کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 15 میں شہریوں نے ڈاکو کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جس کے باعث وہ ہلاک ہوگیا۔
تین مسلح ڈاکو مزدور بن کر واردات کیلیے ایک گھر میں داخلے ہوئے تھے۔ گھر میں موجود افراد نے شور مچایا تو دو ڈاکو فرار ہوگئے جبکہ ایک کو شہریوں نے پکڑ لیا۔
پولیس کے مطابق عوام کے تشدد سے ڈاکو ہلاک ہوگیا، تینوں ملزمان کے پاس اسلحہ موجود تھا، ملزمان مزدور کا روپ دھار کر گھر میں ڈکیتی کرنے گھسے تھے۔
پولیس کے موقع پر پہنچ کر ہلاک ملزم کی لاش اسپتال منتقل کر دی۔
چند روز قبل کراچی کے علاقے واٹر پمپ کے قریب ڈاکوؤں نے تاجر سے 35 آئی فون چھین لیے تھے۔ متاثرہ تاجر کراچی سے رحیم یار خان موبائل فون لے کر جا رہا تھا۔
صدر الیکٹرونکس مارکیٹ محمد رضوان عرفان نے بتایا تھا کہ تاجر صدر موبائل مارکیٹ سے 35 آئی فون لے کر نکلا تھا، ملزمان 60 لاکھ سے زائد مالیت کے موبائل فون لے گئے۔
رضوان عرفان کا کہنا تھا کہ متاثرہ تاجر کراچی سے رحیم یار خان موبائل فون لے کر جا رہا تھا، تاجر سے اس نوعیت کی 15 سے زائدوارداتیں ہو چکی ہیں۔
انہوں نے تصدیق کی تھی کہ سمن آباد تھانے میں واقعے کا مقدمہ درج کروا رہے ہیں۔
تاجروں سے موبائل چھیننے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ رواں سال کے آغاز میں گلشن معمار کے علاقے Z-2 میں واقع ایک دکان سے ڈاکوؤں نے نقدی اور ڈبے سے بھرے موبائل فون لوٹ لیے تھے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی تھی جس میں مسلح ڈاکو گاہکوں کے بھیس میں دکان پر آتے اور لاکھوں مالیت کی نقدی، سامان لوٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔