منگل, ستمبر 17, 2024
اشتہار

روس نے خارکیف پر اسکندر میزائل داغ دیے

اشتہار

حیرت انگیز

ماسکو: روس نے یوکرین کے شہر خارکیف پر بڑا فضائی حملہ کر دیا، جس میں 41 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین کے دوسرے بڑے شہر خارکیف پر روسی فضائی حملے میں 7 بچوں سمیت اکتالیس افراد زخمی ہو گئے ہیں، حملے میں کئی عمارتیں تباہ ہو گئیں، جن میں ایک سپر مارکیٹ اور ایک اسپورٹس کمپلیکس بھی شامل ہے۔

روئٹرز اور الجزیرہ کے مطابق حملہ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوا، جس علاقے کو نشانہ بنایا گیا وہ روس کی سرحد سے زیادہ دور نہیں ہے۔

- Advertisement -

مقامی میئر اور پراسیکیوٹر جنرل نے میڈیا کو بتایا کہ سالٹیوِسکی اور نمشلیانسکی اضلاع پر میزائل داغے گئے، اور حملے میں اسکندر میزائل استعمال کیے گئے جن کی تعداد 10 تھی۔

یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ روس ایک بار پھر خارکیف کو دہشت زدہ کر رہا ہے، ماسکو جان بوجھ کر شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنا رہا ہے۔

حملے کے بعد صدر زیلنسکی نے یوکرین کے مغربی اتحادیوں پر ایک بار پھر زور دیا کہ وہ اسے ان کے دیے ہوئے ہتھیار روس کے اندر گہرے اہداف پر استعمال کرنے کی اجازت دیں، اسی طرح ہی روسی خطرہ مؤثر طریقے سے کم ہو سکتا ہے۔

روس نے حملے سے چند گھنٹے قبل ایک بیان میں کہا تھا کہ اس نے اپنی سرزمین پر 150سے زیادہ یوکرینی ڈرونز کو روکا، جو ایک بڑے حملے کا حصہ تھا۔ ماسکو نے شہریوں کو نشانہ بنانے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کے توانائی کے نظام کو نقصان پہنچانا ایک جائز فوجی ہدف ہے۔ دوسری طرف زیلنسکی نے دعویٰ کیا ہے کہ صرف گزشتہ ہفتے ہی روس نے یوکرین بھر کے شہروں اور فورسز کے خلاف 160 میزائل، 780 گائیڈڈ فضائی بم اور 400 ڈرون استعمال کیے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں