نکال کر ہوٹلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، گاڑیوں کو نکالنے کا عمل آج جمعہ کو بھی شروع کیا جائے گا۔

پولیس ذرائع کے مطابق شدید برف باری کے باعث سڑک پر پھسلن کے نتیجے میں سیاحوں کی 30 گاڑیاں پھنسنے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں، اطلاع ملتے ہی سیاحوں کو ریسکیو کرنے کے لیے مظفر آباد سے ریسکیو 1122 اور پولیس کو روانہ کیا گیا۔

پولیس کے مطابق پیر چناسی میں برف ہٹانے کے لیے صرف چین والی مشینری ہی دستیاب ہے۔

ادھر گلیات میں بھی برف باری کے باعث انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے، ایبٹ آباد پولیس سیاحوں کی خدمت میں پیش پیش ہے، ڈی پی او عمر طفیل کی خصوصی ہدایت پر پولیس اہل کاروں نے نتھیا گلی، ایوبیہ، ڈونگا گلی میں برف باری کے باعث گاڑیوں میں محصور سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

مری، گلیات میں برف باری شروع، پچھلے برس 23 سیاحوں کی ہلاکت کے خوف کی بازگشت

پولیس اہل کاروں نے برفباری میں پھنسی گاڑیوں کو بھی نکال کر ٹریفک کو رواں رکھا، دوسری طرف سوات میں آج دوسرے روز بھی بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

Comments

- Advertisement -