23.5 C
Dublin
ہفتہ, مئی 11, 2024
اشتہار

کورونا مریضوں کے لیے حوصلہ افزا تحقیق

اشتہار

حیرت انگیز

خلیجی ملک قطر میں ہونے والی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کا شکار ہونے اور صحت یابی کے بعد دوبارہ وائرس لگنے کا خطرہ بہت کم ہوجاتا ہے۔

طبی تحقیق کے مطابق عالمی کورونا وبا کو شکست دینے کے بعد دوبارہ اس وائرس کی منتقلی کا خطرہ کافی حد تک ٹل جاتا ہے پھر بھی اگر کووڈ 19 سے دوسری بار بیمار ہوجائیں تواسپتال میں داخلے یا موت کا امکان پہلی بار کی بیماری کے مقابلے میں 90 فیصد تک کم ہوتا ہے۔

یہ مشاہدہ کورونا سے متاثر ہونے والے 3 لاکھ 53 ہزار سے زائد افراد پر کیا گیا جس کے بعد مذکورہ بالا نتیجہ سامنے آیا، ماہرین نے فروری 2020 سے اپریل 2021 کے دوران کووڈ سے متاثر ہونے والے افراد کے ریکارڈز کا موازنہ کیا۔

- Advertisement -

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو

تجربے کے دوران محققین نے ویکسین یافتہ افراد کو ہٹا دیا جبکہ باقی بج جانے والے افراد میں 1304 ری انفیکشن کیسز سامنے آئے، دوبارہ بیماری میں اوسطاً 9 ماہ کا وقفہ ریکارڈ کیا گیا، دوسری بار کورونا سے متاثر ہونے والے محض 4 افراد کو زیادہ بیمار ہونے پر اسپتال میں داخل کرایا گیا جبکہ کوئی بھی فرد اتنا بیمار نہیں ہوا کہ اسے آئی سی یو میں داخل کرایا جاتا۔

تحقیق میں یہ بھی دیکھا گیا کہ پہلی بار بیمار ہونے پر 28 مریضوں کی حالت نازک قرار دی گئی اور انہیں آئی سی یو میں داخل کرایا گیا تھا جبکہ ری انفیکشن گروپ میں کوئی ہلاک نہیں ہوا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اتنے لوگوں میں صرف تیرہ سو ری انفیکشنز کیسز رپورٹ ہونا اور محض 4 کیسز میں بیماری کی شدت کا دیکھا جانا حیران کن ہے، تمام مریض ایلفا اور بیٹا کورونا اقسام کے تھے اس میں ڈیلٹا شامل نہیں تھا۔

اس سے قبل سابقہ تحقیقی رپورٹس میں بھی یہ بات سامنے آئی تھی کہ بیماری سے بننے والی قدرتی مدافعت دوبارہ بیماری کا خطرہ کم کرتی ہے۔

خیال رہے کہ قطر میں ہونے والی تحقیق کے نتائج طبی جریدے نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسین میں شائع ہوئے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں